ایشین یوتھ گیمز فٹبال کوچ نے ناقص کھیل کا ملبہ گول کیپر پرڈال دیا

دوسرے ایشین یوتھ گیمز میں قومی جونیئر فٹبال ٹیم کے ناقص کھیل کا ملبہ کوچ نے گول کیپر پر ڈال دیا۔


ٹیم کا کمبی نیشن مناسب تھا لیکن گول کیپر مدثر یونس کی پے درپے غلطیوں کا خمیازہ بھگتنا پڑا۔ فوٹو: فائل

دوسرے ایشین یوتھ گیمز میں قومی جونیئر فٹبال ٹیم کے ناقص کھیل کا ملبہ کوچ نے گول کیپر پر ڈال دیا۔

ان کے مطابق اسی کی وجہ سے ہم فائنل8 تک رسائی حاصل کرنے میں ناکام رہے، حسن بلوچ نے وطن واپسی کے بعد نمائندہ ''ایکسپریس'' سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایونٹ کے پہلے لیگ میچ میں چائنیز تائپے کے خلاف 3-0 سے شاندار کامیابی کے بعدکھلاڑیوں کا حوصلہ اور جذبہ بڑھ گیا تھا، دوسرے مقابلے میں اچھا کھیل پیش کرنے کے باوجود جنوبی کوریا سے 2-0 کی شکست کاسامنا کرنا پڑا، ٹیم کا کمبی نیشن مناسب تھا لیکن گول کیپر مدثر یونس کی پے درپے غلطیوں کا خمیازہ بھگتنا پڑا، کوچ نے لیگ کے تیسرے اورآخری میچ میں ویتنام کے ہاتھوں2-0 کی ناکامی پر بھی گول کیپرکو مورد الزام ٹہرایا۔



انھوں نے کہا کہ دوران مقابلہ نہ جانے مدثر کو کیا ہو گیا تھا، ہاتھوں میں آنے کے باوجود گیند چھوٹتی رہی، بعد میں اس نے انتہا کر دی اور پاکستان کو سیلف گول کی رسوائی کا سامنا کرنا پڑا،اس شکست کے بعد ٹیم فائنل 8 کی دوڑ سے خارج ہوگئی، انھوں نے کہا کہ یہ میچ برابر ہونے کی صورت میں پاکستان ناک آئوٹ مرحلہ تک پہنچ سکتا تھا، ایک سوال پر کوچ نے کہا کہ قومی ٹیم کے اچھے کھیل کی تعریف حریف ٹیموں نے بھی کی، فارورڈ لائن میں جنید اور شاہد نے اپنی کارکردگی سے متاثر کیا جبکہ ڈیفینڈرز عذیر، یاسر ثقلین اور شہر یار لاسی بھی بہترین کھیل پیش کرنے میں کامیاب رہے۔

انھوں نے کہا کہ نوعمر فٹبالرز کے لیے بیرون ملک کھیلنے کا تجربہ خوشگوار رہا جو مستقبل میں ان کی کارکردگی میں بہتری کا ذریعہ بنے گا،ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ گیمز کے دوران قومی کھلاڑیوں کا رویہ مثالی رہا،دیرینہ دوست ہونے کے ناطے چینی عوام نے روایتی گرم جوشی اور محبت کا اظہارکیا،کوچ نے کہا کہ گیمز میں قومی ٹیم کی کارکردگی کے حوالے سے میں رپورٹ مرتب کر کے جلد پی ایف ایف کے حوالے کر دوں گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں