نیب کا تعلق کسی سیاسی جماعت سے نہیں ریاست پاکستان سے ہے چیئرمین نیب

جہاں کیس بنتا ہوگا وہاں بغیر کسی خوف اور دباؤ کے میرٹ پر کیس بنائیں گے، جسٹس(ر) جاوید اقبال


January 23, 2019
جہاں کیس بنتا ہوگا وہاں بغیر کسی خوف اور دباؤ کے میرٹ پر کیس بنائیں گے، جسٹس(ر) جاوید اقبال

لاہور: چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کا کہنا ہے کہ نیب کا تعلق کسی سیاسی پارٹی سے نہیں نیب کی وابستگی صرف اور صرف ریاست پاکستان سے ہے۔

قومی احتساب بیورو (نیب) چیئرمین جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے نیب لاہور کا دورہ کیا، ڈی جی نیب لاہور شہزاد سلیم نے ان کو میگا کرپشن مقدمات میں اب تک کی پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دی۔ جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے ڈی جی نیب لاہور شہزاد سلیم کی سربراہی میں نیب لاہور کی کارکردگی کو بھرپور سراہا۔

بعدازاں چیئرمین نیب نے لاہور کے تفتیشی افسران و پراسیکیوٹرز سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نیب آئین اور قانون کےمطابق فرائض سرانجام دے رہا ہے، نیب تفتیشی افسران بدعنوان عناصر کے خلاف قانون کے مطابق اور ٹھوس شواہد کی بنیاد پر تحقیقات کو منطقی انجام تک پہنچائیں، نیب کا تعلق کسی سیاسی پارٹی سے نہیں نیب کی وابستگی صرف اور صرف ریاست پاکستان سے ہے ۔

چیئرمین نیب نے کہا کہ نیب کا مقصد بدعنوان عناصر سے لوٹی گئی قومی دولت کی برآمدگی، اسے قومی خزانے میں جمع کروانا اور بدعنوان عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کرنا ہے، نیب ہر شخص کی عزت نفس کا خیال رکھنے پر یقین رکھتا ہے جب کہ نیب حوالات میں ملزمان کو جیل مینول سے زائد سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیب کسی قسم کے تشدد پر یقین نہیں رکھتا، وائٹ کالر کرائمز میں تحقیقات قانون کے مطابق ٹھوس شواہد پر مبنی ہوتی ہیں جن کے لیے نیب کے تفتیشی افسران کو باقاعدہ کورسز کروائے جاتے ہیں۔

جسٹس ریٹارئرڈ جاوید اقبال نے کہا جہاں قانون کے مطابق کیس بنتا ہوگا وہاں کسی خوف اور دباؤ کی پروا کیے بغیر میرٹ پر کیس بنائیں گے اور جہاں کیس نہیں بنتا اسے قانون کے مطابق بند کر دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نیب کے ہر ریجن میں علیحدہ طور پر شکایت سیل قائم کر دیئے گئے ہیں جہاں پر شکایت کنندگان کی شکایات 2 سے 3 بجے کے دوران روزانہ کی بنیاد پر متعلقہ ڈائریکٹر اور ان کا اسٹاف سنے گا، نیب نے ملکی تاریخ کے سب سے بڑے جعلیاکاونٹس کیس کی تحقیقات کا قانون کے مطابق آغاز کر دیا ہے، جعلی اکاونٹس کیس کی نیب کو منتقلی معزز سپریم کورٹ آف پاکستان کے نیب پر اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں