زیریں سندھ میں طوفانی ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش مواصلاتی نظام درہم برہم

دن بھر شدید حبس کے بعدجام صاحب، دوڑ، میرپورخاص ڈویژن میں بارش، نشیبی علاقے زیرآب، متعدد دیہات اندھیرے میں ڈوب گئے


Nama Nigaran/Numainda Express August 03, 2013
زیریں سندھ میں طوفانی ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔

حیدرآباد سمیت زیریں سندھ کے مختلف شہروں میں ہلکی اور موسلا دھار بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔

جبکہ زیریں سندھ میں طوفانی ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے، مواصلاتی نظام درہم برہم ، بجلی کی فراہمی معطل ہونے سے متعدد علاقے اندھیرے میں ڈوب گئے ۔ متعدد علاقوں میں درخت اور سائن بورڈ گر گئے، حیدرآباد میں جمعہ کے روز صبح سے ہی آسمان پر بادل چھائے رہے اور شام کو تیز ہواؤں کے بعد بوندا باندی ہوئی جو چند منٹ ہی جاری رہی تاہم بعد ازاں ہلکی بارش کا سلسلہ دوبارہ شروع ہوگیا۔ علاوہ ازیں ٹنڈو الہیار، ٹنڈومحمد خان، نواب شاہ، قاضی احمد میں ہلکی بارش جبکہ جام صاحب، دوڑ، میرپورخاص ڈویژن کے ڈگری، نوکوٹ، سانگھڑ، کھپرو، پنگریو، ماتلی، کھوسکی سمیت دیگر کئی شہروں میں دن بھر شدید حبس اور گرمی کے بعد موسلادھار بارش ہوئی اور موسم خوشگوار ہوگیا، کئی شہروں میں نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔



بلدیاتی اداروں کی نااہلی کے باعث دوڑ اور کھوسکی سمیت زیریں سندھ کے کئی شہر پہلے ہی صفائی کے مسائل کا شکار تھے، رہی سہی کسر بارش نے پوری کر دی، شہر کے اہم بازاروں اور گلیوں میں بارش کا پانی جمع ہو گیا جبکہ سیکڑوں ایکڑ رقبے پر فصلوں میں برساتی پانی جمع ہوجانے کے باعث کاشتکاروں کو کروڑوں روپے کے نقصان کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔ دوسری طرف بارش کی پہلی بوند کے ساتھ ہی بجلی غائب ہوگئی اورکئی علاقے اندھیرے میں ڈوب گئے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ24گھنٹوں کے دوران حیدرآباد اور میرپورخاص ڈویژن میں کہیں کہیں بارش کا امکان ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں