حصص مارکیٹ میں گزشتہ ہفتے مجموعی طور پرتیزی

پیر اور منگل کومارکیٹ نیچے،بدھ کوبڑے پیمانے پرخریداری سے6حدیں بحال


Business Desk August 08, 2013
انڈیکس میں ایک ہفتے کے دوران 145پوائنٹس کا اضافہ،مارکیٹ سرمایہ 38 ارب روپے بڑھ گیا فوٹو: فائل

کراچی اسٹاک مارکیٹ میں گزشتہ ہفتے کے دوران پیر اور منگل کو اتار چڑھائو اور مندی کے بعد ایک روز انڈیکس میں نمایاں اضافے کی وجہ سے مجموعی طور پر تیزی کا رجحان رہا اور کے ایس ای 100انڈیکس 23237.19پوائنٹس پر بند ہوا۔

تیزی کے سبب مارکیٹ کے سرمائے میں مجموعی طور پر ایک ہفتے میں38ارب سے زائد روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں مارکیٹ سرمائے کی مالیت 57کھرب روپے سے تجاوز کر گئی، کراچی اسٹاک مارکیٹ میں کاروباری ہفتہ کے پہلے روز مارکیٹ بدترین مندی کی زد میں رہی جبکہ دوسرے دن بھی مارکیٹ مندی کے سبب بحرانی کیفیت سے دوچار رہی جس کی وجہ سے 2 دن میں انڈیکس469.94پوائنٹس تک کم ہو گیا تاہم عید سے ایک روز قبل یعنی بدھ کو بڑے پیمانے پر خریداری اور نئی سرمایہ کاری کے سبب انڈیکس بیک وقت6نفسیاتی حدوں کو عبور کر گیا، اس طرح مجموعی طور پر کے ایس ای 100انڈیکس میں 3 روز کے دوران 145.32 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔



جس کے نتیجے میں کے ایس ای 100 انڈیکس 23091.87 پوائنٹس سے بڑھ کر 23237.19پوائنٹس پر بند ہوا، اسی طرح کے ایس ای 30انڈیکس 133.71پوائنٹس کے اضافے سے 17942.84 پوائنٹس سے بڑھ کر18076.55پوائنٹس تک جا پہنچا جبکہ کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 16508.35پوائنٹ سے بڑھ کر 16611.42 پوائنٹس پردیکھا گیا، کراچی اسٹاک مارکیٹ میں گزشتہ ہفتے کے دوران زیادہ سے زیادہ کاروباری حجم 23کروڑ23لاکھ شیئرز رہا جبکہ کم سے کم 13کروڑ63لاکھ حصص کا کاروبار ریکارڈ ہوا ۔

جبکہ ٹریڈنگ ویلیو 8ارب سے10ارب روپے تک محدود رہی، کارباری ہفتہ کے تیسر ے روز زبردست تیزی کے سبب 3 روز کے دوران مارکیٹ کے سرمائے 38ارب59کروڑ سے زائد روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں مارکیٹ کامجموعی سرمایہ 56 کھرب 74ارب88کروڑ 99 لاکھ46 ہزار 783 روپے سے بڑھ کر 57کھرب 13ارب 48 کروڑ 6لاکھ98ہزار992روپے ہو گیا، کاروبار کے لحاظ سے بینک اف پنجاب، نیشنل بینک، فوجی سیمنٹ، این آئی بی بینک لمیٹڈ، اینگرو فوڈز لمیٹڈ، بینک الفلاح، پی ٹی سی ایل، میپل لیف سیمنٹ، اینگرو کارپوریشن، سلک بینک، پاک پاور، فاطمہ فرٹیلائزر، لافریج پاکستان، بائیکو پٹرولیم اور اینگرو پولیمر سرفہرست رہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔