جب تک چاہوں گا وزیراعلیٰ رہوں گا مجھے کوئی نہیں ہٹا سکتا محمود خان

میرا دل بھر گیا تو خود وزیراعظم سے کہہ کر عہدہ چھوڑ دوں گا، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا


Shahid Hameed February 13, 2019
کارکردگی کے حوالے سے کسی قسم کی کوئی ڈیڈ لائن نہیں دی گئی، محمود خان فوٹو: فائل

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کا کہنا ہے کہ جب تک چاہوں گا وزیراعلیٰ رہوں گا، مجھے کوئی نہیں ہٹاسکتا البتہ اگر میرا دل بھر گیا تو خود وزیراعظم سے کہہ کر عہدہ چھوڑ دوں گا۔

گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان کےہمراہ صوبے کے قبائلی اضلاع کی نگرانی اورمسائل کے حل کے لیے قائم کردہ خصوصی کمیٹی کے اعلان کے موقع پر وزیراعلیٰ محمود خان نے کہا کہ میں صوبے کا چیف ایگزیکٹو ہوں اور قبائلی اضلاع بھی اسی صوبہ کا حصہ ہیں اس لیے یہ سوال نہیں ہونا چاہیے کہ قبائلی اضلاع کس کے اختیار میں ہیں جب وزیر اعلیٰ میں ہوں تو قبائلی اضلاع بھی میرے ہی کنٹرول میں ہیں۔

محمود خان نے کہا کہ میں اپنے فیصلے خود کرتا ہوں، میرے فیصلے مرکزی حکومت سے آنے والے افراد اور گورنر نہیں کرتا، میں جو بھی فیصلہ کرتا ہوں اس پر مرکزی حکومت کو اعتماد میں لیتا ہوں۔ مجھے کارکردگی کے حوالے سے کسی قسم کی کوئی ڈیڈ لائن نہیں دی گئی یہ باتیں لوگ اپنی جانب سے اڑاتے ہیں، میرے پاس مکمل اختیارات ہیں اور میں اپنے اختیارات کو استعمال کررہاہوں۔

وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ میں نے آئی جی پولیس اور چیف سیکرٹری کو تبدیل کیا جو میرا استحقاق تھا جس کے لیے میں کسی کو وضاحت دینے کا پابند نہیں ،جو مناسب سمجھوں گا کروں گا۔ میں نے ہمیشہ صوبہ اور عوام کے مفاد ہی میں اپنے اختیارات کا استعمال کیا ہے ۔ ہم نے چیف سیکرٹری اور آئی جی پی کو تبدیل کیا اور اب مزید تبادلے بھی ہوں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔