نیشنل اسٹیڈیم کی رونقیں بڑھنے لگیں سخت حفاظتی حصار قائم

غیر ملکی پلیئرزآج آئیں گے،کراچی کنگزاوراسلام آبادیونائیٹڈکے اسکواڈز نے بھی ڈیرے ڈال دیے۔


Numainda Khususi March 08, 2019
فیکا چیف ٹونی آئرش آج پہنچیں گے،بنگلہ دیشی بورڈ کے سربراہ نظم الحسن، ڈیو رچرڈسن کی شہرقائد آمد کا شیڈول بھی طے کر لیا گیا۔ فوٹو: فائل

پی ایس ایل کے میچز سے قبل نیشنل اسٹیڈیم کراچی کی رونقیں بڑھنے لگیں جب کہ سخت حفاظتی حصار بھی قائم کر دیا گیا۔

پاکستان سپرلیگ 4کے کراچی میں میچز کیلیے ٹیموں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، بدھ کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد اور دیگر ملکی کرکٹرز پہنچ گئے تھے،جمعرات کو لاہور قلندر کے فخر زمان، یاسر شاہ، سلمان بٹ، حارث رؤف، شاہین آفریدی اور سہیل اختر کی بھی شہر قائد میں آمد ہوگئی،فرنچائز کے ڈائریکٹرکرکٹ آپریشنز و ہیڈ کوچ عاقب جاوید بھی ہمراہ تھے۔

ہوٹل آمد پر کھلاڑیوں کو سندھی اجرک کا تحفہ پیش کیا گیا،ملکی کرکٹرز پی ایس ایل میلے کی اپنے گھر واپسی پر خاصے مسرور اور ملکی شائقین کے سامنے پرفارم کرنے کیلیے پُرجوش تھے، غیر ملکی کرکٹرز جمعے کے دن ساتھیوں کو جوائن کرلیں گے۔

یاد رہے کہ کراچی میں مقابلوں کے آغاز پر ہفتے کو لاہور قلندرز کی ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ کے مقابل ہوگی۔کراچی کنگز کے کھلاڑی بھی گزشتہ رات شہر قائد پہنچ گئے۔ ان میں کپتان عماد وسیم، بابر اعظم،محمد رضوان، افتخار احمد،عامر یامین،عمر خان، اویس ضیاء، عثمان شنواری،اسامہ میراور سہیل خان شامل ہیں، والدہ کے انتقال کا صدمہ برداشت کرنے والے محمد عامر کراچی میں ہی دیگر کھلاڑیوں کو جوائن کرلیں گے، غیر ملکی کرکٹرز کولن انگرام، لیام لیونگ اسٹون،کولن منرو، روی بوپارہ، سکندر رضا، ایرون سمرز کی آمد بھی جلد ہوگی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے کرکٹرز نے رات گئے شہر قائد میں ڈیرے ڈال دیے،فیڈریشن آف انٹرنیشنل کرکٹرزایسوسی ایشن (فیکا) کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر ٹونی آئرش جمعے کوپہنچ جائیں گے،بنگلہ دیشی بورڈ کے سربراہ اور ایشین کرکٹ کونسل کے صدر نظم الحسن اتوار کو آ رہے ہیں، وہ فائنل تک پاکستانی میزبانی کا لطف اٹھائیں گے، آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹیو ڈیو رچرڈسن 16مارچ کو پہنچیں گے۔

مزید برآں کرکٹ آسٹریلیا کے سیکیورٹی چیف سین کیرول نے بھی پاکستان آنے کی حامی بھر لی ہے،ان کا شیڈول بھی جلد سامنے آجائے گا۔ دوسری طرف کرکٹ میلے کیلیے پی سی بی اور شائقین کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئی ہیں،اسٹیڈیم کے گرد سخت حفاظتی حصار قائم کردیا گیا، سیکیورٹی افسر اور اہلکار پوزیشنز پر مستعد ہیں، براڈ کاسٹرز اپنی تنصیبات مکمل کرنے کیلیے سرگرم ہیں، اسٹیڈیم میں بیشتر تعمیراتی کام مکمل کرلیا گیا۔

شہر قائد کی سڑکوں اور چوراہوں کو خصوصی طور پر آراستہ کیا گیا ہے،خیرمقدمی بینرز اور کھلاڑیوں کی تصاویر خوبصورت منظر پیش کررہی ہیں،اسٹیڈیم کے اطراف میں رنگ برنگ برقی قمقمے اور پھولدار پودے ماحول میں خوشگوار تبدیلی کا احساس دلانے لگے۔

گزشتہ رات بھی شہریوں کی بڑی تعداد رونقوں سے لطف اندوز ہوتی نظر آئی، تصاویر اور سیلفیز بنانے کا سلسلہ جاری رہا،بچوں اور نوجوانوں کے ساتھ بڑی عمر کے شائقین بھی بڑے جوش و خروش کے ساتھ میچز دیکھنے کی تیاری کررہے ہیں، شائقین اپنی پسندیدہ ٹیموں کی شرٹس بھی خرید رہے ہیں، پی ایس ایل ٹیموں کو اسپانسر کرنے والی کمپنیاں اپنی برانڈ اور لوگو پر مشتمل ٹی شرٹس تیار کرا رہی ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں