AHMEDABAD, INDIA:
وفاقی حکومت نے ریئل اسٹیٹ سیکٹرکے گردگھیرا تنگ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
وزارت ہائوسنگ نے صارفین کے تحفظ کو قانونی شکل دینے کیلیے مجوزہ ڈرافٹ تیار کرلیا، ریئل اسٹیٹ منصوبے کی رجسٹریشن کے بغیر کوئی پروموٹر پلاٹ، اپارٹمنٹ، بلڈنگ کی فروخت کے اشتہار کا اجرا یا خریدوفروخت نہیں کرسکے گا، سیل ایگری منٹ کے بغیرکوئی پروموٹربھی کسی پلاٹ، اپارٹمنٹ یا بلڈنگ کی قیمت کے10فیصدسے زیادہ رقم لینے کا مجازنہیں ہوگا۔
ہاؤسنگ سیکٹرکو ریگولیٹ کرنے کے سلسلے میں اسٹیک ہولڈرزسے مشاورت پر ایکسپریس نے وزیراعظم کی ہاؤسنگ پر ٹاسک فورس کے چیئرمین سے رابطہ کرنے کی کوشش کی لیکن کامیابی نہیں ہوسکی۔
ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے ریئل اسٹیٹ سیکٹر کو ریگولیٹ اور پروموٹ کرنے کے لیے ریئل اسٹیٹ ریگولیٹری اتھارٹی (ریرا ) کے قیام کے بل کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔
ریئل اسٹیٹ ریگولیٹری اتھارٹی کے قیام کا مقصد ریئل اسٹیٹ سیکٹر کو ریگولیٹ کرنا اورفروغ دینا، اس کے علاوہ صارفین کے مفادات کا تحفظ کرنے کیلیے ریئل اسٹیٹ سیکٹرکے منصوبوں میں شفافیت کو یقینی بنانا بھی اس اتھارٹی کے دائرہ اختیار میں ہوگا۔
ریئل اسٹیٹ ایجنٹس کی اتھارٹی سے رجسٹریشن کو لازمی قراردیا جائے گا، ہر ریئل اسٹیٹ ایجنٹ کو ایک رجسٹریشن نمبر دیا جائے گا جس کا ہر قسم کی پراپرٹی کی خریدوفروخت میں حوالہ دیا جائے گا۔