وفاقی بجٹ عوام دشمن مہنگائی کا طوفان آئے گا ایکسپریس فورم

روپے کی قدر میں کمی خطرناک، زاہد لطیف، انڈسٹری کی حالت خراب، وحید شیخ، ضیا بانڈے


حکومت نے ابھی کوئی اچھا کام نہیں کیا، عارف جیوا، ،فراز فضل کا فورم میں اظہار خیال فوٹو: فائل

معیشت ،صنعت و تجارت کے شعبوں سے وابستہ ماہرین نے بجٹ کو عوام دشمن قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا ہے اور کہا ہے کہ اس سے مہنگائی کا طوفان آئے گا تاہم انھوں نے ملکی معیشت کو دستاویزی بنانے کیلیے اقدامات کو سراہا ہے تاہم یہ اقدمات بتدریج متعارف کرانے چاہیے تھے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ملکی تاریخ کا پہلا بجٹ ہے جو تاجروں، صنعتکاروں سمیت دیگر اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت کے بغیر تیار کرکے پیش کیا گیا ہے ، بجٹ میں بعض غیرحقیقت پسندانہ فیصلے کیے گئے ہیں جنہیں ضمنی بجٹ کے ذربعے واپس لینا پڑے گا۔

آئندہ مالی سال کے بجٹ کے سلسلے میں ایکسپریس فورم میں اظہارخیال کرتے ہوئے چیئرمین اسلام آباد اسٹاک ایکسچینج ٹاور آر ای آئی ٹی مینجمنٹ کمپنی لمیٹڈ (سابقہ اسلام آباد سٹاک ایکسچینج ) زاہد لطیف خان نے کہاکہ 2017کے بجٹ تک اسٹاک مارکیٹ مستحکم تھی۔ اس کے بعد مسلسل گرنی شروع ہوئی ڈالر کی قدر میں اضافے سے بیرونی سرمایہ کا ر مارکیٹ سے نکل گئے ، روپے کی قدر میں کمی کا سلسلہ رکنا چاہیے تھا لیکن یہ نہیں رکا جو ملک کے لیے خطرناک ہے اس سے پاکستان کے قرضے مزید بڑھیں گے۔

ماہرمعیشت ضیا بانڈے نے کہاکہ ملکی معیشت کے فروغ کے لیے حکومت کا کردارمحدود ہونا چاہیئے ، معاشی ترقی کے لیے پرائیویٹ سیکٹر کو آگے لانے کی ضرورت ہے۔

فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر عبدالوحید شیخ نے کہاکہ ہم نے حکومت کو بہت تجا ویز دی لیکن حکومت انڈسٹری کو پروموٹ کرنے کی بجائے نیچے لے آئی ہے۔

سابق چیئرمین ایسو سی ایشن آف بلڈ ر ز اینڈ ڈویلپر ز(آباد ) عارف جیوا نے کہاکہ بزنس کمیونٹی کبھی حکومت کے خلاف نہیںہو تی ، اگر حکومت اچھا کرے تو ہم اسکی تعریف کر تے ہیں لیکن اس حکومت نے ابھی تک کچھ ایسا نہیں کیا کہ انکی تعریف کی جا سکے۔

انٹرنیشنل ایونٹ آرگنائر ز ایسوسی ایشن کے چیئرمین و ایف پی سی سی آئی کے کنوینئر برائے بین الاقوامی تجارت خور شید برلاس نے کہاکہ بجٹ میں جو کچھ آیا درست نہیں ہے ، بزنس کمیونٹی کے لیے کوئی مراعات نہیں رکھی گئیں ،حکومت سمجھ نہیں پارہی کہ حالات کیا ہیں۔

ٹیکس بار ایسوسی ایشن کے سینئر نائب صدر فراز فضل نے کہاکہ حکومت کے پاس استعداد کا ر نہیں کہ وہ لاکھوں لوگوں کا ٹیکس آڈٹ کریں،حکومت فیل یا کامیاب ہے یہ بحث شروع ہو گئی ہے، پہلی مرتبہ ایسا ہوا ہے کہ ٹیکس کنسلٹنٹس اور چیمبرز کو معلوم نہیں کہ کیابجٹ آیاہے، ایسے لگتا ہے کہ اینٹی پاکستان اور اینٹی ٹیکس پیئر بجٹ ہے، ہم اس بجٹ کو مسترد کرتے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔