جدید ڈیوائسزسے طرز زندگی بدلیں

یہ ’’ویئرایبل‘‘ہائی ٹیک ڈیوائسز 2015تک مارکیٹ میں دستیاب ہوں گی۔


سید بابر علی August 30, 2013
اند جدید ڈیوائسس کی مدد سے آپ کی آنکھ کلائی پر ہونے والی وائبریشن کی وجہ سے کھل جائے گی۔

سائنس کے میدان میں جہاںہر دن کا سورج ایک نئی ایجاد کے ساتھ طلوع ہوتا ہے،وہیں اس میدان میں تحقیق کرنے والوں کے دن کا اختتام ایک نئی ایجاد کی امید پر ہوتا ہے۔ اور یہی وجہ ہے کہ ہر گزرتے وقت کے ساتھ نئی ٹیکنالوجی انسان کی زندگی کو سہل سے سہل تر کرتی جارہی ہے۔

اگر ہم ایک دو دہائی پیچھے نظر ڈالیں تو اس وقت آنے والی ٹیکنالوجی کے حجم اور سائز میں دور حاضر کی نسبت زمین و آسمان کا فرق نظر آتا ہے۔ لیکن سائنس اور ٹیکنالوجی سے وابستہ ماہرین اب بھی اس کوشش میں سرکرداں ہیں کہ کسی طرح جدید آلات کو اتنا مختصراور اور سہل بنا دیا جائے جنہیں کپڑوں کی طرح پہن کے روزمرہ کے کام سر انجام دیے جاسکیں۔

''ویئرایبل'' آلات کے شعبے میں تحقیق کرنے والے سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ مارکیٹ میںایسے بہت سے آلات آچکے ہیں اور بہت سے آلات 2015تک مارکیٹ میں فروخت کے لیے پیش کر دیے جائیں گے۔ اسی موضوع پرگزشتہ دنوںسان فرانسسکو میں ہونے والی''ویئرایبل ٹیکنالوجیز کانفرنس '' میں کچھ ''ویئر ایبل''آلات کے بارے میں آگاہ کیا گیا ہے۔ 2015میں ہماری زندگی ان ''ویئر ایبل اور ہائی ٹیک ''آلات کے مرہون منت کیسی ہوگی اس کا ایک جائزہ پیش کیا جا رہا ہے۔



صبح کے سات بجے
آپ کی آنکھ کلائی پر ہونے والی وائبریشن کی وجہ سے کھل جاتی ہے۔ آپ اپنی کلائی پر موجود''لارک پرو الارم '' پر ایک نظر ڈالتے ہیں جس پر صبح سات بجے کا وقت ظاہر ہو رہا ہے۔
''لارک پرو'' ایک ایسا وائبریشن (ارتعاش) پیدا کرنے والا الارم ہے جو آپ کی شریک حیات کی نیند میں خلل ڈالے بنا صرف آپ کو نیند سے بیدار کرتا ہے۔ اس الارم کی موجد مونیشا پرکاش کا کہنا ہے کہ '' کلائی میں پہننے والا یہ الارم نہ صرف آپ کو نیند سے بیدار کرتا ہے بلکہ آپ کی نیند کے دورانیے کی بھی جانچ کر کے آپ کے اسمارٹ فون پر پیغام بھیجتا ہے کہ آپ کتنی دیر گہری نیند سوئے اور کتنی بار آپ کی آنکھ کھلی ۔''

صبح سات بج کر دس منٹ
ناشتہ بنانے سے پہلے آپ دیوار پر موجود''الٹرا وائلیٹ ریڈر '' کے سامنے اپنی پیشانی لاتے ہیں جہاں موجود '' نینو ٹیٹو'' پر آپ کے خون میں موجود شوگر کی سطح ظاہر ہوجاتی ہے۔ ذیابطیس کے مریضوں کو اس ''نینو ٹیٹو'' کی وجہ سے ہر صبح شوگر چیک کرنے کے لیے اپنی انگلی کے پوروں کو چھلنی کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔

''نینو ٹیٹو'' کی موجد اور نارتھ ایسٹرن یونیورسٹی کے بوو کالج آف ہیلتھ اینڈ سائنسز کی ایسوسی ایٹ پروفیسر ہیتھر کلارک کا کہنا ہے کہ اس کام کے لیے آپ کو بنا کسی دردسہل طریقے سے ایک نینو ٹیٹو اپنے ماتھے پر لگانا ہوگااور یہ اسی وقت ظاہر ہوگاجب آپ کی جلد پر سے ''الٹرا وائیلٹ ریز'' گذریں گی۔ ان کا کہنا ہے کہ جلد ہی''نینوٹیٹوز''مارکیٹ میں ارزاں قیمت پر دستیاب ہوں گے۔

صبح سات بج کر پندرہ منٹ

آپ واش روم میں جا کر اسمارٹ ٹوتھ برش''بیم برش''سے اپنے دانت صاف کرتے ہیں۔یہ برش آپ کے دانت صاف کرنے کی عادت کی جانچ کرنے بعد اس کا نتیجہ آپ کے اسمارٹ فون پر SMSکردیتا ہے''کل آپ چند منٹ زیادہ اور مزید بہتر طریقے سے دانت صاف کریں گے''اس اسمارٹ برش''بیم برش'' کے موجد Sonny Vu کا کہنا ہے کہ اورل ہائجین میں یہ ایک اہم پیش رفت ہے کیوں کہ دانتوں کو روزانہ مخصوص وقت تک صاف کرنا بہت ضروری ہوتا ہے لیکن ہم اس بات کا خیال نہیں رکھ پاتے۔ اور''بیم برش''آپ کو اس بات کا احساس دلاتا ہے۔



صبح سات بج کرتیس منٹ
آپ باورچی خانے میں جا کر درازوں میں سے ناشتے کا سامان نکالتے ہیں۔''Vuzix M100 ''آلہ آپ کے ناشتے میں موجود تمام چیزوں کے غذائی اجزاء سے آگاہ کرے گا۔ اس ناشتے کو آپ HAPIspoon نامی چمچے سے کھائیں گے جو اس بات کی نگرانی کرے گا کہ کہیں آپ غذا کو جلدی تو نہیںکھا رہے ہیں۔ اور ناشتہ کرنے کے سارے عمل کے نتائج آپ کو اسمارٹ فون پر موصول ہوجائیں گے۔

صبح سات بج کرچالیس منٹ
ناشتے سے فارغ ہو کر آپ اپنا وارڈ روب کھولتے ہیں ۔سب سے پہلے آپ''Diffus UV dress ''نکال کر پہنتے ہیں جو اس بات کا تعین کرے گا کہ آپ سورج کی تپش کس حد تک برداشت کر سکتے ہیں، لیکن آج ابر آلود موسم ہے لہذاآپ کو گرمی لگنے کے امکانات نہیں ہیں اب آپ اپنا ''shark-proof wetsuit'' پہنتے ہیں ۔

اس کے بعد آپ ''سینسر موڈ سوئٹر'' پہنتے ہیں جس پر جلنے والی نیلی لائٹ اس بات کی نشان دہی کر رہی ہے کہ آج آپ خوش گوارموڈ میں ہیں۔ مزاج برہم ہونے کی صورت میں یہ لائٹ سرخ ہوجاتی ہے۔
''سینسر موڈ سوئٹر'' کے موجد کے مطابق اس خصوصی سوئٹر میں وہ ہی ٹیکنالوجی استعمال کی گئی ہے جو لائی ڈیٹیکٹر''جھوٹ پکڑنے والی مشین'' میں استعمال کی جاتی ہے۔

صبح آٹھ بج کر تیس منٹ
اگر آپ دفتر جانے کے لیے موٹر سائیکل استعمال کرتے ہیں تو اسے اسٹارٹ کرنے سے پہلے حفاظتی ''Hovding hood'' کومفلر کی طرح گردن پر پہن لیں۔ کیوں کہ ہیلمیٹ پہن کر آپ اتنی محنت سے بنائے گئے ہیئر اسٹائل کو خراب نہیں کرنا چاہتے۔ کسی حادثے کی صورت میں یہ ''Hovding hood '' پھیل کر مکمل ہیلمیٹ بن جاتا ہے۔

اس ہیلمیٹ کے موجداور فیشن ٹیکنالوجسٹ Pakhchyan Syuzi کا کہنا ہے کہ ''Hovding hood'' کی خوب صورتی ہی یہی ہے کہ یہ آپ کے کالر میں با آسانی فٹ ہوجاتا ہے۔ اور حادثے کی صورت میں فوراً پھیل کرسر اور گردن کو کسی بھی مہلک چوٹ سے محفوظ رکھتا ہے۔

صبح نو سے دوپہر ایک تک
دفتر پہنچنے کے بعد آپ Dekko (ایک امریکی کمپنی جو ویژیول اسکرین بنانے والے سافٹ ویئر فراہم کرتی ہے) سے مزین آلات سے منسلک ہوجاتے ہیں جوآپ کی نظروں کے سامنے معلومات اور انٹرٹینمنٹ کی وسیع اسکرین ظاہر کر دیتے ہیں۔ Dekkoکے چیف ایگزیکٹو آفیسر Matt Miesnieks کا کہنا ہے کہ مجھے امید ہیں کہ جلد ہی لوگ ایسے ''ویئر ایبل'' آلات کی طاقت سے واقف ہو جائیں گے جو ہمارے حواس اور حسیات سے منسلک ہوں گے۔'' ان کا کہنا ہے کہ مستقبل میں ڈیکو جیسے دوسرے سافٹ ویئرز کی مدد سے لوگ عمارات کے اندر دیکھنے کے اہل ہوجائیں گے۔ واضح رہے کہ''گوگل گلاس'' کے لیے بھی سافٹ ویئر یہی کمپنی فراہم کر رہی ہے۔



دوپہر کے ایک بجے
دوپہر کے کھانے کے وقفے میں آپ جدید ہائی ٹیک اسپورٹس ویئر ''می کوچ'' پہن کر رننگ کرتے ہیں۔ مشہور امریکی اسپورٹ برانڈ''ایڈی ڈاس'' کی بنائی گئی یہ شرٹ آپ کی پرفارمنس کے نتائج فوراً آپ کے اسمارٹ فون پر بھیج دیتی ہے۔اس حوالے سے ایڈی ڈاس ویئر ایبل اسپورٹس الیکٹرونکس کے نائب صدرQaizar Hassonjee کا کہنا ہے کہ ''میں مستقبل قریب میں ملبوسات اور اسمارٹ فون کے ایک ساتھ کام کرنے کے امکانات دیکھ رہا ہوں اور اس ویئر ایبل ٹیکنالوجی سے بننے والے آلات سے ہماری روزمرہ کی زندگی میں کافی مثبت تبدیلیاں رونما ہوں گی۔

جب کہ گوگل گلاس کے ٹیسٹر اور ٹیکنالوجی کے ماہر مائیکل ڈرون کا کہنا ہے کہ صحت کاویئر ایبل ٹیکنالوجی میں اہم کردار ہے ''اگر میں حقیقتاً اپنی صحت کو مانیٹر کرنا چاہتا ہو تو سارا دن ''FitBit Flex '' پہننا پسند کروں گا اور اگر شام تک میری زیادہ کیلوریز جل گئی ہوں گی تو پھر میں ''چیز کیک'' کھائوں گا تاکہ میرے جسم میں کیلوریز کا توازن برقرار رہے۔

شام کے چھ بجے
تما م دفتری امور نمٹانے کے بعد آپ گھر جانے کی تیاری کرتے ہیں۔ کار یا بائیک چلانے سے پہلے آپ'' Misfit Shine necklace '' پہنتے ہیں۔ سفر شروع کرنے سے قبل اس کے بارہ میں سے آٹھ ڈاٹ ظاہر ہورہے ہیں جو اس بات کی نشان دہی کرتے ہیں کہ آپ نے دفتر میں اپنی سرگرمیوں کا 65 فیصد حصہ مکمل کرلیا ہے گھر پہنچنے تک پورے بارہ ڈاٹ ظاہر ہوجاتے ہیں یعنی آپ نے آج کا اپنا ٹارگٹ پورا کرلیا ہے۔



شام چھ بج کر تیس منٹ
گھر پہنچنے کے بعد آپ کو صفائی کی ضرورت بھی پیش آتی ہے اور آپ یہ کام ''Foki vacuum shoes'' کی مدد سے سر انجام دیتے ہیں ۔ ان ہائی ٹیک جوتوں کے تلوے میں لگے ویکیوم کلینر آپ کے چلنے کے ساتھ ساتھ فرش کی صفائی بھی کرتے رہتے ہیں ۔

شام کے سات بجے
گھر کی صفائی اور نہانے سے فارغ ہوکرآپ اپنے شام میں پہننے والے کپڑ ے منتخب کرتے ہیں جن میں '' Intimacy dress'' اور ''CuteCircuit K-Dress''
جیسے ہائی ٹیک کپڑے شامل ہیں۔ جو آپ کے موڈ کے حساب سے مختلف رنگ کی روشنی خارج کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

لیکن رات میں بستر پرجانے سے قبل تمام ویئر ایبل آلات بند کردیں۔ کیوں کہ رات صرف اورصرف آپ کی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں