کراچی اسٹاک مارکیٹ میں گزشتہ ہفتے تیزی کا رجحان

مجموعی تیزی کے باعث مارکیٹ سرمایہ 1کھرب 15ارب روپے سے زائداضافے سے 58 کھرب روپے سے بھی تجاوز کر گیا۔


Business Desk August 18, 2013
مارکیٹ میں 3دن تیزی اور ایک اتار چڑھاؤ کے بعد مندی کا رجحان رہا۔ فوٹو: اے ایف پی/ فائل

کراچی اسٹاک مارکیٹ میں گزشتہ ہفتہ کے دوران مجموعی طور پر تیزی کا رجحان رہا۔

جس کے نتیجے میں 2 نفسیاتی حدیں عبور ہوگئیں اور کے ایس ای100انڈیکس 23600پوائنٹس کی سطح سے بھی آگے نکل گیا ، مجموعی تیزی کے باعث مارکیٹ سرمایہ 1کھرب 15ارب روپے سے زائداضافے سے 58 کھرب روپے سے بھی تجاوز کر گیا، عید الفطر کے بعد مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کی دلچسپی متوقع مثبت مالیاتی نتائج کی توقعات کے پیش نظرمنافع بخش شعبوں میں رہی، تیزی میں بیرونی سرمایہ کاروں نے اہم کردار ادا کیا، کراچی اسٹاک مارکیٹ میں گزشتہ کاروباری ہفتہ کا آغاز زبردست تیزی کے ساتھ ہوا اور یہ رجحان مسلسل 3 روز یعنی جمعرات تک دیکھا گیا تاہم جمعہ کو پرافٹ ٹیکنگ کی وجہ سے فروخت کے دباؤ کے سبب مارکیٹ دباؤ کا شکار ہوئی جس کی وجہ سے انڈیکس میں 14 پوائنٹس کی معمولی کمی دیکھنے میں آئی۔



تاہم مجموعی طور پر مارکیٹ نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا، مارکیٹ میں 3دن تیزی اور ایک اتار چڑھاؤ کے بعد مندی کا رجحان رہا، کراچی اسٹاک مارکیٹ میں گزشتہ کاروباری ہفتے کے دوران کے ایس ای 100انڈیکس میں 235.31پوائنٹس کا اضافہ ہوا جس سے انڈیکس 23237.19پوائنٹس سے بڑھ کر 23673.30 پوائنٹس پر بند ہوا، اسی طرح 325.73 پوائنٹس کے اضافے سے کے ایس ای 30انڈیکس 18076.55 پوائنٹس سے بڑھ کر 23673.30پوائنٹس ہو گیا جبکہ کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 16611.42 پوائنٹس سے بڑھ کر 16953.67پوائنٹس تک جا پہنچا۔

کراچی اسٹاک مارکیٹ میں تیزی کے سبب مارکیٹ کے سرمائے میں گزشتہ ہفتہ کے دوران 1کھرب 15ارب 96 کروڑ روپے سے زائد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ 57کھرب 13ارب 48 کروڑ 6 لاکھ 98 ہزار992روپے سے بڑھ کر 58 کھرب 29 ارب45کروڑ 4لاکھ 46 ہزار 294 روپے ہو گیا، گزشتہ ہفتے زیادہ سے کاروباری حجم 29 کروڑ90لاکھ شیئرز ریکارڈ ہوا جبکہ کم سے کم 15 کروڑ25لاکھ شیئرز رہا، اسی طرح ٹریڈنگ ویلیو7ارب سے11ارب روپے کے درمیان محدود رہی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں