سیریز ملتوی انڈر 19 کرکٹرز کے چہرے مرجھا گئے

سری لنکا کے ساتھ دورئہ جنوبی افریقہ سے قبل موزوں وقت میں میچزپربات چیت


کراچی میں کیمپ بھی ختم،کوچ ورلڈکپ کی تیاری کا موقع گنوانے پر مایوس۔ فوٹو؛ سوشل میڈیا

پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کا دورئہ سری لنکا ملتوی ہوگیا اور میزبان بورڈ نے پی سی بی کو فیصلے سے آگاہ کردیا۔

پاکستان انڈر 19ٹیم کو 2چار روزہ اور 3ون ڈے میچز کی سیریز کھیلنے کیلیے 30اپریل کو سری لنکا روانہ ہونا تھا، گزشتہ اتوار کو کولمبو میں دہشت گردوں نے کئی چرچ اور ہوٹلز سمیت 8 مختلف مقامات کو نشانہ بنایا تھا، جس کے نتیجے میں 250 سے زائد افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے، ان افسوسناک واقعات کے بعد بعض علاقوں میں کرفیو نافذ اور سری لنکا میں کرکٹ کی سرگرمیاں بھی معطل ہیں، ٹور کیلیے پاکستانی کرکٹرز کا کیمپ کراچی میں جاری رکھتے ہوئے پی سی بی نے سری لنکن بورڈ اور حکومت سے سیکیورٹی کلیئرنس مانگی تھی۔

گزشتہ روز ایک بیان میں ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ ذاکر خان نے کہاکہ سری لنکن بورڈ نے میزبانی سے معذرت کرلی ہے،متبادل تاریخوں پر غور کیا جائے گا، پاکستان انڈر19کے دورئہ جنوبی افریقہ سے قبل کسی موزوں وقت میں سیریز کروانے کیلیے دونوں بورڈز بات چیت کررہے ہیں، یاد رہے کہ گرین شرٹس 19جون سے 17جولائی تک پروٹیز کے دیس میں سرگرم ہوں گے۔

ایک سری لنکن عہدیدار نے کہا کہ دونوں بورڈز میں بات چیت جاری رہے گی، موزوں وقت کا تعین ہوتے ہی شیڈول طے کرلیا جائے گا۔ دوسری جانب دورئہ سری لنکا ملتوی ہوتے ہی کراچی میں جاری جونیئر کیمپ بھی ختم کرنے کا اعلان کردیا گیا،کرکٹرز اس پر دلبرداشتہ نظر آئے۔

ہیڈ کوچ اعظم خان نے کہاکہ ہم سیریز کیلیے بھرپور محنت کررہے تھے،کھلاڑیوں کو جونیئر ورلڈکپ کی تیاریوں کا اچھا موقع ملتا لیکن افسوس میزبان بورڈ کو موجودہ حالات کے تناظر میں ناخوشگوار فیصلہ کرنا پڑا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں