سیٹینل دی لاس بودیگاس

عجیب پہاڑی علاقے کے انوکھے پہاڑی گھر جو دنیا بھر کے سیاحوں کو اپنی طرف راغب کرتے ہیں


Mirza Zafar Baig May 19, 2019
عجیب پہاڑی علاقے کے انوکھے پہاڑی گھر جو دنیا بھر کے سیاحوں کو اپنی طرف راغب کرتے ہیں۔ فوٹو: فائل

یہ ہے اسپین کا ایک ایسا علاقہ جہاں ایسے عجیب اور غریب پہاڑوں کے نیچے ایسے ایسے گھر دکھائی دیتے ہیں کہ جنہیں دیکھ کر ان میں رہنے کا تو خیال آہی نہیں سکتا البتہ انہیں دیکھ کر ایسا ضرور لگتا ہے جیسے اگر ان میں رہنے کی کوشش کی گئی تو اس کوشش میں رہنے والا دم گُھٹ کر مرجائے گا۔اسپین میں قدم قدم پر عجائبات آپ کو حیران کرنے کے لیے موجود ہوں گے۔

اسپین میں جہاں آپ کو بے شمار عجائبات ملیں گے، وہیں آپ کو نہایت حیرت انگیز اور قدیم شہر Setenil de las Bodegas بھی آپ کو چونکا دے گا جہاں ایک چٹان کے نیچے ایک دو نہیں پورے 3000 نفوس بڑے اطمینان سے رہائش پذیر ہیں۔ آپ اس بات پر یقین کریں یا نہ کریں، لیکن یہ حقیقت ہے کہ اکثر لوگ اس علاقے میں رہنے کو اپنی مرضی سے ترجیح دیتے ہیں، کیوں کہ وہ قدرتی عجائبات کے رسیا ہیں اور ان کے لیے یہ تاریخی شہر اپنے اندر بے حد کشش رکھتا ہے، کیوں کہ یہ دنیا کا ایسا واحد اور منفرد مقام ہے جہاں رہنے کے لیے آپ کو کچھ تعمیر کرنے کی ضرورت نہیں رہتی، بلکہ اس کی قدرتی اور قدیم پہاڑیاں جو دیکھنے میں ایسی لگتی ہیں جیسے سروں پر گرنے والی ہیں، ان میں سے اچھا خاصا حصہ انہیں قدرتی طور پر تعمیر شدہ ہی مل جاتا ہے۔ ان حیرت انگیز مکانوں کو تعمیر کرنے کے لیے نہ تو آپ کو چھت کی ضرورت ہوگی اور نہ ہی دیواروں کی، البتہ تھوڑا بہت تعمیراتی کام کرانا ہوگا یا اس میں معمولی سی ترمیم کرنی ہوگی، باقی سب بنا بنایا مل جائے اور نہایت کم وقت میں گھر تیار ہوجائے گا۔



پھر ان پہاڑی چھجوں نے ان مکانوں کو گرمی، سردی، بارش اور برف باری سے ایسا تحفظ فراہم کررکھا ہے کہ اگر یہی مکان کہیں اور تعمیر کیے جاتے تو موسموں سے بچاؤ کے لیے انہیں کافی کام کرانا پڑتا، گرمی سردی اور برف باری کے ساتھ ساتھ بارش سے بچاؤ کے لیے بھی خصوصی انتظام کرنا پڑتا۔ ایک خیال یہ بھی ہے کہ یہاں لوگ آج سے نہیں بلکہ قبل از تاریخ سے رہ رہے ہیں اور یہ جگہ ان کی پسندیدہ رہائشی جگہ ہے جہاں سے وہ نہ کہیں جانا پسند کرتے ہیں اور نہ ہی اس کی جگہ کسی اور علاقے یا جگہ کو ترجیح دیتے ہیں۔



جنوب مغربی اسپین میں Cádiz کے صوبے میں واقع یہ قدیم ساحلی شہر جو بڑی تاریخی اہمیت کا حامل ہے۔ یہ شہر اپنے عجیب و غریب بلند پہاڑی گھروں، رہائش گاہوں اور پہاڑی عمارتوں کے حوالے سے دنیا بھر میں بہت مشہور اور معروف ہے، کیوں کہ اس کے گھر، اس کی بستیاں اور عمارتیں ان پہاڑی کناروں اور کونوں پر آگے کو نکلی ہوئی معلق چٹانوں یا پہاڑیوں کے چھجوں پر واقع ہیں۔ یہ انوکھی پہاڑی بستیاںاسی کے اوپر معلق ہیں۔ یہاں کی 2005 کی مردم شماری کے مطابق اس شہر کی آبادی لگ بھگ 3,016 نفوس پر مشتمل ہے۔ Setenil de las Bodegas نامی یہ چھوٹا سا شہر Cádiz کے شمال مشرق میں 157 کلومیٹر یا 98 میل کے فاصلے پر واقع ہے۔ اس شہر کی علیحدہ اور جداگانہ طرز تعمیر ایسی ہے جو ایک تنگ اور پتلے دریائی گڑھے کے ساتھ بنی ہوئی ہے۔ یہ شہر Rio Trejo کے ساتھ ساتھ دور تک پھیلا ہوا ہے جس کے ساتھ ساتھ کچھ مکان دریائی گڑھے کی چٹانی دیواروں یا فصیلوں پر بھی تعمیر کیے گئے ہیں جس سے ایک جانب تو قدرتی غاروں کو وسعت مل گئی ہے اور اس کے ساتھ ساتھ اوپر معلق گھروں کی تعمیر نے بھی ان میں ایک عجیب و غریب حُسن پیدا کردیا ہے جس کے نتیجے میں ایک قدرتی بیرونی دیوار یا فصیل بھی وجود میں آگئی ہے۔

Setenil نامی یہ شہر دنیا کا وہ انوکھا شہر ہے جو گوشت کی پیداوار کے حوالے سے بڑی شہرت کا حامل ہے، اس شہر کی تیار کردہ نہایت نفیس اور عمدہ پیسٹریاں بھی ساری دنیا میں پسند کی جاتی ہیں اور بڑی رغبت اور چاؤ سے کھائی جاتی ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ یہاں کے چائے خانے بھی بہت مشہور ہیں۔ اس کے علاوہ یہاں کے مضافاتی علاقوں میں واقع کھیت کھلیان اور باغات تازہ پھلوں اور قسم قسم کی سبزیوں کی فراہمی کا بھی بہت بڑا ذریعہ ہیں جن سے مقامی ضروریات بہت آسانی سے پوری کرلی جاتی ہیں۔

دورجدید کا Setenil نامی یہ شہر اصل میں ایک قدیم محصور اور محفوظ اسپینی شہر کے طرز پر بنایا گیا ہے، یہ شہر قدیم اسپینی شہر Rio Trejo کی طرز تعمیر سے متاثر ہوکر بنایا گیا تھا جو ایک بلند و بالا پہاڑ کے اوپر آباد تھا اور وہاں سے یہ شہر نیچے کے پورے علاقے کی نگرانی بھی کرتا ہے اور ایک طرح سے ساری دنیا کو یہ بھی بتاتا ہے کہ میں اس پورے علاقے کا محافظ اور نگران ہوں، کس کی مجال ہے کہ وہ میرے خطے کی طرف اور میرے رہنے والے امن پسند مکینوں کی طرف آنکھ اٹھاکر بھی دیکھ سکے۔ واضح رہے کہ Rio Trejo نامی یہ قدیم شہر رونڈا کے شمال مغرب میں واقع ہے۔ یہ اصل میں ایک مضبوط اور محفوظ پہاڑی قلعہ ہے جو اصل میں یہاں کا حفاظتی قلعہ یا نگرانی کرنے والی چوکی ہے، اس کا تعلق بارھویں صدی کے Almohad دور سے تھا۔اس جگہ کو یقینی طور پر رومی دور کے حملے کے وقت یعنی پہلی صدی عیسوی میں قبضے میں لیا گیا تھا۔ کسی زمانے میں Setenil کے بارے میں کہا جاتا تھا کہ یہ رومی شہر Laccipo کا successor یا جانشین تھا۔



لیکن بعد کے شواہد اور آثار سے یہ ثابت ہوگیا کہLaccipo اصل میں Malaga سیزر کا شہر بن گیا تھا۔ اس شہر کے قریب اور اطراف میں ان معاشروں کی آبادی کے شواہد بھی ملتے ہیں جو کسی دور میں غاروں کو اپنے مسکن بنایا کرتے تھے۔ غاروں میں رہائش پذیر ان سوسائیٹیوں میں Cueva de la Pileta نامی سوسائٹی بھی شامل ہے جو دور قدیم میں رونڈا کے مغرب میں آباد تھی۔ اس خطے میں آبادیوں اور بستیوں کے آثار بتاتے ہیں کہ یہاں انسانی آبادیاں کم و بیش 25,000 برسوں سے بھی پہلے ہوا کرتی تھیں۔ یہ بھی ممکن ہے کہ یہ اور بھی زیادہ عرصہ پہلے یہاں پائی جاتی ہوں۔ لیکن تاریخ بتاتی ہے کہ چوں کہ اس قدیم ارضی خطے میں انسانی آبادی مسلسل جاری رہی اس لیے یہاں سے پچھلی آبادیوں کے شواہد اور ثبوت خود بہ خود مٹتے چلے گئے۔

یہاں کی جانے والی ریسرچ اور تحقیق یہ بھی بتاتی ہے کہ اس شہر کا قشتالی نام ایک رومی لاطینی فقرے septem nihil سے بنا تھا جس کا مطلب تھا: سات بار کچھ نہیں۔ کہا جاتا ہے کہ یہاں چوں کہ سات بار اسپینیوں نے حملہ کیا تھا مگر یہاں کے عیسائیوں نے ان کا ڈٹ کر مقابلہ کیا تھا اور سات حملوں کے بعد ہی یہ شہر ان کے قبضے میں جاسکا تھا۔ اسپینیوں نے جب مسلسل اس شہر کا محاصرہ جاری رکھا تو آخر انہیں فتح مل گئی۔ 1484 میں جب عیسائی افواج نے اسپینی حملہ آوروں کو اپنے شہر سے واپس دھکیلا تو Setenil آخر کار چھڑا لیا گیا۔عیسائی افواج نے صرف پندرہ دنوں میں بارود سے مسلح توپ خانے کی مدد سے اس قلعے پر قبضہ کرلیا جس کے کھنڈرات آج بھی ماضی کی داستان بڑی شان و شوکت کے ساتھ سنارہے ہیں۔



Satanic نامی اس شہر کی اسٹریٹیجک اہمیت کے باعث اس فتح کا جشن بڑے پیمانے پر پورے قلعے میں منایا گیا تھا اور اس حوالے سے اس دور کی معروف تاریخی اور لوک کہانیاں آج بھی اس خطے میں بڑے شوق سے سنائی جاتی ہیں۔یہ بھی کہا جاتا ہے کہ اس قلعے کی Isabella I کا اسی محاصرے کے دوران حمل ساقط ہوگیا تھا، چناں چہ ضائع ہونے والے بچے کی یاد میں اس جگہ ایک یادگار بھی تعمیر کی گئی تھی جسے Sebastian کا نام دیا گیا تھا تاہم تاریخ میں اس واقعے کا کوئی ثبوت نہیں ملتا۔ ماضی بعید کا یہ شہر آج بھی اپنی پوری شان و شوکت کے ساتھ موجود ہے اور دنیا بھر کے سیاحوں کو اپنے انوکھے طرز تعمیر کی وجہ سے اپنی طرف مائل کرنے میں کام یاب ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں