پرویز خٹک کے بھائی لیاقت خٹک نے صوبائی وزیر کے عہدہ کا حلف اٹھا لیا

گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان نے لیاقت خٹک سے صوبائی وزیر کے عہدہ کا حلف لیا


Shahid Hameed April 29, 2019
حلف برداری کی تقریب گورنر ہاؤس پشاور میں ہوئی فوٹو: فائل

وزیر دفاع پرویز خٹک کے بھائی اور رکن خیبر پختونخوا اسمبلی لیاقت خٹک نے صوبائی وزیر کے عہدہ کا حلف اٹھا لیا۔

وزیر دفاع اور سابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک کے بھائی لیاقت خٹک نے صوبائی وزیر کے عہدہ کا حلف اٹھا لیا۔ حلف برداری کی تقریب گورنر ہاؤس پشاور میں ہوئی۔

گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان نے رکن صوبائی اسمبلی لیاقت خٹک سے صوبائی وزیر کے عہدہ کا حلف لیا۔ تقریب میں وزیر دفاع پرویز خٹک، وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری، وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان، اسپیکر صوبائی اسمبلی مشتاق غنی سمیت صوبائی وزرا، چیف سیکرٹری محمد سلیم اور اراکین صوبائی اسمبلی شریک ہوئے۔

اٹھارویں ترمیم کے تحت عائد پابندیوں کے باعث خیبرپختونخوا کابینہ کا حجم بمعہ وزیراعلیٰ اراکین کے پی اسمبلی کی مجموعی تعداد کے 11 فیصد یا 15 تک محدود رہے گی، خیبرپختونخوا میں وزیراعلیٰ محمودخان سمیت کابینہ ارکان کی تعداد13 تھی جن میں وزیراعلیٰ محمودخان ،سینئر وزیر عاطف خان ،وزیراطلاعات شوکت علی یوسفزئی ،وزیربلدیات شہرام ترکئی ،وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا،وزیر مال شکیل خان ،وزیر زراعت محب اللہ ،وزیر معدنیات ڈاکٹر امجد علی ،وزیر خوراک حاجی قلندر لودھی ،وزیر جنگلات اشتیاق ارمڑ،وزیر برائے سی اینڈڈبلیو اکبر ایوب خان ،وزیر صحت ہشام انعام اللہ اوروزیرقانون سلطان محمد خان شامل تھے جب کہ اب لیاقت خٹک کی شمولیت سے یہ تعداد14 ہوگئی ہے۔

دریں اثناء وزیراعلیٰ کے 3 مشیر ضیاءاللہ بنگش برائے ابتدائی وثانوی تعلیم ، اجمل خان وزیر برائے قبائلی علاقہ جات اور حمایت اللہ خان برائے پانی وبجلی اور2 معاونین خصوصی عبدالکریم خان برائے صنعت اورکامران بنگش برائے آئی ٹی شامل ہیں ۔ قبائلی علاقہ جات کے21 ارکان کی آمد کے بعد صوبائی کابینہ میں مزید ایک وزیر لینے کی گنجائش پیدا ہوجائے گی جس سے کابینہ کا حجم 16 تک چلاجائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں