نااہل وفاقی حکومت سندھ کی ترقی میں رکاوٹیں ڈال رہی ہے مراد علی شاہ

جلد نااہل وفاقی حکومت سے عوام کی جان چھڑائیں گے، وزیراعلیٰ سندھ


Nama Nigar April 15, 2019
متحدہ کا مینڈیٹ طالبان خان نے چرایا مگر وہ ان کے ساتھ مل کر پھر سازشیں کررہے ہیں، کھوڑو، عبداللہ شاہ کی برسی پر جلسے سے خطاب فوٹو : فائل

وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ وفاق میں اس وقت ایک نااہل حکومت ہے جو سندھ کی ترقی میں رکاوٹیں ڈال رہی ہے، پی ٹی آئی کی وفاقی حکومت کو خود بھی نہیں معلوم کہ وہ کس طرح اقتدار میں آگئی ، مرکز والوں کو حکومت کرنا نہیں آرہی، جلد مرکز میں پیپلزپارٹی کی حکومت قائم کرکے نااہل وفاقی حکومت سے عوام کی جان چھڑائیںگے۔

سیہون کے قریب اپنے آبائی علاقے واہڑ میں اپنے والد سابق وزیراعلیٰ عبداﷲ شاہ کی12ویں برسی پر جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہاکہ تھر کے کوئلے سے بجلی پید ا کرنا بے نظیر بھٹو کا خواب تھا جسے پیپلز پارٹی کی موجودہ سندھ حکومت نے حقیقت کا روپ دیا ہے جبکہ اس کے نتیجے میں تھر، سندھ اور پورے ملک میں خوشحالی آئے گی۔ پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری 4 اپریل سے پہلے ٹرین کے ذریعے اپنے آبائی گھر لاڑکانہ گئے تو سندھ کے کونے کونے سے لوگوں نے آکر ان کا والہانہ استقبال کیا جس سے وفاق کی نیند حرام ہوگئی۔ ان کاکہناتھاکہ وفاق میں اس وقت ایک نا اہل حکومت ہے جو کہ سندھ کی ترقی میں رکاوٹیں ڈال رہی ہے، مرکزی حکومت کو خود بھی نہیں معلوم کہ وہ کیسے اقتدار میں آگئی، اس وقت سندھ کو تکالیف دی جارہی ہیں اس کے باوجود بھی حکومت سندھ صوبے کی ترقی اور خوشحالی کیلیے اقدامات کر رہی ہے۔

مرکز والوں کو حکومت کرنا نہیں آرہی اور جلد مرکز میں پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت قائم کرکے نا اہل وفاقی حکومت سے عوام کی جان چھڑائیں گے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے کہا کہ ایم کیو ایم کا مینڈیٹ طالبان خان نے چرایا مگر اس کے باوجود بھی وہ ان کے ساتھ مل کرسندھ کے خلاف ایک بار پھر سازشیں کر رہے ہیں۔ رکن قومی اسمبلی سردار سکندر علی راہپوٹو نے کہا کہ عبد اﷲ شاہ کی سندھ کے لیے خدمات فراموش نہیںکی جاسکتیں۔ تقریب میں سندھ کابینہ کے ارکان، ایم این ایز، ایم پی ایز، پیپلزپارٹی کے مقامی رہنما، علاقہ معززین اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کے اختتام پر پیر غلام محمد اشرفی نے خصوصی دعا کرائی۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے اپنے والد مرحوم عبداﷲ شاہ اور والدہ کے مزار پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔ وزیراعلیٰ کی آمد کے موقع پر واہڑ میں سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔