پولیس وردی میں ملبوس ملزم نے سرکاری کار چھین لی

 کارمحکمہ سروسزکی تھی جسے سابق مشیر کے بھائی چلارہے تھے،کارچھیننے والاایک کارلفٹرپولیس وردی میں اور2سادہ کپڑوں میں تھے


Sajid Rauf July 09, 2019
سفید رنگ کی کرولاماڈل 2016اوررجسٹریشن نمبرجی ایس سی877تھا،درخشاں پولیس نے جائے وقوع سے فوٹیج اور شواہد اکٹھے کرلیے فوٹو: فائل

شہر کے پوش علاقے ڈیفنس سے ایک اور سرکاری کار اسلحے کے روز پرچھین لی گئی۔

درخشاں تھانے کی علاقے ڈیفنس فیز 4 مسلم کمرشل لین 2 سے 3 مسلح کارلفٹرز نے سرکاری کار سفید رنگ کی کرولا ماڈل 2016 رجسٹریشن نمبر جی ایس سی 877 اسلحے کے زور پر چھینی اور باآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے.

اس حوالے سے ایس ایچ او درخشاں شاہجہاں لاشاری نے بتایا کہ چھینی جانے والی کار سروسزاینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈپارٹمنٹ کی تھی جسے وزیراعلی سندھ کے سابق مشیر یوسف مستوئی کے بھائی ارباب علی چلارہے تھے۔

انھوں نے بتایا کہ سر کاری گاڑی چھیننے کی واردات میں ملوث ایک کارلفٹر نے پولیس یونیفارم پہن رکھی تھی جبکہ 2 کارلفٹرز سادہ کپڑوں میں ملبوس تھے انھوں نے بتایا کہ پولیس نے جائے وقوع سے سی ٹی وی فوٹیج اور شواہد اکٹھے کرکے واقعے کی تفتیش شروع کردی ہے۔

گاڑیاں چھیننے میں اندرون سندھ اوربلوچستان کے کارلفٹرملوث ہیں

ڈی آئی جی جنوبی شرجیل کھرل نے بتایا ہے کہ جنوبی زون سے سرکاری گاڑیوں کی چوری اور چھینے جانے کی وارداتوں پر قابو پانا پولیس کے لیے بڑا چیلنج ہے، اے سی ایل سی کے قیام کے بعد یہ حکمت عملی بنائی گئی تھی جب بھی کسی ضلع میں گاڑیوں یا موٹر سائیکلوں کی چوری یا چھینے جانے کی واردات ہوگی تو مقدمہ درج کے کے تفتیش اے سی ایل سی کو بھیج دی جائے گی اور ضلع پولیس صرف ایک حد تک ہی محدود رہتی ہے انھوں نے بتایا کہ اے سی ایل سی کا نام تبدیل کر کے اینٹی وہیکل کرائم یونٹ رکھ دیا گیا ہے۔

انھوں نے بتایا کہ ضلع پولیس اب مستقل بنیاد پر اینٹی وہیکل کرائم یونٹ کے ساتھ اجلاس کر رہی ہے اور ان اجلاسوں میں بتایا گیا ہے کہ سرکاری گاڑیوں کی چوری اور چھینے کی وارداتوں میں اندرون سندھ اور بلوچستان کے کارلفٹرز ملوث ہیں، پولیس کے اعداد شمارکے مطابق رواں سال جنوبی زون میں مجموعی طور پر54 گاڑیاں چوری اور چھینی گئی ہیں جن میں سے صرف 4 گاڑیاں برآمد کی گئیں اسی طرح سائوتھ زون سے 544 موٹر سائیکلیں چوری اور چھینی گئیں جن میں سے صرف 65 موٹر سائیکلیں برآمد کی گئیں۔

اے سی ایل سی نے3گاڑیاں برآمد کرکے4گروہوں کا خاتمہ کیا

ڈی آئی جی جنوبی شرجیل کھرل نے بتایا کہ 6 ماہ کے دوران اے سی ایل سی نے3 گاڑیاں برآمد کرکے4 گروہوں کا خاتمہ کیا ہے کوشش ہے کہ جلد از جلد صورتحال پر قابو پا یا جا سکے اور اس ضمن میں ایس ایس پی کو بھی تبدیل کیا گیا اور نئے آفیسر نے نئی حکمت عملی اپنائی ہے جس کے تحت رمضان کے پورے مہینے میں ضلع پولیس اور اینٹی وہیکل کرائم یونٹ کی سخت چیکنگ کے باعث کار چوری کی وارداتوں میں نمایاں کمی آئی ہے ۔

کلفٹن اور ڈیفنس سے سرکاری گاڑیاں چھیننے کی وارداتیں نہ رک سکیں

شہرکے پوش علاقوں کلفٹن اور ڈیفنس سے سرکاری گاڑیاں چوری اور چھینے جانے کی وارداتوں کا سلسلہ جاری ہے رواں سال پوش علاقوں سے اب تک 12 سرکاری گاڑیاں چوری اورچھینی گئی ہیں جن میں سے پولیس صرف 3 گاڑیاں برآمد کرسکی، سب سے زیادہ گاڑیاں درخشان تھانے کی حدود سے اسلحے کے زور پر چھینی گئیں، رواں سال یکم جنوری سے8 جولائی تک 12 سرکاری گاڑیاں چوری اور اسلحے کے زور پرچھین لی گئی ہیں۔

19 جنوری کو درخشاں تھانے کی حدود سے سرکاری گاڑی ٹویوٹا کرولا جی ایس سی238 اور اسی تھانے کی حدود سے 7 فروری کو سرکاری گاڑی ٹویوٹا کرولا جی ایس ای 706 چھینی گئی، 20 مارچ کو درخشاں تھانے کی حدود سے سوزوکی کلٹس جی پی اے428 اسلحے کے زور پر چھینی گئی،10 فروری کو گذری تھانے کی حدود سے سرکاری گاڑی ٹویوٹا کرولا جی ایس ای062 اسلحے کے زورپرچھینی گئی اسی طرح گذری کی حدود سے 13 فروری کو سرکاری گاڑی ٹویوٹا کرولاجی ایس653 چھینی گئی۔

15 جنوری کو کلفٹن تھانے کی حدود سے سرکاری گاڑی سوزوکی پوٹوہار رجسٹریشن نمبر جی ایچ 809 چوری کی گئی، 24 اپریل کو جیکسن تھانے کی حدود سے سرکاری گاڑی ٹویوٹا کرولا جی ایس بی 946 چوری کی گئی،2 مئی کو کلفٹن تھانے کی حدود سے سرکاری گاڑی ٹویوٹا کرولا جی ایس سی859 اسلحہ کے زور پر چھینی گئی،19 مئی کو ڈیفنس تھانے کی حدود سے سرکاری گاڑی سوزوکی پوٹوھار جیپ جی ایس 3251 چوری کی گئی، 18جون کو ڈیفنس تھانے کی حدود سے سرکاری گاڑی ٹویوٹا کرولا جی ایس 250 چوری کی گئی۔

یکم جولائی کو گذری تھانے کی حدود سے سوزوکی پوٹوھاررجسٹریشن نمبر جی ایس 4939 چوری کی گئی اور 8 جولائی کو درخشاں تھانے کی حدود سے سرکاری گاڑی ٹویوٹا کرولا جی ایس سی877 اسلحے کے زور پرچھین لی گئی درخشاں تھانے کی حدود سے 4 سرکاری گاڑیاں اسلحہ کے زور پر چھینی گئیں،گذری تھانے کی حدود سے 3 سرکاری گاڑیاں چوری اور چھینی گئیں ، ڈیفنس تھانے کی حدود سے 2 سرکاری گاڑیاں چوری کی گئیں ، کلفٹن تھانے کی حدود سے 2 سرکاری گاڑیاں چوری اورچھینی گئی جبکہ جیکسن تھانے کی حدود سے ایک سرکاری گاڑی چوری کی گئی رواں سال سائوتھ زون سے چوری اور چھینی جانے والی 12 سرکاری گاڑیوں سے صرف 3 گاڑیاں برآمد کی گئی ہیں جوکہ گذری جیکسن اور ڈیفنس تھانوں کی حدود سے چوری اور چھینی گئی تھیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں