خاتون کی آنکھ میں زندہ مکھیوں کا انکشاف

اپنی نوعیت کے پہلے عجیب واقعے میں تائیوانی خاتون کی آنکھ میں چار مکھیاں موجود تھیں جو آنکھوں کی نمی کو پی رہی تھیں


ویب ڈیسک April 09, 2019
تائیوان میں ایک خاتون کی آنکھ میں چار زندہ مکھیاں کئی گھنٹے تک موجود رہیں (فوٹو: بشکریہ ایشیا ون ویب سائٹ)

اپنی نوعیت کے پہلے عجیب واقعے میں تائیوانی خاتون کی آنکھ میں چار مکھیاں پائی گئیں جو آنکھوں کی نمی کو پی رہی تھیں۔

تائیوانی میڈیا کے مطابق خاتون کی آنکھ سے چار ایسی چھوٹی مکھیاں نکالی گئیں جو میٹھی اشیا پر زندہ رہتی ہیں تاہم وہ خاتون کی آنکھ میں موجود نمی کو چاٹ رہی تھیں۔

واقعہ کچھ اس طرح ہے کہ خاتون ایک روز اپنے قبرستان گئیں جہاں انہوں نے اپنے عزیز کی قبر صاف کی۔ اس دوران وہ قبر سے گھاس پھوس صاف کررہی تھیں کہ تیز ہوا چلی اور کوئی شے ان کی آنکھ میں چلی گئی۔ پہلے وہ سمجھیں کہ بائیں آنکھ میں دھول یا مٹی پڑی ہے جس کے بعد آنکھ میں پانی ڈالا گیا تو انہیں وقتی آرام آگیا۔

چند گھنٹے بعد خاتون کی آنکھ میں تیز چبھن والا درد ہوا اور مسلسل پانی بہنے لگا۔ اس کے بعد خاتون کو فُو یِن یونیورسٹی ہسپتال لے جایا گیا ۔ ڈاکٹر یہ جان کر حیران رہ گئے ہیں کہ ان کی آنکھ میں چار زندہ مکھیاں موجود ہیں جو ان کے آنسوؤں کو پی رہی تھیں۔


خاتون نے بتایا کہ میں اپنے گھروالوں کے ساتھ اپنے عزیز کی قبر پر گئی اور وہاں سے خودر و جھاڑیاں صاف کرنے لگی اس دوران تیز ہوا کے بعد مجھے آنکھ میں کسی شے کا احساس ہوا جس میں مٹی سمجھی تاہم رات میں آنکھ میں شدید ڈنک جیسی چبھن شروع ہوئی جس کے بعد آنسوؤں کا نہ رکنے والا سلسلہ شروع ہوگیا۔

ڈاکٹروں کے مطابق کئی گھنٹے تک مکھیاں خاتون کی آنکھ میں رہتے ہوئے آنسوؤں پر گزارہ کررہی تھیں۔ خاتون کے قرنیے پر سوزش آگئی تھی اور ان کے پپوٹے سوج چکے تھے۔

ڈاکٹر نے معائنے کے دوران پہلے مکھی کی ٹانگ کو دیکھا اور بہت احتیاط سے مکھیوں کو آنکھ سے نکال باہر کیا۔ ان مکھیوں کا چھتا قبرستان میں ایک بوسیدہ درخت کے اندر موجود تھا۔ یہ مکھیاں قبرستانوں میں عام پائی جاتی ہیں اور انسانی آنسو کو نمک کے ذخائر کے طور پر چاٹتی ہیں۔

اس اہم واقعے کے باوجود خاتون کی آنکھ اور بصارت محفوظ رہی اور اب وہ تیزی سے بحالی کی جانب گامزن ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں