مرکز کے بعد پنجاب میں بھی نیا معاشی کھلاڑی اتارنے کا فیصلہ

وزیر اعلی کے مشیر اکرم چوہدری مستعفی اور اب ان کی جگہ ڈاکٹر سلمان شاہ کو مشیر خزانہ بنایا جائے گا، ذرائع


میاں اسلم May 14, 2019
حکومت کو ریونیو ریکوری میں کمی اور بجٹ سازی میں مشکلات کا سامنا تھا فوٹو: فائل

مرکز کے بعد پنجاب میں بھی نیا معاشی کھلاڑی اتارنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے جس کے لیے وزیر اعلی کے مشیر اکرم چوہدری مستعفی ہو گئے ہیں اور اب ان کی جگہ ڈاکٹر سلمان شاہ کو نئے ٹاسک کے لئے مشیر خزانہ بنایا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق حکومت پنجاب کو آئندہ مالی سال کے بجٹ کا چیلنج درپیش ہے، جس کے لیے پنجاب حکومت نے بجٹ سازی کے حوالے سے ماہر اقتصادیات ڈاکٹر سلمان شاہ کو ذمہ داری دینے کا فیصلہ کیا ہے، ڈاکٹر سلمان شاہ کو نئے ٹاسک کے لئے مشیر خزانہ بنایا جائے گا، جبکہ معا شی کھلاڑی کو جگہ دینے کے لیے اکرم چوہدری نے مشیر وزیر اعلی کے عہدے سے استعفی دے دیا ہے۔
وزیراعلی کے مشیروں کی آئینی تعداد پوری ہونے کے باعث ایک مشیر اکرم چوہدری سے مستعفی ہونے کی درخواست کی گئی جس پر انہوں نے اپنا استعفی حکام کو ارسال کر دیا ہے۔

آئین کے تحت وزیر اعلی پنجاب ایک وقت میں 5 مشیر رکھ سکتے ہیں، پہلے سے ہی 5 مشیر کام کر رہے تھے جس پر ڈاکٹر سلمان شاہ کو مشیر خزانہ بنانے کے لیے وزیراعلی کے مشیر اکرم چوہدری سے قلمدان واپس لیا گیا۔

حکومت کو ریونیو ریکوری میں کمی اور بجٹ سازی میں مشکلات کا سامنا تھا اور پنجاب ریونیو اتھارٹی بھی اہداف حاصل نہیں کر پائی تھی، اب سلمان شاہ اہم ٹاسک دیا جائے گا، دوسری طرف ذرائع کا کہنا ہے کہ اکرم چوہدری کو چیئرمین پنجاب فوڈ اتھارٹی بنانے کی پیشکش کی جائے گی وہ وزیر اعلی ٹاسک فورس ان پرائس کنٹرول کے چیئرمین بھی رہیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں