نوجوان بولرز کی بھی رہنمائی کرنا اکرم کو وسیم کا مشورہ

محمد اکرم کو بولنگ کوچ مقرر کرنے کا فیصلہ دانشمندانہ ہے، وسیم اکرم


کسی غیرملکی کے بجائے ملکی کوچ کو ہی عہدہ سونپنا درست فیصلہ ہے، سابق کپتان وسیم اکرم۔ فوٹو: فائل

KARACHI: سابق عظیم پیسر وسیم اکرم نے بولنگ کوچ محمد اکرم کو نوجوان بولرز کے ساتھ بھی وقت صرف کرنے کا مشورہ دیا ہے، ان کے مطابق کسی غیرملکی کے بجائے ملکی کوچ کو ہی عہدہ سونپنا درست فیصلہ ہے۔

ٹونی آئرلینڈ کرکٹ اسٹیڈیم میں انڈر 19 ورلڈکپ فائنل کے دوران پاکستانی میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ محمد اکرم کو بولنگ کوچ مقرر کرنے کا فیصلہ دانشمندانہ لگتا ہے، بھارت نے بھی ایرک سائمنز کی خدمات حاصل کی تھیں جو زیادہ انٹرنیشنل کرکٹ نہیں کھیلے، بجائے کسی ایسے غیرملکی کے جسے پاکستانی کلچر کا کوئی علم نہ ہو اکرم کوہی بولنگ کوچ بنانا درست ہے، وہ کم سے کم پاکستانی بولرز میں ڈسپلن لائے گا ، نو اور وائیڈ بالز کے مسائل کم ہوں گے۔

انھوں نے کہا کہ اکرم کو قومی ٹیم کی مصروفیات کے بعد جونیئر بولرز کی بھی رہنمائی کرنی چاہیے،اس سے مستقبل کیلیے بولرز تلاش کرنے میں مدد ملے گی، انھوں نے کہا کہ میں اکرم سے واقف اور وہ اچھا انسان ہے ، مجھے امید ہے کہ اس نئی ذمہ داری کو بااحسن انداز میں نبھائے گا۔ ورلڈکپ میں انڈر 19 ٹیم کی کارکردگی کے سوال پر انھوں نے کہا کہ میں نے صرف اس کا ایک بھارت کیخلاف میچ دیکھا اس لیے ٹیلنٹ کے حوالے سے زیادہ تبصرہ نہیں کر سکتا۔

البتہ ایک بات میں نے نوٹ کی کہ پلیئرز فیلڈنگ میں دنیا سے خاصے پیچھے ہیں، جولین فائونٹین پاکستانی ٹیم کی اسائمنٹس سے فارغ ہونے کے بعد بجائے گھر جانے کے جونیئر کرکٹرز کے ساتھ وقت گذاریں، انھیں ڈائیونگ و سلائیڈنگ سکھائیں تب ہی کوئی بہتری ممکن ہے، وسیم اکرم نے کہا کہ روایتی حریف سے کوارٹر فائنل میں شکست کے بعد پاکستانی کھلاڑی ہمت ہار گئے اسی وجہ سے ویسٹ انڈیز اور بنگلہ دیش سے بھی ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، میں انھیں یہ مشورہ دوں گا کہ کرکٹ میں ایسے مواقع آتے رہتے ہیں، خامیوں سے سبق سیکھتے ہوئے مستقبل میں انھیں نہ دہرائیں تو کامیابیوں کا حصول ممکن ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں