پرو ہاکی لیگ قومی ٹیم کی باگ ڈور علی شان کو سونپ دی گئی

18 رکنی اسکواڈ کا اعلان ، ورلڈ کپ میں حصہ لینے والے 12 پلیئرز باہر۔


Express News/Sports Reporter January 20, 2019
بہترین دستیاب نوجوانوں کا چناؤ کیا، فوری نتائج کی توقع نہیں رکھنی چاہیے، چیف سلیکٹر۔ فوٹو: فائل

پروہاکی لیگ کے لیے18 رکنی پاکستانی ٹیم کا اعلان کردیا گیا ہے جب کہ علی شان کو ٹیم کی باگ ڈور سونپ دی گئی ہے۔

ہاکی ورلڈ کپ کے بعد پاکستان ٹیم کو پرو لیگ کی صورت میں نئے چیلنج کا سامنا ہے، فنڈز کی کمی کے باوجود پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ٹیم کو پرولیگ میں بھجوانے کا فیصلہ کیا ہے جس کے لیے ٹیم پلیئرز اور آفیشلز کے ارجنٹائن کے ویزوں کی درخواستیں بھی دے گئی ہیں تاہم فنڈز کی کمی کو جواز بنا کر ٹیم ڈاکٹر اور ویڈیو اینالسٹ اسکواڈ کے ساتھ بیرون ملک نہیں جائیں گے۔

چیف سلیکٹر اصلاح الدین، قاسم خان، ایاز محمود نے دو روزہ ٹرائلز کے بعد اسکواڈ کا انتخاب کیا۔ نیشنل ہاکی اسٹیڈیم کی ٹرف ٹو پر ہونے والے ٹرائلز کے آخری روز صدر پی ایچ ایف خالد سجاد کھوکھر نے بھی کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔

علی شان قومی ٹیم کی کپتانی کے فرائض انجام دیں گے، پرو ہاکی لیگ کے لیے اعلان کردہ کھلاڑیوں میں وقاراحمد، امجد علی،علیم بلال، مبشر علی، رضوان علی، امجد علی خان، ابوبکر محمود، معین شکیل، اظفر یعقوب، فیصل قادر، رضوان علی، عاطف مشتاق، عتیق ارشد، رانا وحید، جنید منظور، عضنفر علی، علی عزیز اور شان ارشادشامل ہیں۔

ادھر چیف سلیکٹر اصلاح الدین کا کہنا ہے کہ ورلڈکپ کے بعد اب نئی ٹیم تیار کررہے ہیں، دستیاب بہترین نوجوان کھلاڑیوں کا انتخاب کیا ہے جن سے فوری نتائج کی توقع نہیں رکھنی چاہیے، ہمیں توقعات کے مطابق نتائج کے لیے تھوڑا صبر سے کام لینا ہوگا۔

نیشنل ہاکی اسٹیڈیم لاہور میں قومی ٹیم کا اعلان کرتے ہوئے چیف سلیکٹر کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ کا حصہ بننے والے 12کھلاڑی اب اسکواڈ کا حصہ نہیں ہیں تاہم ان پلیئرز کے لیے قومی ٹیم کے دروازے بند نہیں ہوئے، سینئر کھلاڑی فارم اور فٹنس ثابت کر کے مستقبل میں بھی ٹیم کا حصہ بن سکتے ہیں۔

چیف سلیکٹر نے واضح کیاکہ لیگ کے دوران ٹیم مینجمنٹ میچ ٹو میچ کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لیں گے، عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرنے والے پلیئرز کے لیے وطن واپسی کی آپشن ہر وقت موجود ہوگا۔

پرو ہاکی لیگ میں قومی ٹیم ارجنٹائن کے خلاف 2 فروری کو پہلا میچ کھیلے گی۔ پہلے مرحلے میں پاکستانی ٹیم کے ارجنٹائن، نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے ساتھ مجموعی طور پر 6 میچز ہیں جبکہ دوسرے مرحلے میں گرین شرٹس کو10 مزید میچز کھیلنا ہوں گے۔

قومی ہاکی ٹیم27 جنوری کو روانہ ہوگی، ٹیم مینجمنٹ میں ہیڈکوچ مینجر سعید خان، کوچز ریحان بٹ اور دانش کلیم ساتھ جارہے ہیں۔ فنڈز کی کمی کو جواز بناکر ویڈیو اینالسٹ ندیم لودھی اور فزیو وقاص احمد کو ڈراپ کردیا گیا ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں