انگلینڈ ایک دہائی بعد ’وزڈن‘ ٹرافی سے محروم ہوگیا
ویسٹ انڈیز دوسرے ٹیسٹ میں 10 وکٹ سے فتحیاب ، روئچ مرد میدان قرار
ویسٹ انڈیز نے وزڈن ٹرافی تقریباً ایک دہائی بعد انگلینڈ سے چھین لی، کیریبیئن سائیڈ نے دوسرے ٹیسٹ میں 10وکٹ سے فتحیاب ہوکر تین میچز کی سیریزمیں 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔
میچ میں 8 شکار کرنے پر کیمار روئچ کو بہترین پلیئر کے ایوارڈ سے نواز دیاگیا۔تفصیلات کے مطابق ویسٹ انڈیز نے دوسرے ٹیسٹ میں انگلش ٹیم کا قصہ تیسرے ہی دن تمام کردیا، 119 رنز کے خسارے میں جانیو الی انگلش ٹیم نے دوسری باری میں 132رنز پر آل آئوٹ ہوگئی، رورے برنز(16) اور جوئے ڈینیلی (17) کے درمیان 35رنز کی افتتاحی شراکت ہی اہم رہی، جونی بیئراسٹو14 رنز بناکر نمایاں رہے، کپتان جوزبٹلر7رنز کے مہمان ثابت ہوئے، جوز بٹلر نے میدان بدر ہونے سے قبل24 رنز اپنے نام درج کرائے،بین اسٹوکس 11 کے انفرادی اسکور پر روئچ کا شکار بنے۔
بین فوئیکس اورسام کیورن نے یکساں طور پر 13،13رنز بناکر پویلین کی راہ لی، اسٹورٹ براڈ اور جیمز اینڈرسن کو کھاتہ کھولنے کی مہلت نہیں ملی،کیمار روئچ اور جیسن ہولڈر نے 4،4 وکٹیں آپس میں بانٹ لیں، جوز ف الزاری نے 2 پلیئرز کو آئوٹ کیا، روئچ کو 82 رنزکے عوض مجموعی طور پر 8 شکار کرنے پرمیچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیاگیا، ویسٹ انڈیز نے فتح کیلیے درکار 14 رنز کا ہدف بغیر نقصان کے17رنز بناکر حاصل کرلیا۔
اوپنرز کریگ باریتھ ویٹ (5)اور جون کیمبل (11) نے 2.1 اوووز میں مہمان ٹیم کا قصہ تمام کردیا،کیمبل نے جیمز اینڈرسن کو مڈوکٹ کے اوپر سے چھکا جڑ کر میچ کا اختتام کیا، اس سے قبل ویسٹ انڈین ٹیم دوسری اننگز میں306 رنز بناکر بڑی سبقت پانے میں کامیاب ہوئی، انگلینڈ کو اس سے قبل بارباڈوس میں منعقدہ سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں بھی381 رنز کے بڑے مارجن سے شکست کا سامنا رہا تھا، دونوں ملکوں میں 9 فروری سے شیڈول سیریز کا تیسرا اور آخری ٹیسٹ محض رسمی کارروائی بن گیا، یہ مقابلہ آئندہ ہفتے سے سینٹ لوشیا میں شیڈول ہے۔