عالمی بینک کی پاکستان کو انسانوں پرسرمایہ کاری کی تجویز

ورلڈ بینک کی ’’پاکستان کے 100 سال اور مستقبل کا خاکہ‘‘ کے عنوان سے رپورٹ جاری


Khususi Reporter April 28, 2019
ورلڈ بینک کی ’’پاکستان کے 100 سال اور مستقبل کا خاکہ‘‘ کے عنوان سے رپورٹ جاری۔ فوٹو: فائل

عالمی بینک نے پاکستان کوانسانی وسائل کی ترقی میں سرمایہ کاری بڑھانے کی تجویز دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں اسٹنٹ (اپنی عمر سے کم وزن اور قد والے) بچوں کی شرح کم ہوئی ہے جو اس وقت 38 فیصد ہے لیکن اس کے باوجود یہ دنیا میں اس طرح کے بچوں کی شرح سے زائد ہے۔

عالمی بینک کی جانب سے ''پاکستان کے 100 سال اور مستقبل کا خاکہ'' کے عنوان سے جاری کردہ رپورٹ میں حکومت کو انسانی زندگیوں میں سرمایہ کاری کا مشورہ دیا گیا ہے، پاکستان میں اسٹنٹ ( اپنی عمر سے کم وزن اور قد والے) بچوں کی شرح کم ہوئی ہے جو اس وقت 38 فیصد ہے لیکن اس کے باوجود یہ دنیا میں اس طرح کے بچوں کی شرح سے زائد ہے، اسٹنٹنگ کے مسائل سے لوگوں کی قابلیتوں پر ناقابل تلافی اثرات مرتب ہوتے ہیں اور آج اس عارضے کے شکار بچوں کی وجہ سے پاکستان کے مستقبل کی افرادی قوت کو کئی سالوں تک مسائل کا سامنا ہو گا۔

عالمی بینک کے ہیومن ڈیولپمنٹ پروگرام کے حکام نے کہا ہے کہ اسٹنٹنگ صرف صحت اور نیوٹریشن کا مسئلہ نہیں بلکہ یہ معاشی مسئلہ بھی ہے کیونکہ اس کا تعلق پیداوار سے بھی ہے۔ انھوں نے کہا کہ اگر کوئی بچہ اسٹنٹ ہے تو اس کے لیے سیکھنا، قابلیتوں کو قبول کرنا اور ایک ایسے ماحول میں نشونما پانا مشکل ہوجاتا ہے جہاں محدود ملازمتیں اور مواقع دستیاب ہوں، اس کے معاشی اثرات بھی مرتب ہوتے ہیں۔ پاکستان میں اس کے منفی اثرات کا تخمینہ مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) کا 2 سے 3 فیصد ہے جس کا مطلب ہے کہ پاکستان اپنی جی ڈی پی کے ایک بڑے حصہ سے محروم ہو گا۔

عالمی بینک نے اپنی رپورٹ میں پاکستان کی پائیدار ترقی میں اضافے کیلیے انسانی وسائل پر سرمایہ کاری بڑھانے کی تجویز پیش کی ہے۔ بینک کا کہنا ہے کہ ماں اور بچے کی صحت، بچوں کی بہتر تعلیم اور خواتین کی متناسب شرکت سے خوشحالی اور پائیدار ترقی کے اہداف کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں