فلموں کے جہاں میں تعلیم کا فقدان

بولی وڈ اداکاروں کی اکثریت گریجو یٹ بھی نہیں


سید بابر علی September 10, 2013
بولی وڈ اداکاروں کی اکثریت گریجو یٹ بھی نہیں۔ فوٹو : فائل

RAWALPINDI: بولی وڈ بھارت کی ایسی صنعت ہے جس میں کام کرنا ہر بھارتی کی خواہش ہے۔

اور اس خواہش کی تکمیل کے لیے سینکڑوں لوگ اپنے کام دھندے ،تعلیم ادھوری چھوڑ کر معمولی سا کردار ملنے کی خواہش میں اسٹوڈیوز کے سامنے کھڑے رہتے ہیں۔ لیکن انہیں کام ملے نہ ملے لیکن ان میں سے کئی لوگ اپنی تعلیم،اپنا وقت سب برباد کردیتے ہیں۔ اور یہی وجہ ہے کہ بھارتی فلم نگری میں باصلاحیت اداکار تو بہت ہیں لیکن تعلیم یافتہ اداکاروں کی تعداد آٹے میں نمک برابر ہے۔ درج ذیل مضمون میں ہم نے بولی وڈ کے تعلیم یافتہ افراد کا احوال بیان کیا ہے۔

ودیا بالن

بولی وڈ کی خوب صورت باصلاحیت ہیروئن ا ودیا بالن اسکول کے زمانے سے ہی''مادھوری ڈکشٹ''اور''شبانہ اعظمی'' سے متاثر تھی بلکہ ان کی طرح اداکارہ بننا چاہتی تھی۔ انہوں نے سولہ سال کی عمر میں سٹ کام''ہم پانچ'' سے اداکاری کا آغاز کیا۔ لیکن والدین کے کہنے پر انہوں نے شوبز مصروفیات ترک کر کے اپنی تعلیم پر توجہ دی اور ''یونیورسٹی آف ممبئی'' سے ماسٹر اور ''سینٹ زیویئر'' کالج سے سوشیالوجی میں گریجویشن کی ڈگری حاصل کرنے کے بعد فلموں میں کام شروع کیا۔

امیتابھ بچن

بولی وڈ کے لیجنڈ اسٹار امیتابھ بچن کا نام کسی تعارف کا محتاج نہیں،ان کا شمار بولی وڈ کے ان گنے چنے اداکاروں میں ہوتا ہے جن کی اولین ترجیح اداکاری نہیں تعلیم تھی۔ زمانہ طالب علمی میں امیتابھ بچن نے کبھی اداکار بننے کا سوچا بھی نہیں تھااور ان کی تمام تر توجہ تعلیم پر ہی تھی۔ انہوں نے نینی تال کے ''شیروڈ کالج'' سے گریجویشن کیا ہے۔ گریجویشن کے بعد انہوں نے ''کروری مال کالج '' سے سائنس اور آرٹس میں ڈبل میجر کیا ہے۔ امیتابھ بچن کو آسٹریلیا کی کوئنز لینڈ یونیورسٹی نے ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری بھی دی ہے۔



امیشا پاٹیل
بلاک بسٹر فلم ''کہو نہ پیار ہے'' سے فلمی سفر کا آغاز کرنے والی امیشاپاٹیل کا شمار اسکول کی ذہین طالبات میں ہوتا تھا۔ ممبئی کے کیتھڈرل اور جان کینن اسکول سے تعلم مکمل کرنے کے بعد وہ مزید تعلیم کے لیے امریکا چلی گئیں تھیں۔ جہاں انہوں نے ''میساچیوٹس'' میں''ٹفٹس یونیورسٹی'' سے معاشیات میں گریجویشن کی ڈگری اور گولڈمیڈل بھی حاصل کیا۔ اور نہ صرف یہ بلکہ انہوں نے بوسٹن یونیورسٹی سے ''بائیو جینٹک انجینئرنگ'' کی ڈگری بھی حاصل کی ہے۔ گریجویشن کے بعد انہیں ''مورگن اسٹینلے'' میں پرکشش معاوضے پر نوکری کی پیش کش بھی ہوئی تھی تاہم انہوں یہ آفر مسترد کرکے اپنے کیرئیر کا آغاز بولی وڈ میں اداکاری سے کیا۔

پریتی زنٹا

پریتی زنٹا کا شمار بولی وڈ کی سب سے زیادہ تعلیم یافتہ اداکاراؤں میں ہوتا ہے۔ اسکول اور کالج میں پریتی کا شمار ذہین طالبات میں ہوتا تھا اور انہوں نے ہمیشہ اچھا گریڈ حاصل کیا ہے۔ زمانہ طالب علمی میں ہی پریتی زنٹا کو ''ولیم شیکسپیئر'' کے ناول اور ڈراموں سے محبت ہوگئی تھی۔ اور یہی وجہ ہے کہ انہوں نے شملہ کے کالج ''سینٹ بیڈ'' سے انگریزی ادب میں گریجویشن کیا۔ بولی وڈ کی اس خوب رو اداکارہ نے ''نفسیات'' میںبھی گریجویشن کیا ہوا ہے اور'' کرمنل سائیکالوجی'' میں ماسٹرز کی ڈگری بھی رکھتی ہیں۔



جان ابراہم
کسرتی جسم کے مالک جان ابراہم کا شمار بھی بولی وڈ کے اعلی تعلیم یافتہ امیدواروں میں ہوتا ہے۔ انہوں نے ''جے ہند کالج'' سے معاشیات میں بیچلرز اور''نارسی مون جی انسٹی ٹیوٹ آف مینیجمنٹ اسٹڈیز'' سے ایم بی اے (ماسٹر آف بزنس ایڈمنسٹریشن)'' کی ڈگری حاصل کی۔ اگر جان ابراہام اداکاری کے میدان میں قسمت نہیں آزتا تو ''میڈیا پلاننگ'' کے شعبے میں حکمرانی کر رہے ہوتے۔

سوہا علی خان
چھوٹے نواب سیف علی خان کی چھوٹی بہن اور اداکارہ ''سوہا علی خان'' کا شمار بولی وڈ کی سب سے زیادہ تعلیم یافتہ اداکاراؤں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر ہے۔ سوہا علی خان نے نئی دہلی کے ''برٹش اسکول'' اور'' آکسفورڈ'' سے جغرافیہ کی تعلیم حاصل کرنے کے بعد''لندن اسکول آف اکنامکس اینڈ پولیٹیکل سائنسز'' سے ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی ہے۔

سونو سوڈ
انڈرورلڈ پر بننے والی فلم ''شوٹ آؤٹ ایٹ وڈالا '' میں''ڈان'' کا کردار ادا کرنے والے سونوسوڈ بھی بولی وڈ کے چند تعلیم یافتہ اداکاروں میں سے ایک ہیں۔ انہوں نے ناگ پو ر کے ''یشونت راؤ چھوان انجینئرنگ کالج'' سے الیکٹرونکس انجینئرنگ میں ڈگری حاصل کی ہے۔ سونو سوڈ کو بچپن سے ہی اداکار بننے کا شوق تھا لیکن انہوں نے اس شوق کو اپنی تعلیم میں حائل نہیں ہونے دیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں