ایک سال گزر گیا گندھارا تہذیب کی مورتیاں اسمگل کرنے والے ملزمان پکڑے نہ جا سکے

عوامی کالونی پولیس نے حساس ادارے کی مدد سے کورنگی میں بلال چورنگی کے قریب کنٹینر سے قیمتی مورتیاں برآمد کی تھیں


Raheel Salman July 27, 2013
ٹرک ڈرائیور ظفر اور کلینر عاصم کو گرفتار کرلیا گیا تھا ،مرکزی ملزمان عا طف بٹ اور آصف بٹ پولیس کے سامنے سے ہی فرار ہوگئے تھے. فوٹو: اے ایف پی

گندھارا تہذیب سے تعلق رکھنے والی مورتیاں اسمگل کرنے والے 2 مرکزی ملزمان ایک برس گزرجانے کے باوجود قانون کی گرفت میں نہ آسکے۔

عوامی کالونی پولیس نے حساس ادارے کی مدد سے کنٹینر میں کروڑوں روپے مالیت کی مورتیاں برآمد کی تھیں، عوامی کالونی پولیس نے حساس ادارے کی مدد سے کورنگی میں بلال چورنگی کے قریب کارروائی کرتے ہوئے گزشتہ برس جولائی میں ایک کنٹینر پر چھاپہ مار کر ہزاروں برس قدیم گندھارا تہذیب سے تعلق رکھنے والی مورتیاں سیالکوٹ اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی تھی، پولیس نے فوری طور پر دو ملزمان ٹرک ڈرائیور ظفر اور کلینر عاصم کو گرفتار کیا تھا جبکہ اسی وقت مرکزی ملزمان عاطف بٹ اور آصف بٹ کار میں ٹرک سے آگے چل رہے تھے۔



لیکن چھاپے کے وقت وہ فرار ہوگئے،پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کیا تھا ، پولیس نے گرفتار ملزمان کی نشاندہی پر اگلے ہی روز ابراہیم حیدری میں ایک گودام پر چھاپہ مار کر مزید مورتیاں برآمدکی تھیں جبکہ مرکزی ملزمان کا ایک بھائی طاہر بٹ گلشن اقبال سے گرفتار کیا لیکن تاحال مرکزی ملزمان عا طف بٹ اور آصف بٹ گرفتار نہیں کیے جاسکے، ملزمان ہر مرتبہ قانونی موشگافیوں کا فائدہ اٹھا تے ہوئے عدالت سے ضمانت قبل از گرفتاری کرانے میں کامیاب ہوجاتے ہیں۔مورتیوں کی مالیت عالمی منڈی میں کروڑوں روپے تھی ، مورتیاں گندھارا تہذیب سے تعلق رکھنے والی 2 ہزار برس پرانی ہیں۔

، مورتیوں میں بدھا اور اس کی والدہ کوئن مایا کو دکھایا گیا جبکہ ایک خاتون کو بھی دکھایا گیا جوکہ ڈائن تھی اور بچوں کو کھاجاتی تھی لیکن بدھا سے ملاقات کے بعد وہ تائب ہوگئی اور بچوں کی رکھوالی کرنے لگی ، مورتیوں میں بدھا کی پیدائش کے وقت کا منظر بھی شامل ہے ، مورتیوں کو جاپان ، امریکا ، یورپ اور دیگر ممالک اسمگل کیا جانا تھا ، اس سے قبل 2011 میں جامشورو میں کارروائی کی گئی تھی جس میں بڑی تعداد میں نایاب مورتیاں برآمد ہوئی تھیں ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں