اسٹار آف دی ویک کرسٹین اسٹیورٹ کا ٹام بوائے سے ٹوئی لائٹ ساگا اسٹار تک کا سفر
کرسٹین اسٹیورٹ جنہیں اب’’ٹوئی لائٹ ساگا اسٹار‘‘ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے نو اپریل 1990میں لاس اینجلس میں پیدا ہوئی۔
امریکی اداکارہ کرسٹین اسٹیورٹ جنہیں اب''ٹوئی لائٹ ساگا اسٹار'' کے نام سے بھی جانا جاتا ہے نو اپریل 1990میں لاس اینجلس میں پیدا ہوئی۔
ان کے والد امریکی ٹی وی فوکس میں پروڈیوسر اور اسٹیج مینیجر جب کہ والدہ اسکرپٹ سپروائزر تھیں۔ کرسٹین نے اداکاری کا آغاز ڈزنی چینل کی فلم ''دی تھرٹین ائیر'' میں ایک معمولی خاموش کردار سے کیا۔ اسٹیورٹ نے پہلی بارفلم ''دی سیفٹی آبجیکٹ'' میں اہم کردار ادا کیا۔ 2001میں ریلیز ہونے والی اس فلم میں انہوں نے ٹام بوائے کا کردار ادا کیا تھا۔ فلم میں کرسٹین کی اداکاری کو کافی سراہا گیا اور اسی کی بنیاد پر انہیں 2002میں فلم ''پینک روم'' میں بھی ٹام بوائے کا کردار دیا گیا۔ اس فلم نے کامیابی کے جھنڈے گاڑ دیے اور کرسٹینکو ''ینگ آرٹسٹ ایوارڈ'' کے لیے نامزد کیا گیا۔2003میںاسٹیورٹ نے فلم ''کولڈ کریک مینر'' میں ادا کارہ شیرون اسٹون کی بیٹی کا کردار ادا کیا اور ایک بار کرسٹین کی پرفارمنس پر انہیں ''ینگ آرٹسٹ ایوارڈ''کے لیے نامزد کیا گیا۔ 2004میں بچوں کی مزاحیہ ایکشن فلم ''کیچ ڈیٹ کڈ'' میں پہلی بار مرکزی کردار ادا کرنے کا موقع ملا۔ یہ فلم بھی باکس آفس پر کامیاب رہی۔ کرسٹین نے چائلڈ اسٹار کی حیثیت سے فلم ''اسپیک ''،انڈر ٹو''،''زیتھورا'' سمیت کئی ٹی وی ڈراموں میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے۔
کرسٹین پر دولت اور شہرت کے دروازے سولہ نومبر 2007 میں اس وقت کھلے جب '' سمٹ انٹر ٹینمنٹ '' نے اعلان کیا کہ اسٹیورٹ ان کی فلم '' ٹوئیلائٹ ''میں ''ازابیلا ''بیلا''سوان '' کا کردار ادا کریں گی۔ یہ فلم اسٹیفنی میئر کے خون آشام بلاؤں کی محبت پر لکھے گئے بیسٹ سیلر ناول پر بنائی گئی تھی۔ فلم میں انہوں نے رابرٹ پیٹن سن کی گرل فرینڈ کا کردار ادا کیا تھا۔ اکیس نومبر 2008 میں ریلیز ہونے والی اس فلم نے باکس آفس پر اچھا بزنس کیا لیکن کرسٹین کو فلمی ناقدین کے ملے جلے تبصروں کا سامنا کرنا پڑا کچھ ناظرین نے ''بیل'' کے کردار میں کرسٹین کی اداکاری کو سراہا تو کچھ ناقدین نے فلم میں ان کے بے تاثر چہرے کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ تاہم کرسٹین نے کسی بھی تنقید کا جواب نہ دیتے ہوئے اپنی توجہ اداکاری پر مرکوز رکھی جس کی بنا پر انہیں اسی فلم کے سیکوئیل''دی ٹوئیلائٹ ساگا:نیومون'' اور ''دی ٹوئیلائٹ ساگا:ایکلپس'' میں پھر بیلا کا کردار دیا گیا۔ جس پر ایک بار بھی مثبت اور منفی تنقید کا سامنا کرنا پڑا لیکن نومبر 2011اور 2012میں'' دی ٹوئیلائٹ ساگا:بریکنگ ڈاؤن پارٹ 1اور پارٹ 2'' کے اچھا بزنس نہ کرنے کے باوجوداسٹیورٹ کی اداکاری کو فلمی ناقدین کی جانب سے بہت سراہا گیا۔
دسمبر 2011میں انہیںامریکی جریدے فاربس کی جانب سے ''ہالی وڈ بیسٹ ایکٹرز فار دی بکس'' کی فہرست میں شامل کیا گیا۔ جون 2012میں اسٹیورٹ نے فلم''سنو وائٹ اینڈ دی ہنٹس مین'' میں ''سنو وائٹ '' کا کردار ادا کیا۔
اس فلم نے دنیا بھر میں انتالیس کروڑ ڈالر سے زاید بزنس کیا تھا۔ کرسٹین اب تک '' کڈز چوائس ایوارڈ''''ایم ٹی وی مووی ایوارڈ''،''اسکریم ایوارڈ''،''ینگ آرٹسٹ ایوارڈ'' سمیت متعدد ملکی اور غیر ملکی ایوارڈ حاصل کرچکی ہے۔
ادب سے دلچسپی رکھنے والی کرسٹین کی سب بڑی خواہش اپنی تعلیم مکمل کرنا ہے جو ان کی فلمی مصروفیات کے سبب ادھوری رہ گئی تھی ۔ اس حوالے سے کرسٹین کا کہنا ہے کہ ''میں ادب کے لیے کالج جانا چاہتی ہوں،میں ایک رائٹر بننا چاہتی ہو۔''
امریکی جریدے فاربس کے مطابق کرسٹین2012میں ہالی وڈ کی سب سے منہگی اداکارہ تھی۔ جون2011سے جون2012میں ان کی آمدنی تین کروڑ چالیس لاکھ ڈالر تھی۔ جب کہ گزشتہ مالی سال میں ہالی وڈ کی سب سے زیادہ معاوضہ لینے والی اداکاراؤں کی فہرست میں کرسٹین تیسرے نمبر پر ہیں۔ مالی سال2012 سے 2013تک انہوں دوکروڑ بیس لاکھ ڈالر معاوضہ لیا۔
حال ہی میں رابرٹ پیٹن سن کے ساتھ علیحدگی اور پاپا رازی فوٹو گرافر کے ساتھ لڑائی کی وجہ سے بھی وہ خبروں میں بہت زیادہ ''ان'' رہی ہیں۔