وزیراعظم کی گیس صارفین کو زائد بلنگ والی رقم واپس کرنیکی ہدایت

غربت کا خاتمہ ترجیح ہے، ماضی میں کسی حکومت نے غریبوں کیلیے نہیں سوچا، عمران خان


غربت کا خاتمہ ترجیح ہے، ماضی میں کسی حکومت نے غریبوں کیلیے نہیں سوچا، عمران خان۔ فوٹو: فائل

وزیراعظم عمران خان نے 30فیصد گیس صارفین سے زائد بلنگ کے ذریعے وصول کی جانے والی رقم واپس کرنیکی ہدایت کردی۔

وزیراعظم کی زیر صدارت گیس بلوں میں اضافے کے حوالے سے اعلی سطح اجلاس ہوا جس میں عمران خان کو انکوائری رپورٹ پیش کی گئی۔ رپورٹ میں یہ بات ثابت ہوئی کہ 30فیصد گیس کے صارفین کو اضافی بل بھیجے گئے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ جن صارفین کو اضافی بل بھیجے گئے ان کو وصول شدہ تمام اضافی رقم واپس کی جائے، وزیراعظم نے ہدایت کی کہ زائد بلنگ کے ذمہ داران کے خلاف کاروائی کی جائے۔ انہوں نے کہا معاملے کی مزید تحقیقات جاری رکھی جائیں تاکہ تمام حقائق سامنے آئیں۔

تخفیف غربت رابطہ کونسل کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے عمران خان نے کہا غربت کا خاتمہ حکومت کی اہم ترین ترجیح ہے، اصل ترقی تب ہی ممکن ہے جب زیادہ سے زیادہ لوگوں کو غربت کی سطح سے اوپر لایا جائے۔ ماضی میں کسی بھی حکومت نے غریب کے لئے نہیں سوچا، عوام کی فلاح وبہبود ہی ہمارا مقصد ہے، ہر ٹارگٹ کیلیے وقت مختص کیا جائے تاکہ کوئی تاخیر نہ ہو، اس پروگرام کے نتائج دیکھ کر پرائیویٹ سیکٹر بھی اس میں اپنا حصہ ڈالے گا۔

انھوں نے اس امرپر زور دیا کہ تمام وزارتیں بشمول منصوبہ بندی، تعلیم، صحت، خزانہ اور ہاؤسنگ مربوط طریقے سے اس پروگرام کو آگے بڑھائیں۔ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے غربت میں کمی کے حوالے سے پلاننگ اور لائحہ عمل پر تفصیلی بریفنگ دی۔

ترسیلات زر کے حوالے سے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا بیرون ملک بسنے والے پاکستانی ملک کا سرمایہ ہیں اور حکومت کی ہر ممکنہ کوشش ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو آسانیاں مہیا کی جائیں۔ اجلاس میں پہلے نیشنل چیلینجر بنک کے قیام کی بھی اصولی منظوری دی گئی۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں