اذلان نے پنجاب گیمز میں نئی تاریخ رقم کردی

نوجوان سوئمر سخت محنت کا صلہ 6 میڈلز کی صورت میں ملنے پر خوشی سے نہال


نوجوان سوئمر سخت محنت کا صلہ 6 میڈلز کی صورت میں ملنے پر خوشی سے نہال۔ فوٹو: فائل

اذلان خان نے پنجاب گیمزکے دوران نئی تاریخ رقم کردی، انھوں نے 3 اپریل سے 6 اپریل تک لاہور میں منعقدہ مقابلوں کے دوران مجموعی طور پر6 گولڈ میڈلزجیت کرسب کو حیران کردیا۔

پنجاب گیمزلاہور کے چیمپئن بننے کے ساتھ ختم ہوگئے، لاہور کو چیمپئن بنوانے میں اہم کردار اذلان خان نے بھی ادا کیا، جنھوں نے سوئمنگ میں 6 گولڈ میڈل بھی جیت کرسب کوحیران کردیا۔

اذلان خان نے یہ گولڈ میڈل100 میٹر فری اسٹائل، 50 میٹر فری اسٹائل، 50 میٹر بٹرفلائی،100 میٹر بٹرفلائی 200 میٹر آئی ایم اور200 میٹر انفرادی میڈلے ریلے میں حاصل کیے۔

پنجاب گیمزکی اختتامی تقریب کے دوران اذلان خان کو مقابلوں کے بہترین ایتھلیٹ کے ساتھ صوبے کا تیز ترین سوئمر بھی قرار دیا گیا، اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی پنجاب اسپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل ندیم سرور نے انھیں6 گولڈ میڈلزکے ساتھ ٹرافی کے ایوارڈ سے بھی نوازا۔

اذلان خان کا کہنا ہے کہ وہ اپنی کامیابی پربہت خوش ہیں اورمستقبل میں بھی بہترین کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔ایکسپریس سے خصوصی بات چیت میں ان کا کہنا تھا کہ میں نے پنجاب گیمز کیلیے سخت محنت کی اور آج مجھ کو اس کا صلہ مل گیا۔

اذلان خان کا مزید کہنا تھا کہ ملکی اور غیر ملکی سطح پر اپنی کارکردگی سے ملک و قوم کا نام روشن کرنا میرا ہدف ہوگا، یہ ٹارگٹ مشکل ضرور ہے ناممکن نہیں مجھے خود پر پورا یقین ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں