آئی ایم ایف کے پیچھے چھپنے کے بجائے بہتر فیصلہ کریں گے اسد عمر

منی بجٹ کا آئی ایم ایف کی شرائط سے کوئی تعلق نہیں، وزیر خزانہ


ویب ڈیسک January 24, 2019
آئی ایم ایف کی جانب سے آج صبح بھی پیغام آیا، اسد عمر فوٹو:فائل

ISLAMABAD: وزیرخزانہ اسد عمر نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کی جانب سے آج صبح بھی پیغام آیا ہے لیکن آئی ایم ایف کے پیچھے چھپنے کے بجائے بہتر فیصلہ کریں گے۔

اسلام آباد میں وزیرخزانہ اسد عمر نے مشیر تجارت رزاق داؤد اوروزیرمملکت حماد اظہر کے ہمراہ سینئرصحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں اس بات کو نہیں مانتا کہ حکومت کی کاروبارمیں کوئی مداخلت نہیں ہونا چاہیے، جو کاروبار کرنا چاہتا ہے ضرور کرے لیکن حکومت کسی چورکو چوری نہیں کرنے دے گی۔

اسد عمر کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کی جانب سے آج صبح بھی پیغام آیا ، آئی ایم ایف کے پیچھے چھپنے کے بجائے ملکی معیشت کے لیے جو بہترہوا وہی فیصلہ کریں گے۔

روپے کی قدر میں کمی آئی ایم ایف کی شرائط پر کرنے سے متعلق سوال کے جواب میں اسد عمر نے کہا کہ فنانس بل کا آئی ایم ایف کی شرائط سے کوئی تعلق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کے چھوٹے تاجروں پر سالانہ فکس ٹیکس پر ایف بی آر کومشکل سے منایا، فکس شرح پر تاجروں سے مذاکرات بھی جاری ہیں۔

عبدالرزاق داؤد نے بتایا کہ چین اور روس کی کمپنیاں پاکستان پاکستان اسٹیل مل میں دلچسپی رکھتی ہیں، اس کی نجکاری کے لیے ایک اہل کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، ہماری کوشش ہے کہ اسٹیل مل کسی طرح چل جائے، تجویز ہے کہ 25 سے 50 سال تک سرمایہ کاری حکومت کے بجائے وہی کمپنی کرے، جو بھی کمپنی آئے گی وہ مقامی کوئلہ اور لوہا استعمال کرے گی۔ اسد عمر نے کہا کہ پاکستان اسٹیل مل سے تین ارب ٹن سالانہ اسٹیل بنائیں گے۔

حماد اظہر نے کہا کہ دو لاکھ افراد کے آف شورڈیٹا تک رسائی حاصل کی ہے، ایف بی آر کے ڈیٹا کو آپس میں ملانے کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں، محکمے میں تمام خامیاں دور کرکے اصلاحات کی جارہی ہیں، اس کے قوانین میں تبدیلی سے آف شوراثاثے ایک ہفتے میں ضبط کر سکتے ہیں، پہلے آف شور اثاثے ضبط کرنے میں دو سال سے زائد کا عرصہ لگ جاتا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں