تاریخی کامیابی سے افغان کیمپ میں شادیانے بج اٹھے

آئرلینڈ کو واحد ٹیسٹ میں 7 وکٹ سے ہرادیا، رحمت شاہ اور احسان کی نصف سنچریاں


AFP March 19, 2019
آئرلینڈ کو واحد ٹیسٹ میں 7 وکٹ سے ہرادیا، رحمت شاہ اور احسان کی نصف سنچریاں۔ فوٹو: فائل

ISLAMABAD: افغانستان نے آئرلینڈ کے خلاف واحد ٹیسٹ میچ میں تاریخی فتح سمیٹ لی، 7 وکٹ کی کامیابی سے افغان کیمپ میں خوشی کے شادیانے بج اٹھے۔

افغانستان نے بھارت کے شہر ڈیرادون میں آئرلینڈ کو واحد ٹیسٹ میچ م یں 7 وکٹ سے شکست دے دی ہے، یہ اس کی طویل ترین فارمیٹ میں اپنی تاریخ کی پہلی فتح ہے جوکہ دوسرے ہی میچ میں اسے حاصل ہوئی ہے۔

کامیابی کیلیے 147 رنز ہدف کے تعاقب میں افغان ٹیم نے پہلی وکٹ تیسرے روز کے اختتام پر گنوا دی تھی جبکہ پیر کو مارننگ سیشن میں احسان اللہ کو 18 کے انفرادی اسکور پر موقع ملا جب اسٹورٹ تھامپسن نے ایکسٹرا کور پر آسان کیچ ڈراپ کردیا، مایوس بولر جارج ڈاکریل تھے۔

بعد ازاں احسان نے مزید کوئی موقع دیے بغیر ان فارم رحمت شاہ کی شراکت میں ٹیم کو ہدف کی جانب لے جانا شروع کیا تاہم جب ٹارگٹ صرف تین رنز کی دوری پر تھا تب یہ دوسری وکٹ کی اس شراکت کا 139 رنز پر خاتمہ ہوگیا، رحمت شاہ 76 رنز بناکر کیمرون ڈاؤ کی وکٹ بن گئے، باہر نکل کر کھیلنے کی کوشش کے دوران وہ اسٹمپ ہوئے اور اگلی گیند پر سنگل لینے کے دوران رن آؤٹ ہوکر محمد نبی بھی میدان بدر ہوگئے تاہم حشمت اللہ شاہدی نے وننگ باؤنڈری جڑ کر ٹیم کو خوشیاں منانے کا موقع فراہم کردیا۔ احسان اللہ نے ناقابل شکست 65 رنز بنائے۔

دونوں اننگز میں ففٹیز اسکور کرنے والے رحمت شاہ کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ افغانستان کی اس کامیابی میں اسپنر راشد خان نے بھی کلیدی کردار ادا کیا جنھوں نے اتوار کو 5 وکٹیں لے کر آئرلینڈ کی دوسری اننگز کا 288 رنز پر اختتام کردیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں