انڈر 19 ورلڈ کپ رہی سہی ساکھ بچانے کیلیے پاکستان آج بنگلہ دیش کے مقابل

فتح کی صورت میں بھی انڈر19 ورلڈکپ میں بدترین ساتویں پوزیشن ہی ہاتھ...


Numainda Khususi August 24, 2012
میچ ٹائونز ویل کے اینڈویور پارک گرائونڈ نمبر2میں کھیلا جائے گا۔ فوٹو: فائل

انڈر19 ورلڈکپ میں رہی سہی ساکھ بچانے کیلیے پاکستانی ٹیم جمعے کو ٹائونز ویل میں بنگلہ دیش سے مقابلہ کرے گی، فتح کی صورت میں بھی اسے تاریخ کی بدترین ساتویں پوزیشن ملے گی، منیجر ہارون رشید آخری دونوں میچز میں بیٹسمینوں کی کارکردگی سے ناخوش دکھائی دیتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان واحد ٹیم ہے جس نے مسلسل دو بار 2004 اور 2006 میں ٹائٹلز جیتے،اسے سب سے زائد 4 بار فائنلز کھیلنے کا اعزاز بھی حاصل ہے،حالیہ ایونٹ سے قبل گذشتہ چار ٹورنامنٹس میں سے2 میں گرین شرٹس فاتح رہے جبکہ 2010میں آسٹریلیا نے فائنل میں ہرایا تھا،رواں برس ٹیم نے ایشیا کپ میں اپنے تینوں گروپ میچز جیت کر فائنل میں رسائی حاصل کی اور پھر ٹائی میچ کے بعد بھارت کے ساتھ ٹرافی شیئر کی، آسٹریلیا کو سیریز میں 2-1 سے ہرانے کے بعد ورلڈکپ کے ابتدائی تینوں میچز میں افغانستان، اسکاٹ لینڈ اور نیوزی لینڈ کیخلاف فتوحات حاصل کیں تاہم بھارت کے خلاف کوارٹر فائنل میں ایک وکٹ کی شکست نے پلیئرز کے اعصاب کو جھنجھوڑ دیا،پانچویں نمبر کے پلے آف سیمی فائنل میں ویسٹ انڈیز نے بھی اسے 16رنز سے ہرا دیا، اب نوبت یہ آگئی کہ گرین شرٹس جمعے کو ساتویں پوزیشن کیلیے بنگلہ دیش سے مقابلہ کریں گے۔

میچ ٹائونز ویل کے اینڈویور پارک گرائونڈ نمبر2میں کھیلا جائے گا،رہی سہی ساکھ بچانے کا پاکستانی ٹیم کے پاس یہ آخری موقع ہوگا، منیجر ہارون رشید کے خیال میں روایتی حریف سے شکست کا پلیئرز نے زیادہ اثر لیا اور اس سے کارکردگی مزید خراب ہوئی، انھوں نے بیٹسمینوں کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ ویسٹ انڈیز کیخلاف 183رنز کا ہدف عبور کرنا چاہیے تھا مگر غیر ذمہ داری سے کھیلتے ہوئے وکٹیں گنوائی گئیں، انھوں نے کہا کہ پچ بیٹنگ کیلیے سازگار تھی خراب کھیل کا ملبہ اس پر نہیں ڈالا جا سکتا۔ دریں اثنا جمعے کو ہی اینڈویور پارک میں انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز پانچویں نمبر پر قبضہ جمانے کیلیے آمنے سامنے ہوں گے،برسبین میں افغانستان اور سری لنکاکو نویں جبکہ آئرلینڈ و اسکاٹ لینڈ کو 11 ویں پوزیشن کیلیے مدمقابل ہونا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں