پاکستان سی پیک کے تحت مزید اقتصادی زونز کی منصوبہ بندی کر رہا ہے ہارون شریف

رشکئی خصوصی اقتصادی زون کی ڈیولپمنٹ ایک اہم سنگ میل ثابت ہو گی، صنعتی تعاون اولین ترجیح ہے


Khususi Reporter April 28, 2019
چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ سے چین کی سی آئی پی اے کے ڈی جی کی ملاقات،دو طرفہ سرمایہ کاری کے فروغ پر اتفاق۔ فوٹو: فائل

سرمایہ کاری بورڈ کے چیئرمین ہارون شریف نے کہا کہ سرمایہ کاری بورڈ پاکستان میں چینی دوستوں کی جانب سے کی جانے والی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کرتا ہے جب کہ بورڈ موجودہ 7 مخصوص اقتصادی زونز کے علاوہ چین پاکستان اقتصادی راہداری ( سی پیک) منصوبے کے تحت ملک میں مزید خصوصی اقتصادی زونز کے قیام کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔

سرمایہ کاری بورڈ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق ان خیالات کا اظہار انھوں نے چین کی انویسٹمنٹ پروموشن ایجنسی ( سی آئی پی اے) کے ڈائریکٹر جنرل لوڈیان ڑن سے بیجنگ میں ہونیوالی ملاقات میں کیا۔

اعلامیے کے مطابق اس موقع پر چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ نے سی آئی پی اے کے ساتھ سرمایہ کاری بورڈ کی مفاہمت کی یادداشت کی بحالی پر تبادلہ خیال کیا اور فریقین نے ترجیحی شعبہ جات بشمول انفارمیشن ٹیکنالوجی، ٹیکسٹائل اور زراعت پر مصنوعات کی تیاری وغیرہ میں سرمایہ کاری کے فروغ کو یقینی بنانے کے لیے دو طرفہ تعاون کے اضافے پر اتفاق کیا۔

ہارون شریف نے کہا کہ سرمایہ کاری بورڈ پاکستان میں چینی دوستوں کی جانب سے کی جانے والی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کرتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ بورڈ موجودہ 7 مخصوص اقتصادی زونز کے علاوہ چین پاکستان اقتصادی راہداری ( سی پیک) منصوبے کے تحت ملک میں مزید خصوصی اقتصادی زونز کے قیام کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔

چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ نے کہا کہ رشکئی خصوصی اقتصادی زون کی ڈیولپمنٹ اس حوالے سے ایک اہم سنگ میل ثابت ہو گی جس سے سی پیک کے تحت صنعتی تعاون پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے پہلے ہدف کی جانب پیش قدمی کی جائے گی۔

انھوں نے کہاکہ دو طرفہ صنعتی تعاون موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے جس کے تحت مخصوص اقتصادی زونز پر عملدرآمد کو رواں سال یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاری بورڈ کو مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سرمایہ کاری کی پختہ تجاویز موصول ہوئی ہیں جو پاکستان کے ترجیحی شعبوں میں سرمایہ کاری پر دلچسپی رکھتے ہیں تاکہ زراعت پر مبنی فوڈ اینڈ بیوریج کی صنعت، ویلیو ایڈڈ ٹیکسٹائل، سیاحت و میزبانی، آئی ٹی، لائٹ انجینئرنگ اور لاجسٹکس کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی استعداد سے فائدہ حاصل کیا جاسکے۔

چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ نے بتایاکہ پاکستان نے ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کی سہولتوں کے عمل کو مزید آسان بنانے کے لیے اصلاحات متعارف کرائی ہیں۔2020ء تک ہم کاروباری آسانیاں پیدا کرکے دنیا کی 100 بڑی معیشتوں میں شامل ہونے کا عزم رکھتے ہیں۔ انھوں نے کہاکہ سرمایہ کاری بورڈ نے سرمایہ کاروں کو پاکستان میں اپنے منصوبہ جات کے لیے معاونت فراہم کرنے کے حوالے سے ایک خصوصی یونٹ قائم کیا ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں