پی پی پارلیمانی اجلاس میں ایکسپریس اور ٹریبیون کی خبر کے چرچے

پی پی ارکان کی کارکردگی سے متعلق خبر شائع کی تھی، بلاول کی ارکان سندھ اسمبلی سے باز پرس


وکیل راؤ March 14, 2019
پی پی ارکان کی کارکردگی سے متعلق خبر شائع کی تھی، بلاول کی ارکان سندھ اسمبلی سے باز پرس۔ فوٹو:پی پی آئی

لاہور: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی زیر صدارت پیپلزپارٹی کی سندھ اسمبلی کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں روزنامہ ایکسپریس اور ایکسپریس ٹریبیون کی خبر کے چرچے ہونے لگے۔

گزشتہ ہفتے روزنامہ ایکسپریس اور ایکسپریس ٹریبیون میں سندھ اسمبلی ارکان کی کارکردگی اور سندھ اسمبلی کے خاموش ارکان سے متعلق شائع ہونے والی خبر پر پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت نے نوٹس لیا ہے، بدھ کے روز بلاول بھٹو زرداری کی سندھ اسمبلی میں پیپلزپارٹی کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں خبر کے مندرجات پر کافی دیر بات ہوتی رہی۔

ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی چیئرمین نے پارٹی ارکان سندھ اسمبلی کی پارلیمانی کارکردگی پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اسمبلی اجلاسوں سے غیر حاضری، عوامی مسائل کو اٹھانے کے بجائے ایوان میں خاموش بیٹھنا اور قانون سازی میں حصہ نہ لینا درست عمل نہیں ہے۔ پارٹی کے ارکان اسمبلی اپنی کارکردگی بہتر بنائیں اور اسمبلی اجلاسوں میں شرکت کے ساتھ ایوان کی کارروائی میں بھی حصہ لیں۔

واضح رہے کہ روزنامہ ایکسپریس اور ایکسپریس ٹریبیون کی خبر میں پیپلزپارٹی کے اسمبلی کارروائی میں حصہ نہ لینے والے ارکان کی نشاندہی کی گئی تھی، پیپلزپارٹی کی رکن اسمبلی فریال تالپور سمیت کئی ارکان نے اسمبلی رکنیت کا حلف لینے کے بعد سے ایوان میں عوامی مسائل سے پہلو تہی کی جبکہ قانون سازی میں بھی متحرک کردار ادا نہیں کیا تاہم پیپلزپارٹی کی پارلیمانی پارٹی اجلاس کے بعد اسمبلی اجلاس میں فریال تالپور شریک بھی ہوئیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں