پیغام اسلام کانفرنس اسلام کیخلاف سازشیں ناکام رہیں گی امام کعبہ

پاکستان نے اسلام اور دہشت گردی کی غلط تشریح کو غلط ثابت کیا ہے، صدر مملکت کا بھی کانفرس سے خطاب


وقاص احمد April 15, 2019
مل کرکام کرنا ہوگا، سنجرانی،علما ریاست مدینہ کے خدوخال تیار کریں، نورالحق قادری، سرکٹوا لیں گے، ڈکٹیشن نہیں لیں گے،شہریار آفریدی، دنیا اسلامی ممالک میں مداخلت بند کرے، طاہراشرفی

صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان نے نہ صرف دہشتگردی کا کامیابی سے مقابلہ کیا اور اسے شکست دی بلکہ اسلام اور دہشت گردی کی غلط تشریح کو بھی غلط ثابت کیا، ایمانداری اعلیٰ قیادت سے ہی نیچے منتقل ہوتی ہے، جبکہ امام کعبہ نے کہا ہے کہ اسلام کیخلاف سازشیں ناکام رہیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے یہاں پاکستان علما کونسل کے زیر اہتمام چوتھی ''پیغام اسلام کانفرنس'' سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس کا آغاز امام کعبہ شیخ ڈاکٹر عبداﷲ عواد الجوہانی نے تلاوت کلام پاک سے کیا۔ صدر علوی نے کہا اسلام کا پیغام ہمدردی اور مساوات کا ہے، پاکستان نے افغان مہاجرین کو پناہ دے کردنیاکو بتایا کہ انسانیت کیا ہوتی ہے، کشمیر اور فلسطین دونوںایک دن آزاد ہوں گے کیونکہ کسی بھی کمیونٹی یا مذہب کی آواز کو طاقت کے ذریعے نہیں دبایا جا سکتا، پاکستان نے35لاکھ افغان مہاجرین کی بہترین میزبانی کی ہے اور بعض ممالک مصیبت زدہ مہاجرین کے لیے دیواریں کھڑی کررہے ہیں۔ ایمانداری اعلیٰ قیادت سے ہی نیچے منتقل ہوتی ہے، صحابہ کرام نے حضور نبی کریم ﷺ کی تعلیمات پر عمل کر کے دکھایا کہ عدل اور مساوات کیا ہوتی ہے۔

وزیر اعظم کا وژن اورسماجی تبدیلی کا سفر اس وقت مکمل ہوگا جب ملک میں مدارس اور تعلیمی اداروں میںیکساں تعلیمی نظام ہو گا۔ اگر پاکستان اور سعودی عرب متحد ہو جائیں تو دنیا کی کوئی بھی طاقت مسلمانوں کو نقصان نہیں پہنچا سکتی۔ علما عوام کو صفائی، پانی کے استعمال اور شجرکاری جیسے سماجی مسائل سے آگاہ کریں۔ امام کعبہ شیخ ڈاکٹر عبداﷲ عواد الجوہانی نے کہا دین اسلام کے خلاف سازشیں کبھی کامیاب نہیں ہوسکتیں۔ اسلام مکمل اور خیر و اخلاق کا دین ہے۔ یہ اس نبی کا دین ہے جو اخلاق کے اعلیٰ عہدے پر فائز تھے، جو معاشرے دین سے دور ہیں ان کا حال جانوروں سے بدتر ہوا ہے۔

سعودی عرب سے آپ کے پاس نیک خواہشات لے کر پیش ہوا ہوں۔ پاکستان اور سعودی عرب کی امت مسلمہ کے حوالے سے سب سے زیادہ خدمات ہیں۔ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا اسلام امن و آشتی کا مذہب ہے، آج ہمیں یہ عزم کرنا ہو گا کہ مسلم امہ کودرپیش مسائل حل کرنے کے لیے متحد ہو کر کام کریں گے۔ وفاقی وزیر مذہبی امور ڈاکٹر نورالحق قادری نے کہاکہ اتحاد امت کے لیے کام کرنا ہو گا۔ کلین اینڈ گرین پاکستان صرف عمران خان کی نہیں بلکہ ہر شخص کی ذمے داری ہے، حکومت دینی مدارس کے تحفظ اور ترقی کا ذمہ لے چکی ہے، عمران خان مدارس کے فضلاء کو وہی مقام دلوانا چاہتے ہیں جو دیگر یونیورسیٹیوں کے فضلاء کو حاصل ہے۔

عمران خان کا پاکستان کو ریاست مدینہ بنانے کا خواب ہے، علما کی ذمہ داری ہے کہ وہ ریاست مدینہ کے خدوخال تیار کریں۔ پاکستان علما کونسل کے چیئرمین حافط طاہر محمود اشرفی نے کہا آج کی کانفرنس سے اسلام دشمن اور پاکستان دشمن قوتوں کو پیغام دیا گیا کہ ہم متحد ہیں، آج کے دور کا صدر بھی علما کے ساتھ بیٹھتا ہے، یہ سب عقیدہ ختم نبوت کاصدقہ ہے۔ پاکستان علما کونسل کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ اس نے پہلی مرتبہ خود کش حملوں کو حرام قرار دیا۔ یہ پہلی تنظیم ہے جس نے داعش کے خلاف فتویٰ دیا۔ دنیا فرقہ واریت کے نام پر اسلامی ممالک میں مداخلت بند کرے۔ وزیر مملکت برائے داخلہ شہر یار آفریدی نے کہا ہم سر کٹوا لیں گے کسی سے ڈکٹیشن لیں گے نہ ہی سر جھکائیں گے۔

پاکستان کے فیصلے پاکستان میں ہونگے باہر سے نہیں۔ چندہ اکٹھا کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے مدارس کی نہیں، اس حوالے سے کام کررہے ہیں۔ جوریاست کے خلاف کھڑا ہواس کے خلاف سب مل کر کھڑ ے ہوں۔ وفاقی وزیرآبی وسائل فیصل واوڈا نے کہا تحریک انصاف کی حکومت اپنے مدارس اورعلماکاتحفظ کرے گی۔

سعودی سفیر نواف المالکی نے کہا مسلمان ایک جسم کی مانند ہیں، ہم مسلم امہ کے دکھ کو اپنا دکھ سمجھتے ہیں۔ فلسطین شریعت کونسل کے چیف جسٹس مصطفیٰ التاویل نے بھی خطاب کیا۔ کانفرنس کے مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہاسلام کا دہشت گردی، انتہا پسندی، فرقہ وارانہ تشدد سے کوئی تعلق نہیں ہے، اسلام بے گناہ انسانیت کے قتل اور متشددانہ رویوں کی مذمت کرتا ہے، اسلامک فوبیا کے نام پر مسلمانوں کے خلاف نفرت اور تشدد قابل افسوس اور قابل مذمت ہے، اس کے خلاف عالمی اسلامی فکری اتحاد قائم کیا جائے گا، اس سلسلے میں سعودی عرب، پاکستان اور دیگر اسلامی ممالک کے قائدین کا اجلاس بہت جلد بلایا جائے گا۔ عراق، شام، یمن، فلسطین، کشمیر میں مظالم کی بھرپور مذمت کرتے ہیں، او آئی سی اور اقوام متحدہ سے فوری طور پر ان مظالم کو بند کروانے کا مطالبہ کرتے ہیں۔

مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کو حق خود ارادیت اور مظلوم فلسطینی عوام کی آزادی کا مطالبہ کرتے ہیں۔ پاکستان علما کونسل انتہا پسندی ، دہشت گردی اور فرقہ وارانہ تشدد سے پاک پاکستان کے لیے ملک گیر سطح پر تحریک چلانے کا اعلان کرتی ہے، قومی ایکشن پلان پر مکمل عملدرآمد کیا جائے۔ اعلامیہ میں کہا گیا کہ ایک قوم ایک نصاب تعلیم کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔ مدارس عربیہ کو وزارت تعلیم سے منسلک کرنے کے لیے فوری اقدامات اٹھائے جانے چاہئیں۔ پاکستان کے خلاف بھارتی جارحیت ناقابل قبول ہے، کسی بھی جارحیت کی صورت میں عالم اسلام پاکستان کے ساتھ ہو گا۔کسی بھی قوت کو ارض حرمین الشریفین کے امن وسلامتی سے کھیلنے کی کسی بھی سازش کو برداشت نہیں کرے گی اور ہر قربانی دینے کو تیار ہے۔ برطانیہ، امریکا اور یورپی ممالک میں مساجد پر حملے امن، رواداری اور بین المذاہب مکالمے کے لیے کی جانے والی جدوجہد کو سبوتاژ کرنے کی سازش ہے۔

تمام مذاہب کے مقدسات کے احترام کے لیے اقوام متحدہ میں قانون سازی ہونی چاہیے۔ اعلامیہ میں نیوزی لینڈ کی وزیراعظم اور عوام کے رویے اور جدوجہد کو بھرپور تحسین پیش کی گئی اور کہا گیا کہ عالمی قائدین کو انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے وزیر اعظم نیوزی لینڈ جیسا رویہ اپنانا چاہیے۔ پیغام اسلام کانفرنس نے نیوزی لینڈ کی وزیراعظم کے لیے امن پیغام ایوارڈ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مسائل کاحل مذاکرات سے ممکن ہے۔ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کو اس سال کی بہترین شخصیت قرار دیا گیا، دہشت گردی کے خلاف خدمات کے اعتراف میں افواج پاکستان کے لیے پیغام اسلام کانفرنس شیلڈکااعلان کیا گیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں