ڈیزل و پٹرول پر ایک روپیہ لیٹر ’’کاربن اخراج ٹیکس‘‘ کی منظوری

محکمہ ایکسائز نے موٹر وہیکل رجسٹریشن اور ٹرانسفر کیلیے ’’ایکسپریس سروس ‘‘ متعارف کروانے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔


رضوان آصف May 30, 2019
محکمہ ایکسائز نے موٹر وہیکل رجسٹریشن اور ٹرانسفر کیلیے ’’ایکسپریس سروس ‘‘ متعارف کروانے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ فوٹو:فائل

محکمہ ایکسائز پنجاب کے ذریعے ڈیزل اور پٹرول پر ایک روپیہ فی لیٹر کی شرح سے ''کاربن اخراج ٹیکس'' عائد کرنے کی اصولی منظوری دے دی گئی۔

وزیر اعظم عمران خان نے گاڑیوں سے پیدا ہونے والی ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کیلیے محکمہ ایکسائز کے ذریعے ڈیزل اور پٹرول پر ایک روپیہ فی لیٹر کی شرح سے ''کاربن اخراج ٹیکس'' عائد کرنے کی اصولی منظوری دے دی ہے۔

محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن پنجاب نے مطلقہ خواتین اور 25 سال عمر تک کی یتیم بچیوں کو پراپرٹی ٹیکس میں رعایت دینے کی سفارشات وزیر اعلیٰ کو ارسال کردی ہیں جبکہ محکمہ ایکسائز نے موٹر وہیکل رجسٹریشن اور ٹرانسفر کیلیے ''ایکسپریس سروس '' متعارف کروانے کا بھی فیصلہ کیا ہے جس کے تحت 48 گھنٹوں میں سائل کی درخواست پر عملدرآمد مکمل کیا جائے گا اور اس سروس کی فراہمی کیلیے موٹر سائیکل مالکان سے 300 روپے جبکہ گاڑی مالکان سے ایک ہزار روپے ایکسپریس سروس چارجز کے طور پر وصول کیے جائیں گے۔

دریں اثنا اگست2019 میں پنجاب میں نیا پراپرٹی ٹیکس سروے کروانے کا حتمی فیصلہ کر لیا گیا ہے جس کے بعد پراپرٹی ٹیکس کی نئی شرح کا تعین کیا جائے گا ،الکوحل اور سپرٹ کی خریدو فروخت کو کرپشن فری اور قواعد وضوابط کے مطابق ریگولیٹ کرنے کیلیے موجودہ طریقہ کار کو تبدیل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

پنجاب کی ریسورس موبلائزیشن کمیٹی نے محکمہ ایکسائز کی اس بجٹ تجویز سے اتفاق کیا ہے کہ مطلقہ خواتین کو بھی رہائشی جائیداد ،یتیم بچیوں کو پراپرٹی ٹیکس میں رعایت دینے کیلیے عمر کی حد 16 سال سے بڑھا کر 25 سال کردی جائے۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے بھی اس تجویز سے اتفاق کیا ہے ۔پنجاب میں نئے پراپرٹی ٹیکس سروے کا آغاز بھی نئے مالی سال میں کردیا جائے گا جو کہ 3ماہ میں مکمل ہوگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں