نجم سیٹھی ٹی وی رائٹس من پسند چینل کو دینا چاہتے ہیں ندیم سڈل

انھوں نے کرکٹ بورڈ میں بھی چند من پسند چڑیاں رکھی ہوئی ہیں جو ان کا ساتھ چھوڑ جائیں گی


Zulfiqar Baig July 27, 2013
انھوں نے کرکٹ بورڈ میں بھی چند من پسند چڑیاں رکھی ہوئی ہیں جو ان کا ساتھ چھوڑ جائیں گی. فوٹو: فائل

آرمی کرکٹ ٹیم کے سابق کوچ میجر ندیم سڈل نے کہا ہے کہ نجم سیٹھی اربوں روپے کے ٹیلی ویژن رائٹس اپنے من پسند چینل کو دینا چاہتے ہیں۔

وہ نگراں چیئرمین پی سی بی بنے لیکن مستقل طور پر ذمے داری سنبھالنے کا دن میں خواب دیکھ رہے ہیں، انھیں کھیل کا کچھ علم نہیں، ان کے سربراہ بننے سے ملکی کرکٹ سیاہ دور میں داخل ہو جائے گی۔ ایکسپریس سے گفتگو کرتے ہوئے ندیم سڈل نے کہاکہ کرکٹ میڈیا رائٹس کا معاملہ سر پر ہے، اربوں روپے کی ڈیل نجم سیٹھی اپنے من پسند چینل سے کرنا چاہتے ہیں، وہ ایک مخصوص میڈیا گروپ میں تنخواہ پر ملازم ہیں، ایسے میں کیسے منصفانہ انداز میں رائٹس فروخت کر سکیں گے؟ انھوں نے کہا کہ ذکاء اشرف سے بورڈ کی جان چھوٹی تواب نجم سیٹھی آگئے، جب انھیں عبوری طور پر عہدہ سونپا گیا تو ریجنز کے عہدیداروں ذوالفقار ملک، طارق ، عامر نواب، میاں منیر اور شکیل شیخ سے ملاقات کی۔

3گھنٹے تک جاری رہنے والی میٹنگ میں نجم سیٹھی نے کہاکہ سفید کاغذ پر لکھ کر دیدیں کہ کرکٹ بورڈ کے اہم فیصلوں کا اختیار مجھے دیا جائے، اس پر ان کی ممبران کے ساتھ تلخ کلامی ہوئی اور اجلاس کو ختم کر دیا گیا۔ ندیم سڈل نے کہاکہ دوسری میٹنگ میں مجھے بھی بلا کر پوچھا گیا کہ آپ کے کیا تحفظات ہیں، ہمارا ساتھ دیں تاکہ موثرانداز میں کرکٹ کے امورکوچلایا جاسکے۔ مجھے کرکٹ بورڈ کا مستقل چیئرمین بنا دینا چاہیے۔ اس پر میں نے جواب دیا کہ سپریم کورٹ نے آپ کو الیکشن کرانے کا کہا ہے اگر چیئرمین بننے کا شوق ہے توکسی ریجن سے اپنی نامزدگی کو یقینی بنائیں۔



تاکہ الیکشن لڑ سکیں۔ عدالتی فیصلے کے تحت آپ کرکٹ بورڈؑ کے آئین کو تبدیل نہیں کرسکتے۔ نجم سیٹھی نے جواب دیا کہ مجھ سے وزیراعظم نے کرکٹ بورڈ کی ذمے داری سنبھالنے کو کہا ہے۔ ندیم سڈل نے کہا کہ پی سی بی کے معاملات کو چلانا نجم سیٹھی کے بس کی بات نہیں، وہ اپنا کام کریں اور جس شعبے کے ساتھ وابستہ ہیں اسی پر توجہ دیں۔

جس طرح وہ اپنے ٹیلی ویژن پروگرام میں چڑیوں کا ذکر کرتے ہیں انہوں نے کرکٹ بورڈ میں بھی چند من پسند چڑیاں رکھی ہوئی ہیں جو ان کا ساتھ چھوڑ جائیں گی۔ یاد رہے کہ نجم سیٹھی کی پی سی بی میں تقرری کو ندیم سڈل نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کیا ہوا ہے، ان ہی کی اپیل پر ہائیکورٹ پی سی بی کے انتخابات کو کالعدم قرار دیکر ذکا اشرف کو چیئرمین کے عہدے سے ہٹا چکی ہے۔ انھوں نے اپنی اپیل میں موقف اختیار کیا تھاکہ نجم سیٹھی کا تعلق ایک خاص میڈیا گروپ سے ہے،اس لیے ان کی موجودگی میں براڈ کاسٹنگ رائٹس کا شفاف عمل ممکن نہیں، وہ حکومت پاکستان کے ڈیفالٹر بھی ہیں لہٰذاکوئی عہدہ نہیں لے سکتے، ان کی تقرری کالعدم قرار دیکر غیرمتنازع شخص کو قائم مقام چیئرمین بنایا جائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں