ورلڈ کپ ٹیبل ٹینس 5 رکنی قومی ٹیم ہنگری نہیں جاسکی

قومی کھلاڑیوں کو پی ایس بی کا این اوسی فراہم نہ کرنے پر حکام نے سفر سے روک دیا


Zubair Nazeer Khan April 21, 2019
قومی کھلاڑیوں کو پی ایس بی کا این اوسی فراہم نہ کرنے پر حکام نے سفر سے روک دیا۔ فوٹو: فائل

ورلڈ کپ ٹیبل ٹینس چیمپئن شپ میں جانے کیلیے پاکستان کی5رکنی قومی ٹینس ٹیم کوہنگری جانے سے روک دیا گیا۔

پاکستان ٹیبل ٹینس فیڈریشن کے نائب صدر سلیم احمد کے مطابق معاملہ غلط فہمی کے سبب سامنے آیا، پی ایس بی نے ہفتہ کو تعطیل کے باوجود پاکستان ٹیم کو عالمی کپ میں شرکت کا این او سی جاری کردیا ہے جبکہ ایونٹ میں پاکستان کی شرکت کو ممکن بنانے کی کوشش کی جارہی ہے۔

5 رکنی ٹیم میں 3 مرد اور 2 خواتین کھلاڑی شامل ہیں، عاصم قریشی، شاہ خان، فیضان ظہور ،شبنم بلال اورفاطمہ خان قومی اسکواڈ کا حصہ بنے ہیں، حکومتی سطح پر فنڈزجاری نہ کیے جانے پر مذکورہ کھلاڑیوں نے عالمی کپ میں خود اخراجات برداشت کرنے کی حامی بھری تھی۔

سلیم احمد کے مطابق28 اپریل تک جاری رہنے والے عالمی کپ میں شرکت کیلیے ویزوں کے سلسلے میں پی ایس بی کوخط لکھا گیا تھا، جواب کواین او سی تصورکیا گیا، روانگی کے وقت متعلقہ حکام نے این اوسی کی عدم فراہمی کی بنیاد پرٹیم کو سفرکی اجازت نہیں دی۔

واضح رہے کہ ٹیم کے ڈیلی گیٹ اور قومی فیڈریشن کے سیکریٹری احمرملک پہلے ہی ہنگری روانہ ہوچکے ہیں تاہم فیڈریشن کے صدر ایس ایم سبطین نے بوجوہ ہمراہ جانے سے معذرت کرلی ہے۔

ادھر ذرائع کے مطابق مذکورہ کھلاڑیوں کی روانگی کے حوالے سے بعض عنا صر نے امیگریشن حکام سے شکایت کی تھی کہ نجی افراد پاکستان ٹیم کی آڑ میں بیرون ملک جانے کی کوشش کررہے ہیں، ماضی میں بھی پاکستان ٹیبل ٹینس ٹیم کو بیرون ملک سفرسے روکا جاچکا ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں