پولیس واٹس ایپ نمبرپر غیر ضروری پیغامات 9 ہزارمیں سے 342 شکایات درست نکلیں

6 ہزار460 شکایات ذاتی مسائل سے متعلق تھیں، 23 شکایات تحقیقات کے بعد جھوٹی ثابت ہوئیں


Raheel Salman January 28, 2019
77 شکایات محکمہ پولیس کیخلاف تھیں جن میں پولیس اہلکاروں کی جانب سے تضحیک و ناروا سلوک ،مقدمہ درج نہ کرنا،علاقے میں گشت کم کرنا اوردیگرشکایات شامل تھیں (فوٹو: فائل)

شہریوں کی سہولت کے لیے شکایات کے اندراج کے لیے کراچی پولیس کی جانب سے جاری واٹس ایپ نمبر پر غیر ضروری شکایات کا انبار لگ گیا۔

ڈیڑھ ماہ کے دوران 9 ہزار سے زائد موصول ہونے والے شکایات میں سے محض 342 شکایات درست نکلیں جن پر ٹھوس بنیادوں پرکام کرتے ہوئے انھیں حل کیا گیا جبکہ 23 شکایات تحقیقات کے بعد جھوٹی ثابت ہوئیں ،تفصیلات کے مطابق گزشتہ برس کے اختتام پر کراچی پولیس کی جانب سے شہریوں کی سہولت کے لیے واٹس ایپ نمبر 0343-5142770 جاری کیا گیا تھا جس سے متعلق کہا گیا تھا کہ شہری اپنی شکایات مذکورہ نمبر پر واٹس ایپ کرسکتے ہیں جس پر فوری ایکشن لیا جائے گا۔

یکم دسمبر سے 15جنوری تک ڈیڑھ ماہ کی کارکردگی کا بغور جائزہ لیا گیا تو معلوم ہوا واٹس ایپ نمبر پر غیر ضروری شکایات کا انبار لگا ہوا ہے اور اس دوران 9 ہزار 138 میسجزشہریوں کی جانب سے بھیجے گئے ، ماہ دسمبر میں مذکورہ نمبر پر 6 ہزار 663 میسجز موصول ہوئے جن کی جانچ پڑتال کی گئی تو اس میں سے محض 203 میسجز ٹھوس شکایات ثابت ہوئیںاوران پرکارروائی کرتے ہوئے انھیںحل کیاگیا،6 ہزار460 میسجز میں شہریوں نے ذاتی نوعیت کے مسائل کے بارے میں بلدیاتی مسائل کے بارے میں آگاہ کیا توکسی نے یوٹیلٹیز کی عدم دستیابی کے بارے میں بتایا جبکہ اس میں سے کچھ پولیس کی کارکردگی پر اظہار ستائش کے بھی میسجز موصول ہوئے۔

203 شکایات میں سے 126 ایسی شکایات تھیںجوشہریوںنے مختلف تنازعات کی بنیاد پر ایک دوسرے کے خلاف بھیجیں جن میں سے 77 شکایات خود محکمہ پولیس کے خلاف تھیں جن میں پولیس اہلکاروں کی جانب سے تضحیک و ناروا سلوک ، مقدمہ درج نہ کرنا ، علاقے میں گشت کم کرنا اور دیگر شکایات شامل تھیں ، ان میں سے 26 شکایات پر مقدمات بھی درج کیے گئے جبکہ باقی کی انکوائریز ابھی تک جاری ہیں ، انکوائری رپورٹ موصول ہونے کے بعد اس کی روشنی میں مزید کارروائی کی جائے گی۔

موصول ہونے والی 18 شکایات انکوائری کے بعد غلط ثابت ہوئیں ، اسی طرح ماہ جنوری کے وسط تک 2 ہزار 475 میسجز موصول ہوئے جن میں سے 2 ہزار 336 متفرق تھے جن پر کسی قسم کی کوئی کارروائی نہیں بنتی تھی ، 139 شکایات میں سے 47 شکایات پولیس کے خلاف تھیں جبکہ 92 شکایات مختلف افراد و شخصیات کے خلاف تھیں ، 92 میں سے 5 شکایات جھوٹی ثابت ہوئیں ، ان تمام پر کارروائی کرتے ہوئے 8 مقدمات درج کیے گئے ،کراچی پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ مذکورہ نمبر خود شہریوں کی سہولت کے لیے ہی جاری کیا گیا ہے تاکہ شہری بلاخوف و خطر اپنے مسائل سے آگاہ کرسکیں لیکن اس طرح غیر ضروری میسجز بھیج کر ان کی انکوائری سے نہ صرف پولیس کی توانائیاں بلاضرورت خرچ ہوتی ہیں بلکہ جو حقیقی مسائل ہوتے ہیں وہ بھی نظرانداز ہوجاتے ہیں،لہٰذا شہریوں سے اپیل ہے کہ وہ غیر ضروری میسجز بھیجنے سے گریز کریں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں