خوابوں کی تعبیر

آپ کے خوابوں کی تعبیریں جانیے۔


آپ کے خوابوں کی تعبیریں جانیے۔ فوٹو : فائل

خوبصورت قالین خریدنا
مدثر علی، لاہور

خواب: میں نے خواب دیکھا کہ میں اپنی امی کے ساتھ کسی مارکیٹ میں موجود ہوں اور ہم اپنے نئے گھر کے لئے قالین خرید رہے ہیں۔کئی بہت زیادہ قیمتی ہوتے ہیں جو ہم کو بہت پسند آتے ہیں مگر وہ ہماری قوت خرید سے باہر ہوتے ہیں۔ بالٓاخر ایک قالین پہ ہم متفق ہو جاتے ہیں، وہ کافی بڑا اور خوبصورت ہوتا ہے۔ بہت مشکل سے دوکاندار سے ریٹ طے کرنے کے بعد ہم اس کو خرید کر گھر لے آتے ہیں۔

تعبیر: اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ کے فضل و کرم سے کوئی خوشخبری ملے گی۔ اس کا تعلق آپ کی ازدواجی زندگی سے ہو سکتا ہے۔ یہ بھی ہو سکتا ہے کہ کاروباری معاملات میں آسانی ہو اور یہ ترقی پہ بھی دلیل کرتا ہے اور عزت و توقیر میں اضافے میں بھی۔ اللہ آپ کے وسائل میں اضافہ فرمائیں گے۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں۔

نرگس کے پھول
اقصٰی فرمان زیدی، لاہور

خواب : میں نے دیکھا کہ میں اپنے میاں کے ساتھ ان کی پھوپھی کے گھر گئی ہوئی ہوں جہاں اور بھی رشتہ دار آئے ہوتے ہیں۔ کھانے کے بعد ہم سب مل کر ان کے لان میں ٹہل رہے ہیں۔ ان کا لان بیحد خوبصورت ہوتا ہے اور وہاں بہت خوبصورت پھول کھلے ہوتے ہیں۔ میں ایک طرف لگے نرگس کے پھول دیکھتی ہوں تو ان کی خوشبو سونگھنے لگتی ہوں۔ اس بے حد اچھی خوشبو کا احساس دل و دماغ کو معطر کر دیتا ہے ۔ میں اپنی سسرالی کزنز کو بھی بلا کے ان پھولوں کی طرف اشارہ کرتی ہوں، وہ سب بھی اس کی خوشبو کو بہت پسند کرتی ہیں۔ میں دل میں سوچتی ہوں کہ اپنے گھر بھی مالی سے کہہ کے یہ پھول لگوؤں تا کہ ہمارے گھر سے بھی ایسی ہی خوشبو آئے۔ اس کے بعد میری آنکھ کھل جاتی ہے۔

تعبیر : اچھا خواب ہے جو اس بات پہ دلیل کرتا ہے کہ اللہ کی مہربانی سے آپ کو اولاد نرینہ سے نوازا جائے گا ۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد کیا کریں ۔ حسب توفیق صدقہ و خیرات بھی کیا کریں۔

تاریخی مقام کی تباہی
اکرام علی، لاہور

خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں کسی قدیم سی جگہ پہ سیر کرنے گیا ہوا ہوں۔ وہاں ایک گائیڈ سے میں اس تاریخی عمارت کے متعلق معلومات لے رہا ہوں کہ جس جگہ پہ میں کھڑا ہوا ہوتا ہوں اس کے آس پاس کا سارا علاقہ اچانک ہی تباہ ہونے لگ جاتا ہے۔ میں چیختے ہوئے ایک طرف بھاگتا ہوں کہ کسی طرح اپنی جان بچا سکوں اور اسی پریشانی کے عالم میں میری آنکھ کھل جاتی ہے۔

تعبیر: اس خواب سے ظاہر ہوتا ہے کہ اللہ نہ کرے کوئی پریشانی یا غم مسلط ہو سکتا ہے۔کاروباری معاملات میں بھی رکاوٹ مراد ہو سکتی ہے یا نوکری میں کچھ ناگہانی مسائل کا مسائل کا سامنا ہو سکتا ہے جس سے عزت و توقیر میں بھی فرق آ جائے گا ۔ آپ کوشش کریں کہ نماز پنجگانہ کی پابندی کیا کریں اور کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں ۔ اگر ممکن ہو سکے تو گھر کی چھت پہ پرندوں کو دانہ ڈالا کریں۔

اونٹ ہاتھ چبانے کی کوشش کرتا ہے
صدیق اکبر، لاہور

خواب: میری امی نے خواب دیکھا کہ وہ منڈی ابو کے ساتھ قربانی کا جانور دیکھنے گئی ہوئی ہیں۔ وہاں پہ ایک اونٹ ان کی طرف بے قابو ہو کر بڑھتا ہے اور ان کا ہاتھ چبانے کی کوشش کرتا ہے۔ اس پہ میرے ابو گھبرا جاتے ہیں اور ایک اینٹ اٹھا کر اس کو مارتے ہیں۔ برائے مہربانی میری والدہ کو اس کی تعبیر بتا دیں۔

تعبیر : یہ خواب ظاہر کرتا ہے کہ خدا نہ کرے کوئی دشمنی کر سکتا ہے اور نقصان پہنچانے کی کوشش کر سکتا ہے۔ اس سے کسی سفر میں ناکامی کا بھی امکان لیا جا سکتا ہے۔ اس سے یقینی طور پہ طبیعت میں رنج و ملال پیدا ہو گا۔ ذھنی طور پہ بھی کافی خوف رہے گا ۔ اور اس سے مراد کاروباری معاملات میں بھی کسی مشکل کا سامنا ہو سکتا ہے ۔ آپ ایک تو نماز پنجگانہ کی پابندی کریں دوسرا کثرت سے استغفار کیا کریں ۔

کشمش کھانا
تہمینہ رسول، اسلام آباد

خواب : میں نے دیکھا کہ میں اپنی ہمسائی کے ساتھ اس کے والدین کی طرف گئی ہوئی ہوں اور وہاں ان کی والدہ مجھے کشمش سے بھرا ایک لفافہ دیتی ہیں۔ میں اس کو دیکھ کے بہت خوش ہوتی ہوں ۔ کچھ تو میں نکال کے راستے میں ہی کھانا شروع کر دیتی ہوں اور باقی یہ سوچ کے بیگ میں رکھ لیتی ہوں کہ گھر جا کر سب کے ساتھ کھاوں گی۔ برائے مہربانی اس کی تعبیر بتا دیں۔

تعبیر : اچھا خواب ہے جو کہ کسی خوشخبری یا منافع بخش چیز پہ دلالت کرتا ھے۔آپ کو کاروباری ازدواجی یا تعلیمی معاملات میں کوئی خوشخبری مل سکتی ہے ۔آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کیا کریں اور یااللہ یا رحمن یا رحیم کا ورد کیا کریں۔

مجھے گولی لگ گئی
سجاد احمد، اٹک

خواب:کچھ دن پہلے مجھے ایک ایسا خواب آیا جس کی وجہ سے میں پریشان ہوں، میں نے دیکھا کہ میں بازار میں جا رہا ہوتا ہوں۔ وہاں ایک موٹر سائیکل سوار بہت تیزی سے گزرتا ہے اور ایک دکاندار کو جا کر مارنا شروع کر دیتا ہے۔ میں ان دونوں کو لڑتا دیکھ کر ان کے پاس جاتا ہوں اور دونوں کو ایک دوسرے سے علیحدہ کرنے لگتا ہوں کہ ایک لڑکے نے پستول نکال لیا اور گولی چلا دی، وہ گولی مجھے لگ جاتی ہے۔ میں زخمی ہو کر زمین پر گر جاتا ہوں، پھر میری آنکھ کھل جاتی ہے۔

تعبیر: اس خواب سے پتہ چلتا ہے کہ اللہ نہ کرے آپ کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا ہو سکتا ہے، یہ بھی ہو سکتا ہے کہ آپ کو کوئی بڑا نقصان ہو جائے، کاروبار میں بھی نقصان ہو سکتا ہے۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے ہر نماز کے بعد استغفار کیا کریں، کچھ صدقہ اور خیرات بھی ضرور کریں۔

کتا کاٹ لیتا ہے
سکینہ ابرار، شیخوپورہ

خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں اپنے کالج میں ہوں اور اپنی دوستوں کے ساتھ کالج کے باغ میں بیٹھی کچھ کھا رہی ہوں کہ اچانک کہیں سے ایک کتا تیزی سے بھاگتا ہوا آ جاتا ہے۔ تمام لڑکیاں چلاتے ہوئے ادھر ادھر بھاگتی ہیں ۔ میں بھی تیزی سے اٹھتی ہوں تا کہ کہیں دور جا سکوں مگر وہ کتا تیزی سے میری طرف لپکتا ہے اور میرے پاوں پہ کاٹتا ہے۔ میں پوری کوشش کرتی ہوں کہ بھاگ سکوں مگر تیزی کے باوجود وہ میری ٹانگ پکڑنے میں کامیاب ہو جاتا ہے۔ اس کے بعد میری آنکھ کھل جاتی ہے۔

تعبیر : یہ خواب پریشانی کو ظاہر کرتا ہے جیسے کوئی نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہا ہو اور نقصان پہنچنے کا اندیشہ بھی ہے۔کسی قسم کی رکاوٹ بھی مراد ہو سکتی ہے، چاہے کاروباری معاملات ہوں یا تعلیمی۔ حتی کہ گھریلو معاملات بھی ممکن ہیں۔ آپ کے لئے محفل مراقبہ میں دعا کرا دی جائے گی۔ آپ مگر کوشش کریں کہ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں۔ حسب توفیق صدقہ و خیرات بھی ضرور کریں ۔

گھر میں مہمان
طاھرہ خانم، شیخوپورہ

خواب : میں نے دیکھا کہ میں اپنے سسرال میں ہوں اور کسی مہمان کی آمد کے لئے خوشی خوشی کچھ پکا رہی ہوں ۔ پھر دیکھتی ہوں کہ میرے کافی عزیز و اقارب میرے والدین سمیت میرے گھر آئے ہیں اور میں بہت خوش ہو رہی ہوں، ساتھ ساتھ میز پہ مختلف کھانے بھی سجا رہی ہوں۔ پھر جب سب محفل میں بیٹھ جاتے ہیں تو میں دیکھتی ہوں کہ میرے ماموں تلاوت کر کے میرے لئے دعا کرتے ہیں جس پہ مجھے بہت خوشی ہوتی ہے۔

تعبیر: اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالی کے فضل و کرم سے آپ کی پریشانی دور ہو گی۔ رنج و الم سے نجات ملے گی۔ یہ باعث فرحت و رحمت ہے۔ والدین کی محبت و شفقت بھی نصیب ہو گی ۔آپ والدین کی خدمت کیا کریں اور نماز پنجگانہ کی پابندی کیا کریں۔کثرت سے یا شکور کا ورد کیا کریں۔

گدھے سے گرنا
طارق مجید، اوکاڑہ

خواب: میں نے چند دن پہلے خواب میں دیکھا کہ میں اپنے کھیت میں کھڑا ہوتا ہوں۔ کیا دیکھتا ہوں ایک گدھا میری فصل کو تباہ کر رہا ہے۔ میں جلدی سے اس کو پکڑ لیتا ہوں اور اس پر سواری کرنا چاہتا ہوں مگر ہر بار گدھا آگے لے جا کر مجھے گرا دیتا ہے اور پھر بھاگ جاتا ہے، اس خواب کی تعبیر بتا دیں۔

تعبیر: اس خواب سے ظاہر ہوتا ہے کہ اللہ نہ کرے تنگدستی اور پریشانی کا سامنا ہو سکتا ہے کسی جگہ سے کام کے سلسلے میں جواب ہو سکتا ہے، یہ بھی ہو سکتا ہے کہ آپ کی دوستوں اور عزیزوں میں کسی وجہ سے آپ کی عزت کم ہو جائے، آپ نماز پنجگانہ ادا کریں اور کثرت سے ہر نماز کے بعد ''استغفار'' کریں، رات کو سونے سے پہلے اوّل و آخر گیارہ گیارہ مرتبہ درود شریف کے ساتھ تین تین مرتبہ یا حفیظ یااللہ پڑھ کر خود پر دم کر لیا کریں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں