وزیراعظم عمران خان نے ٹیم کو کھیل پر توجہ کی ہدایت کر دی بھارتی اخبار

وزیر اعظم نے کہا ہے ایسا کچھ نہ کریں جیسا بھارتی ٹیم کرتی آ رہی ہے، ہندوستان ٹائمز


Mian Asghar Saleemi June 10, 2019
جنوبی افریقا کے خلاف میچ میں دھونی نے بھارتی فوج کے نشان والے گلووز پہنے تھے (فوٹو: فائل)

وزیر اعظم عمران خان نے پاکستان کرکٹ ٹیم کو ورلڈ کپ کے بھارت کے خلاف شیڈول میچ کے دوران کسی بھی طرح کا جشن منانے سے روک دیا، 1992 ورلڈ کپ کی فاتح ٹیم کے کپتان نے گرین شرٹس کو صرف کھیل پر توجہ مرکوز رکھنے کی ہدایت کر دی ہے۔

یاد رہے کہ چند ہفتے قبل آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں بھارتی کرکٹ ٹیم نے انڈین فوج کی ٹوپیاں پہنیں اور اس کے بعد مہندر سنگھ دھونی نے انگلینڈ میں جاری عالمی کپ میں جنوبی افریقا کے درمیان ہونے والے اپنے پہلے میچ میں بھارتی فوج کے نشان والے گلووز پہنے جس پر کافی تنقید کی گئی اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے بھی دھونی کو دستانوں پر یہ بیج لگانے سے روک دیا۔ اب بھارتی اخبار ہندوستان ٹائمز نے دعوی کیا ہے کہ بھارتی ٹیم کی دیکھا دیکھی پاکستانی ٹیم نے بھی ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف میچ کے دوران ایسا ہی کچھ کرنے کی خواہش ظاہر کی لیکن وزیراعظم عمران خان نے پاکستانی ٹیم کو ایسا کرنے سے منع کر دیا ہے اور انھیں کھیل پر توجہ مرکوز رکھنے کی ہدایت کر دی ہے۔

ہندوستان ٹائمز کے مطابق پاکستان اسٹیبلشمنٹ کے ایک سینیئر آفیشل کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے ذریعے پاکستانی ٹیم کو اپنا پیغام پہنچایا ہے جس میں انھیں واضح ہدایت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ آپ کھیل سے لطف اندوز ہوں اور بھارت کے خلاف میچ کے دوران کسی طرح کی سیاسی ڈپلومیسی اور جارح پن کا مظاہرہ مت کریں۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ کھیل کو سیاست سے الگ رکھیں اور اس میں ایسا کچھ بھی مت کریں جیسا کہ بھارتی ٹیم کرتی آ رہی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں