رانا مشہود کی امریکا جانے کی کوشش طیارے سے آف لوڈ کردیا گیا

روکے جانے پر رانا مشہود اور امیگریشن اہلکاروں کے درمیان سخت جملوں کا تبادلہ


طالب فریدی/ June 29, 2019
رانا مشہود پر یوتھ فیسٹیول میں مبینہ کروڑوں روپے کی کرپشن کا الزام ہے فوٹو: فائل

علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایف آئی اے امیگریشن نے سابق صوبائی وزیر تعلیم اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا مشہود کو امریکا جانے سے روک دیا۔

ایف ائی اے ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیر تعلیم پنجاب رانا مشہود کا نام بلیک لسٹ میں شامل ہونے کی وجہ سے انہیں غیر ملکی ایئر لائن کی امریکا جانے والی پرواز سے آف لوڈ کیا گیا۔ روکے جانے پر رانا مشہود اور امیگریشن اہلکاروں کے درمیان سخت جملوں کا تبادلہ بھی ہوا ۔ ایف آئی اے امیگریشن اہلکاروں نے رانا مشہود کو صاف بتا دیا کہ ان سے مت الجھیں نام بلیک لسٹ سے خارج کرائیں اس کے بعد جہاں چاہیں جائیں۔

ایف آئی اے امیگریشن نے نیب کو ہی رانا مشہود کی ملک سے فرار ہونے کی ناکام کوشش کے بارے مطلع کر دیا تھا تاہم بارہا رابطے کے باوجود نیب کا کوئی بھی افسر رانا مشہود کو ائرپورٹ سے لینے نہیں آیا۔ جس پر انہیں گھر جانے کی اجازت دے دی گئی۔

دوسری جانب نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ رانا مشہود کی گرفتاری کے وارنٹ جاری نہیں ہوئے اس لیے نیب ان کو گرفتار نہیں کرسکتا۔

واضح رہے کہ رانا مشہود پر یوتھ فیسٹیول میں مبینہ کروڑوں روپے کی کرپشن کے حوالے سے تحقیقات ہو رہی ہیں اور رانا مشہود اس سلسلے میں نیب میں پیش بھی ہوچکے ہیں اور نیب کی ہی درخواست پر وزارت داخلہ نے ان کا نام بلیک لسٹ میں شامل کیا۔ یہی وجہ تھی کہ ان کو امریکا جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں