وزارت پیٹرولیم نے گیس صارفین کی بلنگ کی پانچ سلیب بنادیں

قیمتوں میں اضافے کے باوجود 45 فیصد گیس صارفین پر کوئی بوجھ نہیں پڑے گا، وزارت پیٹرولیم


Zaigham Naqvi June 29, 2019
قیمتوں میں اضافے کے باوجود 45 فیصد گیس صارفین پر کوئی بوجھ نہیں پڑے گا، وزارت پیٹرولیم (فوٹو: فائل)

وزارت پیٹرولیم نے گیس کی قیمتوں میں اضافے کے بعد گھریلو صارفین کے لیے پانچ سلیبز بنادیں اور کہا ہے کہ اضافے کے باوجود 45 فیصد گیس صارفین پر کوئی بوجھ نہیں پڑے گا۔

وزارت پیٹرولیم کے ترجمان نے کہا کہ اوگرا نے آئندہ مالی سال کے لیے 541 ارب روپے کا ریونیو ٹارگٹ رکھا ہے، موجودہ گیس ٹیرف سے 144 ارب روپے کے مالیاتی خسارے کا سامنا ہوگا جس سے بچنے کے لیے گیس کی قیمتوں میں اضافہ ناگزیر تھا تاہم اضافے کے باوجود 45 فیصد گیس صارفین پر کوئی بوجھ نہیں پڑے گا۔

ترجمان نے کہا کہ گھریلو صارفین کے تحفظ کے لیے سلیبز کا ڈھانچہ تبدیل کیا گیا، 95 فیصد گھریلو صارفین کو 104 ارب روپے کی سبسڈی بھی دی جائے گی۔

ترجمان کے مطابق وزارت پٹرولیم نے گیس صارفین کے لیے پانچ سلیب بنا دی ہیں جس کے تحت پہلی سلیب میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، ایک ایم ایم بی ٹی یو گیس استعمال کرنے والوں کا بل 121 روپے ہی رہے گا جب کہ دوسری سلیب کا بل 572 سے بڑھا کر 933 روپے کر دیا گیا ہے یعنی تین ایم ایم بی ٹی یو گیس استعمال کرنے والے صارفین کے بل میں 361 روپے اضافہ کیا گیا ہے۔

تیسری سلیب میں 1406 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے یعنی 7 ایم ایم بی ٹی یو گیس کے استعمال پر بل 2305 سے بڑھا کر 3712 کر دیا گیا ہے جب کہ چوتھے سلیب میں 4406 روپے اضافہ کیا گیا ہے یعنی چوتھی سلیب کا بل 3589 روپے سے بڑھا کر 7995 روپے کر دیا گیا۔

اسی طرح پانچویں سلیب کے صارفین کا بل 13 ہزار 508 سے بڑھا کر 14 ہزار 373 روپے کر دیا گیا ہے یعنی 14 ایم ایم بی ٹی یو گیس استعمال والے صارفین کے بل میں 865 روپے اضافہ کیا گیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں