پی ایس ایل کی دوسری فائنلسٹ ٹیم کا فیصلہ آج ہوگا

اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم پیش قدمی جاری رکھنے کیلیے آج پشاور زلمی کے مقابل ہو گی۔


Numainda Khususi March 15, 2019
اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم پیش قدمی جاری رکھنے کیلیے آج پشاور زلمی کے مقابل ہو گی۔ فوٹو: فائل

TURBAT: پشاور زلمی کو پی ایس ایل فائنل میں رسائی کا دوسرا موقع آج ملے گا جب کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کی متوازن ٹیم ٹائٹل کی جانب پیش قدمی جاری رکھنے کیلیے ایک اور رکاوٹ عبور کرنے کو تیار ہے۔

پی ایس ایل 4کے کوالیفائر میچ میں پشاور زلمی کوکوئٹہ گلیڈی ایٹرز کیخلاف 10رنز سے شکست ہوئی تھی، اب اسے فائنل میں جگہ بنانے کا دوسرا موقع جمعے کو ایلیمنیٹر ٹو میں ملے گا،گزشتہ ناکام مہم میں شین واٹسن نے ابتدا میں بولرز کو آڑے ہاتھوں لیا،بعد ازاں اچھی بولنگ کے باوجود کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 187 کا ہدف دینے میں کامیاب ہوگئے۔

جواب میں پشاورزلمی بیٹنگ وکٹ پر بہتر آغاز کے بعد مطلوبہ رن ریٹ برقرار نہیں رکھ پائے اور وکٹیں بھی تسلسل سے گنوائیں،بعد ازاں پولارڈ اور سیمی کی جارحانہ بیٹنگ بھی ٹیم کو ہدف تک نہیں پہنچا سکی۔

اس بار پشاورزلمی کی توقعات ہونگی کہ کامران اکمل اچھے آغاز کے بعد بڑی اننگز کھیلیں، امام الحق کے بعد لیام ڈاؤسن اور مصباح بھی اننگز کو استحکام بخشیں تاکہ لوئر آرڈر میں موجود پولارڈ اور ڈیرن سیمی کھل کر اسٹروکس کھیل سکیں، حسن علی،وہاب اور ٹائمل ملز سمیت پیسرز کو بھی ابتدا میں ہی حریف پر کاری ضربیں لگانا ہوں گی تاکہ ریگولر اسپنر کی کمی محسوس نہ ہو۔

دوسری جانب دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کی توقعات اہم میچز میں بڑے اسکور کرنے کا ریکارڈ رکھنے والے لیوک رونکی سے وابستہ ہونگی،پی ایس ایل کی تیز ترین سنچری بنانے والے ڈیلپورٹ اور پْر اعتماد والٹن بھی قابل قدر ٹوٹل میں بھرپور حصہ ڈالنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، آصف علی چھکے چھڑا سکتے ہیں،فہیم اشرف اچھی بولنگ فارم میں اور بیٹ سے بھی اہم کردارکرنے کیلیے تیار ہیں۔

ٹیم کو کپتان محمد سمیع اور رومان رئیس کی خدمات بھی میسر ہونگی، شاداب خان آل راؤنڈ صلاحیتوں کے مالک ہیں، متوازن ٹیم ٹائٹل کی جانب پیش قدمی جاری رکھنے کا عزم لیے میدان میں اترے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں