پارٹی نے مجھے صدارتی امیدوار بنانے کا فیصلہ کرلیا ممنون حسین

صدر بنا تو کراچی میں امن کی کوشش کروں گا، ایکسپریس سے خصوصی گفتگو


Syed Ashraf Ali July 24, 2013
صدر بنا تو کراچی میں امن کی کوشش کروں گا، ایکسپریس سے خصوصی گفتگو فوٹو: فائل

QUETTA: مسلم لیگ(ن) کے نامزد صدارتی امیدوار ممنون حسین نے صدارتی انتخاب میں حصہ لینے کیلیے کاغذات نامزدگی حاصل کرلیے ہیں اور وہ بدھ کو تمام دستاویزات وکوائف بذات خود اسلام آباد ہائی کورٹ کے رجسٹرار آفس میں جمع کرائیں گے۔

نمائندہ ایکسپریس سے بات چیت کرتے ہوئے ممنون حسین نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) نے ان کیلیے صدارتی انتخاب کے کاغذات نامزدگی پیر کو حاصل کیے تھے اور بدھ کو وہ خود اسلام آباد میں اپنے کوائف جمع کرائیں گے۔ ممنون حسین نے کہا کہ ان کا تعلق کراچی سے ہے، اگر وہ صدر منتخب ہوتے ہیں تو ترجیحی بنیادوں پرکراچی میں امن وامان کے مسائل کے حل کی کوشش کریں گے اور ملک میں ترقیاتی منصوبوں کا آغاز کراچی سے ہوگا۔دریں اثنا سندھ الیکشن کمیشن کے مطابق منگل کو چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ کے رجسٹرار آفس سے صدارتی انتخاب کیلیے7 فارم کا اجرا ہوا، کاغذات نامزدگی حاصل کرنے والوں میں شمیم احمد خان، شیخ محمد ارشد جبار، ملک جعفر، سہیل الرحمن،محمد الیاس،غیور محمد خان اور نوشاد احمد عمرانی شامل ہیں۔



اب تک سندھ سے مجموعی طور پر30کاغذات نامزدگی حاصل کیے جاچکے ہیں، بدھ کو دوپہر12بجے تک پورے ملک میں پریذایڈنگ افسران صدارتی امیدواروں کے کاغذات نامزدگی وصول کریں گے۔آن لائن کے مطابق ممنون حسین نے اپنی نامزدگی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ انھیں صدارتی امیدوار کیلیے مسلم لیگ ن کی جانب سے باضابطہ طور پر آگاہ کردیا گیا ہے، مسلم لیگ ن نے فیصلہ کیاہے کہ آئندہ صدر کا تعلق چھوٹے صوبے سے ہوگا اور سابق گورنر ممنون حسین کا تعلق صوبہ سندھ سے ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں