بس اب اور ساتھ نہیں رہنا

مائیکل ڈگلس اور کیتھرین زیٹا جونز نے 13 سالہ رفاقت ختم کرنے کا اعلان کردیا


Ashraf Memon September 02, 2013
ئیکل ڈگلس اور کیتھرین زیٹا جونز نے تیرہ سالہ رفاقت ختم کرنے کا اعلان کردیا۔ فوٹو : فائل

ہالی وڈ میں شادی اور طلاق معمول کی بات ہے۔ مغربی معاشرے میں کسی اداکار یا ادکارہ کی شادی کا تین چار سال سے زاید عرصے تک برقرار رہنا باعث حیرت ہوتا ہے۔

یہی وجہ ہے کہ مشہور فلمی جوڑے مائیکل ڈگلس اور کیتھرین زیٹا جونز کی علیحدگی کے اعلان نے ہالی وڈ سے وابستہ افراد کو حیرت میں مبتلا کردیا ہے۔ تیرہ سال تک ساتھ رہنے والے اس جوڑے کا شمار ہالی وڈ کے کامیاب جوڑوں میں ہوتا تھا۔ اداکارہ کیتھرین زیٹا جونز کے وکیل نے بھی اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں نے یہ فیصلہ ''اپنی شادی سے متعلق معاملات کو درست کرنے'' کے لیے کیا ہے۔ اڑسٹھ سالہ ڈگلس اورتینتالیس سالہ زیٹا جونز نے اگست 2000 میں نیویارک کے پلازہ ہوٹل میںشادی کی تھی۔ شادی کی پر تعیش تقریب میں ہالی وڈ کے بڑے فلمی ستاروں سمیت کئی نامور شخصیات نے شرکت کی تھی۔

جب کہ مائیکل اور کیتھرین کی شادی نے دو جرائد ''او کے'' اور ''ہیلو'' کے درمیان ایک طویل قانونی جنگ بھی چھیڑ دی تھی۔ اس شادی کی خصوصی تصاویر کے لیے بر طانوی جریدے ''اوکے'' نے کیتھرین اور ڈگلس کو دس لاکھ پاؤنڈ ادا کرنے کا معاہدہ کیا تھا۔ مگر حریف رسالے ''ہیلو'' نے''اوکے'' کی ''خصوصی کوریج'' کے پروگرام کو تہہ وبالا کر کے رکھ دیا۔ اورتقریب میں شامل کسی مہمان یا بیرے سے تصاویر حاصل کر کے انہیں''اوکے'' سے پہلے شایع کردیا تھا۔



جس کے نتیجے میں برطانیہ میں ایک لمبی قانونی جنگ کا آغاز ہوا۔ کیتھرین اور مائیکل نے ''ہیلو'' جریدے پر پرائیویسی میں مداخلت کر نے کا الزام عاید کیا تھا۔ سات سال کی طویل قانونی جنگ کے بعد یہ کیس 2007 میں اس وقت حل ہوا جب برطانوی دارلامراء نے اپنے فیصلے جریدے ''ہیلو''کو جریدے ''اوکے'' کے رازداری میں خلل ڈالنے کا مر تکب قرار دیا۔

شادی سے قبل اس جوڑے نے ایک معاہدے پر بھی دستخط کیے تھے جس کی رو سے کیتھرین زیٹا جونز کو شادی ختم ہونے کی صورت میں ہر سال دس لاکھ پاؤنڈ ملیں گے۔ یہ معاہدہ مائیکل ڈگلس کے اصرار پر کیا گیا تھا۔ ڈگلس کی جناب سے یہ معاہدہ کرنے کی وجہ ان کی پہلی بیوی''ڈیانڈرا'' تھی کیوںکہ مائیکل کو ڈیانڈرا کو طلاق کے نتیجے میں چار کروڑ چالیس لاکھ پاؤنڈ ادا کرنے پڑے تھے۔

رواں ماہ ڈگلس نے ایک برطانوی اخبار کو دیے گئے انٹرویو میں کہا تھا کہ ''مجھے اپنی پہلی بیوی کو چھوڑنے کا بہت افسوس ہے اور میرے دل میں اس کے خلاف کوئی بات نہیں ہے، لیکن مجھے اس بات کا احساس بہت دیر سے ہوا کہ اگر اپنے ازدواجی مسائل کے حل کے لیے میرج کونسلر کے پاس جائیں توپھر آپ کی شادی برقرار رہ سکتی ہے ۔'' پچھلے دو تین سالوں سے صحت کے سنگین مسائل سے دوچار اس جوڑے کے دو بچے تیرہ سالہ ڈیلن اور دس سالہ کیرس ہیں۔دونوں میں علیحدگی کی وجہ کیتھرین کے سوتیلے بیٹے کیمرون کو قرار دیا جا رہا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔