نمبر پلیٹس کی تیاری 10 کروڑ زر ضمانت پر لائسنس دینے کا فیصلہ

کمپیوٹرائز نمبر پلیٹوں میں تبدیلی کے ساتھ نئے نظام کی تجاویز تیار، لائسنس ہولڈر منافع میں سے 10 فیصد تک رقم دے گا


رضوان آصف July 13, 2019
تمام چالان صرف کمپیوٹرائزڈ پرنٹنگ کیساتھ جاری ہونگے ، ہاتھ سے لکھے چالان پر پابندی ،خلاف ورزی پر اہلکار کیخلاف کارروائی ہوگی۔ (فوٹو: فائل)

محکمہ ایکسائزپنجاب نے کمپیوٹرائز نمبر پلیٹوں کی تیاری کیلیے 10 کروڑ زر ضمانت پر لائسنس دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

محکمہ ایکسائزپنجاب نے کمپیوٹرائز نمبر پلیٹوں کی تیاری کے حوالے سے غیر معمولی تبدیلیوں کے ساتھ نئے نظام کی تجاویز تیار کر لی ہیںجن کے مطابق پلیٹ تیاری کے لائسنس شروع کرنے سے نمبر پلیٹس کی دستیابی آسان ہونے کے ساتھ ساتھ گاڑی کی نمبر پلیٹ کی قیمت میں 200 روپے تک جبکہ موٹر سائیکل نمبر پلیٹ کی قیمت میں 100 روپے تک کمی ہو سکتی ہے ،پلیٹ تیاری کا لائسنس 10 کروڑ روپے زر ضمانت پر فراہم کیا جائے گا اور تمام لائسنس ہولڈر محکمہ ایکسائز کو اپنے منافع میں سے 5 تا10 فیصد رقم مہیا کیا کریں گے۔

علاوہ ازیں سیکریٹری ایکسائز نے حکم جاری کیا ہے کہ پراپرٹی ٹیکس سمیت تمام قسم کے چالان صرف کمپیوٹرائز پرنٹنگ کے ساتھ جاری کیے جائیں گے، ہاتھ سے لکھے چالان پر پابندی ہو گی اور ایسا کرنے والے ایکسائز اہلکار کیخلاف سخت کارروائی کی جائیگی۔

قائم مقام ڈی جی ایکسائز چوہدری مسعود الحق نے سیکریٹری ایکسائز کو کمپیوٹرائز نمبر پلیٹ تیاری کے حوالے سے مجوزہ نظام کے بارے میں بریفنگ دی ہے جس کے مطابق پنجاب میں نمبر پلیٹس کی تیاری کیلیے لائسنس جاری کیے جائیں گے۔ ہر لائسنس کیلیے 10 کروڑ روپے سیکیورٹی وصول کی جائے گی جبکہ سالانہ لائسنس فیس الگ سے وصول ہو گی جو مناسب رقم کی ہو گی۔لائسنس ہولڈر پنجاب کے تمام 36 اضلاع میں اپنا دفتر قائم کرے گا جہاں سائل جا کر پلیٹ تیاری کیلیے رابطہ کر سکے گا اور وہیں سے حاصل کرے گا۔

پی سی ایس آئی آر کے تعاون سے محکمہ ایکسائز نمبر پلیٹ تیاری کیلیے میٹریل، رنگ سمیت دیگر معیار مقرر کرے گا، کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں لائسنس ہولڈر کی سیکیورٹی ضبط کر لی جائے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں