کوئٹہ میں ٹریول ایجنٹ کروڑوں روپے کا فراڈ کرکے بیرون ملک فرار

اویس نامی شخص نے مختلف ٹریول ایجنٹس کو کم قیمت پر ٹکٹس فراہم کئے اور پھر انہیں فضائی کمپنیوں سے ریفنڈ کرالیا


محمد غضنفر February 17, 2019
اویس اپنی بیوی، بھائی اور والدہ کے ساتھ ملک سے فرار ہوچکا ہے فوٹو: فائل

ٹریول ایجنٹس کے ساتھ ہاتھ کرنے والا شخص کروڑوں روپے لے کر خاندان کے ساتھ ملک سے فرار ہوگیا۔

کوئٹہ میں گزشتہ کچھ ماہ سے اویس نامی شخص ٹریول ایجنٹس کو مارکیٹ کے مقابلے میں کم قیمت پر ٹکٹس فراہم کررہا تھا، پہلے اس شخص نے ٹریول ایجنٹس کا اعتبار حاصل کیا۔ زیادہ منافع کے لالچ میں ٹریول ایجنٹس نے اویس سے بیرون ملک پروازوں کے درجنوں ٹکٹس حاصل کئے۔ ٹریول ایجنٹس کی جانب سے مکمل بھروسہ ہوجانے کے بعد اویس نے فروخت کئے گئے ٹکٹس کو دوبارہ فضائی کمپنی کو واپس کراکر کروڑوں روپے نکلوالیے اور اپنے خاندان کے ہمراہ بیرون ملک فرار ہوگیا۔



آل بلوچستان ٹریول ایسوسی ایشن کے صدر میر وائس اور دیگر ایجنٹس نے ایکسپریس نیوز کو بتایا کہ اویس مختلف ٹریول ایجنٹس کے 6 کروڑ روپے کے قریب رقم لے کر فرار ہوا ہے۔ اویس نے فضائی کمپنیوں سے ریٹرن ٹکٹس ریفنڈ کروا لیے ہیں جس کی وجہ سے عمرہ زائرین اور دیگر ممالک میں موجود افراد کے لیے وطن واپسی پر مشکلات ہوں گی، ٹریول ایجنٹس اگر ابھی ٹکٹ خریدیں گے تو انہیں زیادہ قیمت ادا کرنی پڑے گی۔ ہماری اطلاعات کے مطابق اویس اپنی بیوی، بھائی اور والدہ کے ساتھ ملک سے فرار ہوچکا ہے کیونکہ اویس نے اپنے واٹس ایپ اسٹیٹس پر یورپی ملک لتھویا کے ویزے کی تصویر لگائی تھی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔