گرین شرٹس نے کینگروز سے انتقام پر نظریں جمالیں

دونوں ٹیمیں آج ورلڈ کپ ٹاکرے میں آمنے سامنے ہوں گی، ٹاؤنٹن میں دوران کھیل بارش کا امکان


عامر کی فارم میں واپسی بھی گرین شرٹس کیلیے نیک شگون۔ فوٹو : فائل

گرین شرٹس نے کینگروز سے انتقام پر نظریں جما لیں تاہم دونوں ٹیمیں آج ورلڈکپ میچ میں مدمقابل ہوں گی۔

ورلڈکپ میں اپنی مہم کے آغاز پر پاکستان ٹیم ویسٹ انڈیز کیخلاف بیٹنگ کے فلاپ شوکی وجہ صرف 105رنز پر ڈھیر ہوئی تو کوئی توقع نہیں کررہا تھا کہ عالمی نمبر ون اور ٹائٹل فیورٹ انگلینڈ سے میچ میں فتح حاصل ہوگی۔

ہمیشہ سے ہی ناقابل یقین کارکردگی دکھانے کیلیے مشہور گرین شرٹس نے شاندارکم بیک کرتے ہوئے عمدہ بیٹنگ کے بعد بہتر بولنگ کرتے ہوئے میگا ایونٹ میں پہلی کامیابی سمیٹی،سری لنکا کیخلاف میچ بارش کی نذر ہونے کی وجہ سے ایک پوائنٹ پر اکتفا کرنا پڑا،گرین شرٹس کا چوتھا میچ بدھ کوٹاؤنٹن میں دفاعی چیمپئن آسٹریلیا کے ساتھ ہوگا۔

کینگروز نے گرین شرٹس کویو اے ای میں آخری باہمی سیریزکے پانچوں ون ڈے میچز میں ہرایا تھا، البتہ کپتان سرفراز احمد سمیت کئی اہم کھلاڑی اسکواڈ کا حصہ نہ تھے، اب پاکستان حریف کا حساب چکتا کرنے کیلیے پْرعزم ہے۔

ورلڈکپ میں آسٹریلیا نے افغانستان اور ویسٹ انڈیز کیخلاف فتوحات حاصل کیں لیکن بھارت نے بولرز کی درگت بنانے کے بعد ٹاپ آرڈر کیلیے مشکلات پیدا کرتے ہوئے پہاڑ جیسے ہدف کا دفاع کرلیا، کینگروز 1999کے بعد پہلی بار کسی ورلڈکپ میچ میں ہدف کا تعاقب کرنے میں ناکام ہوئے۔

انگلینڈ کیخلاف فتح میں جہاں پاکستان ٹیم کیلیے کئی مثبت پہلو تھے، وہیں بھارت سے میچ آسٹریلیاکو تشویش میں مبتلا کرگیا، واحد حوصلہ افزا بات الیکس کیری کی فارم تھی جنھوں نے برق رفتار ففٹی سے امیدوں کا دیا تھوڑی دیر کیلیے روشن کیا، ورلڈکپ میں ابھی تک کھیلے جانے والے 9باہمی مقابلوں میں پاکستان نے 4فتوحات حاصل کیں اور 5میں مات ہوئی۔

گزشتہ میگا ایونٹ کے کوارٹر فائنل میں بھی کینگروز 6وکٹ سے سرخرو ہوئے تھے،بدھ کے میچ میں آسٹریلوی پیس بیٹری کے سامنے پاکستانی ٹاپ آرڈر بیٹسمینوں فخرزمان، امام الحق اور بابر اعظم کا کردار اہم ہوگا، اچھا آغاز بعد میں محمد حفیظ،شعیب ملک، سرفراز احمد اور آصف علی کو کھل کر کھیلنے کا موقع فراہم کرے گا۔

گزشتہ ورلڈکپ کے کوارٹر فائنل میں شین واٹسن کو یادگار خطرناک اسپیل کرنے والے وہاب ریاض ایک بار پھرتہلکہ مچانے کیلیے بیتاب ہیں، محمد عامر کی فارم میں واپسی پاکستان کیلیے نیک شگون ہے،درمیانی اوورز میں حسن علی کا کردار اہم ہوگا، شاداب خان کینگروز کو پھنسانے کیلیے اسپن بولنگ کا جال پھیلائیں گے۔

آسٹریلوی ٹیم کو کمر کے پٹھوں میں کھچاؤ کا شکار مارکوس اسٹوئنس کی کمی محسوس ہوگی، بھارت سے میچ میں عادت کے برعکس کم اسٹرائیک ریٹ سے رنز بنانے والے ڈیوڈ وارنر بھی ہاتھ کھولنے کی کوشش کریں گے، اسٹیون اسمتھ کی اننگز ٹیم کیلیے انتہائی اہمیت کی حامل ہوگی۔

پاکستان کو گلین میکسویل سے بھی خبردار رہنا ہوگا، گذشتہ 3ون ڈے میچز میں گرین شرٹس کیخلاف 71،98اور 70کی اننگز کھیلنے والے آل راؤنڈر کھیل کا پانسہ پلٹ دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں،وہ کفایتی بولنگ سے بھی حریف کی مشکلات میں اضافہ کرسکتے ہیں،کپتان ایرون فنچ کی ماضی میں پاکستان کیخلاف کارکردگی بھی اچھی رہی ہے۔

گرین شرٹس کو مچل اسٹارک کا بھی سنبھل کر سامنا کرنا ہوگا، پیٹ کمنز ان کا ساتھ دینگے، وہ اگر ردھم میں آگئے تو ایڈم زمپا گگلی بولنگ سے بیٹنگ کیلیے مسائل پیدا کریں گے۔

ورلڈکپ کے کئی میچز بارش سے متاثر ہوچکے،ٹاؤنٹن میں گذشتہ روز بھی بارش ہوئی، میچ کے دوران کم ازکم 2بار موسم کی مداخلت کا خدشہ موجود ہے، بادلوں کی آنکھ مچولی اور پچ کی حالت کو دیکھتے ہوئے ابتدا میں پیسرز کو خاصی مدد ملنے کا امکان ہے۔

کیوی پیسر جمی نیشم نے ٹاؤنٹن کی باؤنسی پچ کا فائدہ اٹھاتے ہوئے یہاں افغانستان کی بیٹنگ لائن پرستم ڈھایا تھا،بدھ کو بھی ٹاس جیتنے والی ٹیم پہلے بولنگ کو ترجیح دے گی۔

میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے پاکستانی کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ انگلینڈ کیخلاف فتح سے ٹیم کا مورال بلند ہے۔ کینگروز کیخلاف بھی ہم اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کیلیے پْرعزم ہیں، ٹاپ آرڈر کی بہتر پرفارمنس بڑے اسکور کی بنیاد ثابت ہوگی۔

انھوں نے کہا کہ ہم ڈیوڈ وارنر، ایرون فنچ اور اسٹیون اسمتھ پر جلد قابو پانے کی کوشش کریں گے، اگر بارش کی وجہ سے اوورز میں کمی کی گئی توکنڈیشنز کو دیکھتے ہوئے پلیئنگ الیون میں تبدیلی کرسکتے ہیں، ایک روز قبل تک پچ پر گھاس موجود تھی،میچ کے دن کیا حالت ہوگی کچھ کہہ نہیں سکتے،ٹاس جیتا تو پہلے بولنگ کریں گے۔

سرفراز نے کہا کہ بارشوں کی وجہ سے ٹیموں کیلیے سیمی فائنل تک رسائی کے مواقع محدود ہوتے جا رہے ہیں،امید ہے کہ کینگروز کیخلاف میچ مکمل ہوگا اور ہم اسے جیت کر قیمتی پوائنٹس حاصل کرلیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں