سرفراز احمد ناکامیوں کو بھلا کر نئے آغاز کیلیے پُراعتماد

ناقابل پیشگوئی کے ٹیگ سے حریف خوفزدہ ہیں،چیمپئنزٹرافی فتح سے تحریک ملے گی، کپتان


AFP/Sports Desk May 31, 2019
محمد عامر مکمل فٹ ہیں، برطانوی ملکہ سے ملاقات اعزاز کی بات ہے، پاکستانی کپتان۔ فوٹو: ایکسپریس

کپتان سرفراز احمد ناکامیوں کو بھلاکر ورلڈ کپ میں نئے آغاز کیلیے پُراعتماد ہیں۔

پاکستان ٹیم مسلسل 10 روزہ میچز میں شکست کے ساتھ ورلڈ کپ میں قدم رکھ رہی ہے، البتہ کپتان سرفراز احمد کو یقین ہے کہ وہ ان ناکامیوں کو بھلاکر نئی مہم پر توجہ مرکوز رکھے گی۔

پریس کانفرنس میں سرفراز نے کہا کہ یہ درست ہے کہ ہم 10 میچز ہار چکے مگر ہمیں اس کو بھول کر ورلڈ کپ مہم کا آغاز کرنا ہوگا۔ پہلے مقابلے کے وینیو ٹرینٹ برج کی فلیٹ وکٹ اور مختصر بائونڈریز کے حوالے سے کپتان نے کہاکہ جب ہم انگلینڈ آئے اور گرائونڈ مین سے پوچھا کہ یہاں پر کتنا اسکور موزوں ہے تو ان کا جواب تھا 480، کرکٹ اب بہت تبدیل ہوچکی، پہلے 300 کے مجموعے کو کافی سمجھا جاتا تھا مگر اب ایسا نہیں ہے۔

سرفراز نے کہا کہ ناقابل پیشگوئی ہونے کا ٹیگ ایک اچھی چیز ہے، اس سے دوسری ٹیمیں خوفزدہ رہتی ہیں۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے نیوزی لینڈ کے خلاف وارم اپ میچ میں 421 رنز بنانے کے حوالے سے پاکستانی کپتان نے کہاکہ اگر آپ کسی ٹیم کو قابو کرنا چاہتے ہیں تووکٹیں حاصل کرنا ہوں گی، اسی سے ہم دبائو بڑھا سکتے ہیں۔

فاسٹ بولر محمد عامر کی فٹنس کے حوالے سے سرفراز احمد نے کہاکہ پیسر مکمل طور پر فٹ اور ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ کیلیے دستیاب ہوں گے۔ انھوں نے کہا کہ ملکہ برطانیہ سے ملاقات میرے لیے اعزاز کی بات ہے، شلوار قمیض میں ملبوس ہوکر قوم کی نمائندگی کرنے پر خوش ہوں۔

بعد ازاں غیرملکی خبررساں ادارے سے بات چیت میں سرفراز نے کہا کہ ہماری ٹیم انگلینڈ میں ہی 2برس قبل حاصل کی گئی چیمپئنز ٹرافی فتح سے تحریک حاصل کرے گی،کھلاڑی کافی پُرجوش اور بہتر نتائج کیلیے بے تاب ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں