سرفراز احمد کو ورلڈ کپ تک کپتان برقرار رکھا جائے

سابق صدر کے سی سی اے پروفیسر اعجاز احمد فاروقی کی گفتگو


Express Report February 03, 2019
بورڈ ہر سیریز سے قبل اسکواڈ اور کپتان کے انتخاب کی پالیسی پر عمل پیرا ہے ایکسپریس رپورٹ

WASHINGTON: سابق صدر کے سی سی اے پروفیسر اعجاز احمد فاروقی انٹرنیشنل اور ڈومیسٹک کرکٹ کے معاملات پر گہری نظر رکھتے ہیں، وہ پی سی بی گورننگ بورڈ کے رکن بھی رہ چکے،ان کی سرپرستی اور رہنمائی میں اپنا کھیل نکھارنے والے کئی کرکٹرز قومی ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے۔

''ایکسپریس'' کے ساتھ ایک نشست میں ان کا کہنا تھا کہ پی سی بی کی جانب سے ورلڈ کپ کیلیے قومی ٹیم کے کپتان کا فیصلہ پی ایس ایل کے بعد کرنے کا بیان سامنے آیا ہے، مزید یہ بھی کہا گیا کہ بورڈ ہر سیریز سے قبل اسکواڈ اور کپتان کے انتخاب کی پالیسی پر عمل پیرا ہے، یہ بیان مجھ سمیت کرکٹ شائقین کیلئے بہت حیران کن تھا کیونکہ چند ہفتے قبل ہی چئیرمین پی سی بی احسان مانی نے سرفراز احمد کو ورلڈ کپ تک کپتان برقرار رکھنے کا اعلان کیا تھا، پروفیسر اعجاز فاروقی نے کہا کہ پی سی بی کی جانب سے دیے جانے والے اس بیان نے پاکستان کرکٹ کو غیر یقینی صورتحال سے دوچار کردیا ہے،میں ظہیرعباس اور وسیم اکرم کے بیانات کا خیر مقدم کرتا ہوں جنھوں نے کرکٹ فہمی کا ثبوت دیتے ہوئے سرفراز احمد کو ورلڈ کپ تک کپتان برقرار رکھنے پر زور دیا ہے، دونوں عظیم کرکٹرز نے تمام خدشات کو ختم کرنے کیلئے اس کا فوری اعلان کرنے کا بھی مشورہ دیا ہے۔

پروفیسر اعجاز فاروقی نے کہا کہ میں ظہیرعباس اور وسیم اکرم کی بھر پور تائید کرتے ہوئے پی سی بی کو مخلصانہ مشورہ دینا چاہتا ہوں کہ وہ سرفراز احمد کو فی الفور ورلڈ کپ تک کپتان مقرر کردے، اگر پی ایس ایل کے بعد یہ اعلان کیا گیا تو پاکستان کرکٹ کی غیر یقینی صورتحال ختم نہیں ہو پائے گی،لیگ کے بعد پاکستان کو یو اے ای میں ہی آسٹریلیا سے سیریز کھیلنا اور پھر انگلینڈ روانہ ہونا ہے جہاں میزبان ٹیم کے خلاف ون ڈے سیریز کے بعد ورلڈ کپ کی مہم شروع ہوجائے گی، ہمارے پاس اتنا وقت نہیں ہے کہ کپتانی کے تنازع میں پڑیں، سرفراز احمد2،ڈھائی سال سے کامیابی کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں، پاکستان کرکٹ کیلئے بہتر یہی ہوگاکہ ان کوکپتان برقرار رکھا جائے۔

ہمیں یاد رکھنا چاہیے کہ جب سرفراز احمد نے قومی ٹیم کی کمان سنبھالی تو اس وقت پاکستان کرکٹ سخت بحرانی کیفیت کا شکار تھی، گرین شرٹس عالمی ون ڈے رینکنگ میں نویں نمبر پر تھے،مسلسل محنت اور کوشش کے بعد بہتری کا سفر شروع ہوا اور اب پانچویں پوزیشن پر ہیں، ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان نمبر ون ہے،انڈر 19 ورلڈ کپ 2006اور گزشتہ چیمپئنز ٹرافی کے فاتح کپتان سرفراز احمد انگلینڈ کی کنڈیشنز میں ہونے والے میگا ایونٹ میں بھی ٹیم کی قیادت کیلئے بہترین انتخاب ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں