حَسین صورت کے لیے اتنی مشقت

اداکاراؤں کے لیے خوب صورت نظر آنا آسان نہیں


زنیرہ ضیاء July 21, 2019
اداکاراؤں کے لیے خوب صورت نظر آنا آسان نہیں

شوبز کی رنگین اور جادوئی دنیا کی حسینائیں جب بڑے پردے پر اپنے حُسن کے جلوے بکھیرتی ہیں تو ان کی بے تحاشہ خوب صورتی کو دیکھ کر آنکھیں چندھیا جاتی ہیں۔ مرد تو ان حسیناؤں کی خوب صورتی کو دیکھ کر آہیں بھرتے ہی ہیں خواتین بھی ان کے سحر میں مبتلا ہوجاتی ہیں اور آنکھوں سے بڑے پردے کی ان خوب صورت تتلیوں کے ہوش ربا حُسن کو داد دینے کے ساتھ دل ہی دل میں شکوہ کرتی ہیں کہ ہمیں اس خوب صورتی سے کیوں نہیں نوازا گیا۔ زندگی کی الجھنوں میں گھری ہوئی عام خواتین جب ٹی وی پر اداکاراؤں کی بے داغ اور شفاف جلد کو دیکھتی ہیں تو سوچتی ہیں کہ ہماری جلد اتنی شفاف کیوں نہیں، آخر یہ اداکارائیں کیا لگاتی ہیں کہ چاند بھی ان کے آگے شرمانے لگتا ہے اور دیومالائی کہانیوں کی شہزادیوں کی طرح نظر آنے والی ان حُسن کی دیویوں پر ہر کوئی فدا نظر آتا ہے۔

لیکن حقیقت یہ ہے کہ ہر چمکتی ہوئی چیز سونا نہیں ہوتی بالکل اسی طرح پردے پر نظر آنے والی خوب صورت اداکاراؤں کا حُسن بھی ایک سراب سے زیادہ کچھ نہیں۔ ٹی وی پر نظر آنے والی ہیروئنوں کی خوب صورتی دراصل میک اپ کی گہری تہوں کی مرہون منت ہے۔ ہزاروں روپے کا مَن بھر میک اپ چہرے پر لگانے کے بعد جب اداکارائیں اپنے حُسن کے جلوے بکھیرتی ہوئی اسکرین پر نمودار ہوتی ہیں تو انہیں دیکھ کر ہر کوئی متاثر نظر آتا ہے لیکن اگر ان اداکاراؤں کو میک اپ کے بغیر دیکھ لیا جائے تو پہچاننا بھی مشکل ہوجائے۔

اسکرین پر اپنے بے مثال حُسن اور خوب صورتی کے جلوے بکھیرتی ہوئی اداکارائیں کبھی اس بارے میں بات نہیں کرتیں کہ آخر ان کی خوب صورتی کا راز کیا ہے اور وہ کس طرح ہمیشہ خوب صورت اور جوان نظر آتی ہیں اور نہ ہی شوبز کی چکاچوند دنیا سے وابستہ اداکارائیں کبھی بھی اپنی بغیر میک اپ تصاویر مداحوں کے ساتھ شیئر کرتیں ہیں، کیونکہ انہیں معلوم ہے ان کے چہرے کی خوب صورتی اور دل کشی کی وجہ سے ہی لوگ ان کے دیوانے ہیں، یہ ان کا ہوشربا حُسن اور خوب صورت چہرہ ہی تو ہے جس پر لوگ فدا ہیں اور پیسے خرچ کرکے انہیں سنیما میں دیکھنے جاتے ہیں، لیکن اگر لوگوں نے انہیں بغیر میک اپ کے دیکھ لیا تو شاید لوگ انہیں کبھی پسند نہ کریں، لہٰذا کوئی اداکارہ نہیں چاہتی کہ اس کا اصل چہرہ لوگوں کے سامنے آئے اور لوگوں کے دلوں میں موجود اس کے حُسن کی مورتی چور چور ہوجائے۔

ویسے تو شوبز اداکارائیں اپنی بغیر میک اپ تصاویر منظرعام پر آنے نہیں دیتیں لیکن بولی ووڈ اداکارہ سونم کپور نے نہ صرف اپنی میک اپ سے قبل لی جانے والی تصویر شیئر کرائی بلکہ اپنی خوب صورتی کے راز سے پردہ اٹھاتے ہوئے لوگوں کو حقیقت سے روشناس کراتے ہوئے کہا ہے کہ ہر اداکارہ خوب صورت نہیں ہوتی اور نہ ہی اداکاراؤں کا خوب صورت اور اسٹائلش نظر آنا آسان ہے، بلکہ کیمرے کے سامنے حسین نظر آنے کے لیے ہم اداکاراؤں کو بڑی محنت کرنی پڑتی ہے۔ ہم اداکارائیں بھی بالکل عام لڑکیوں جیسی ہوتی ہیں اور ہمیں کیمرے اور میڈیا کے سامنے ہر وقت حسین نظر آنے کے لیے کتنے پاپڑ بیلنے پڑتے ہیں یہ صرف ہم ہی جانتی ہیں۔

سونم کپور نے ہر وقت خوب صورت نظر آنے کو نہایت تکلیف دہ اور دردسر قرار دیتے ہوئے کہا کہ اداکاراؤں کا ہر وقت خوب صورت نظر آنا بھی ایک دردسر ہے، شوٹنگ شروع ہونے سے یا کسی تقریب میں شرکت کرنے سے قبل ہمیں 90 منٹ تک ایک کرسی پر ٹِک کر بیٹھے رہنا پڑتا ہے جہاں آدھے درجن لوگ ہمارے بالوں پر کام کرتے ہیں تو کچھ ہمارا چہرہ حسین بنانے کی جدوجہد میں لگ جاتے ہیں، کچھ لوگ ہمارے ناخنوں کو خوب صورتی سے تراشتے ہیں تو کچھ ہماری بھنوؤں کو جاذب نظر بناتے ہیں۔ ان تمام لوگوں کی بھرپور کوشش ہوتی ہے کہ ہم دنیا کی حسین ترین خواتین نظر آئیں۔ مسلسل نوے منٹ تک بغیر ہِلے ایک کرسی پر بیٹھے رہنا نہایت تکلیف دہ ہوتا ہے لیکن ہمیں یہ سب برداشت کرنا پڑتا ہے کیوںکہ شوبز کی دنیا میں اداکاراؤں کا حسین نظر آنا لازمی ہے۔

سونم کپور نے اداکاراؤں کی خوب صورتی کے پیچھے چُھپی اصل کہانی بیان کرتے ہوئے کہا کہ ہم اداکاراؤں کو اپنی آئی بروز ہر ہفتے بنوانی پڑتی ہیں تاکہ ہماری آنکھیں ہمیشہ خوب صورت نظر آئیں۔ لوگ ہمارے چہرے کی دل کشی تو دیکھ لیتے ہیں لیکن اس کے پیچھے ہمیں کتنا درد سہنا پڑتا ہے اس سے کوئی واقف نہیں ہوتا۔ اپنی شفاف اور بے داغ جلد کی حقیقت بتاتے ہوئے سونم نے کہا کہ میری جلد بھی عام خواتین کی طرح داغ دھبوں سے بھری ہوئی ہے، میری آنکھوں کے نیچے بھی سیاہ حلقے ہیں جو مجھے دیگر خواتین کی طرح پریشان کیے رکھتے ہیں۔ اپنے چہرے پر موجود داغ دھبوں کو دور کرنے اور اپنی جلد کو ایک جیسا بنانے کے لیے مجھے میک اپ کی گہری تہوں کا سہارا لینا پڑتا ہے، آنکھوں کے سیاہ حلقے چھپانے کے لیے کئی طرح کے کنسیلر لگانے پڑتے ہیں تاکہ میری جلد کیمرے میں خوب صورت نظر آئے اتنے جتن کرنے کے بعد کہیں جاکر میں ٹی وی پر خوب صورت نظر آتی ہوں۔

اداکاراؤں کا صرف خوب صورت ہونا کافی نہیں بلکہ شوبز کی دنیا میں بنے رہنے کے لیے ان کا جوان اور اسمارٹ نظر آنا بھی ضروری ہے کیوںکہ ڈھلتی عمر کی اداکاراؤں کو کوئی بھی اپنی فلموں میں لینا نہیں چاہتا لہٰذا اداکاراؤں کو لمبے عرصے تک جوان نظر آنے کے لیے کڑی محنت کرنی پڑتی ہے۔ خود کو اسمارٹ رکھنے کے لیے اداکارائیں ورزش اور یوگا کرتی ہیں جو ان کے چہرے پر نمودار ہونے والے بڑھاپے کے اثرات کو کم کرنے میں مدد کرتا ہے اور اداکاراؤں کے بڑھاپے کے عمل کو سست کرتا ہے۔ سونم کپور کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ وہ اسمارٹ اور خوب صورت نظر آنے کے لیے روزانہ چھ بجے اٹھتی ہیں اور تقریباً ڈیڑھ گھنٹہ جم میں ورزش کرتے ہوئے گزارتی ہیں۔ نوے منٹ تک صبح کے وقت ورزش کرنے کے بعد کبھی کبھی وہ شام میں بھی ورزش کرتی ہیں۔ ایک مشہور شخصیت کو اپنی شہرت اور خوب صورتی برقرار رکھنے کے لیے بہت ٹائٹ شیڈول بنانا پڑتا ہے اور اپنی زندگی اسی شیڈول کے حساب سے گزارنی پڑتی ہے۔ ہمیں کیا کھانا ہے، کیا نہیں کھانا، کتنا کھانا ہے، کتنے بجے سونا ہے، کتنے بجے اٹھنا ہے ان تمام باتوں کا دھیان رکھنا پڑتا ہے، یہ بہت ہی محنت طلب کام ہے۔

سونم کپور نے جلد کی حفاظت کے لیے بازار میں ملنے والی مہنگی مصنوعات کے حوالے سے کہا اداکارائیں اپنی جلد کو شفاف، تروتازہ رکھنے اور چہرے کی حفاظت کے لیے عام مصنوعات کے بجائے مہنگی اور امپورٹڈ مصنوعات استعمال کرتی ہیں جن کی ہوشربا قیمتیں ہر خاتون برداشت نہیں کرسکتی۔ میرے کھانے سے زیادہ صحت بخش اجزا تو میرے فیس پیک میں ہوتے ہیں جنہیں میں اپنی جلد کو شفاف اور چمک دار بنانے کے لیے چہرے پر لگاتی ہوں۔



بولی ووڈ میں سونم کپور کو ''اسٹائل آئکون'' کہا جاتا ہے، وہ نہ صرف خوش لباس ہیں بلکہ لباس کے معاملے میں بالکل بھی سمجھوتا نہیں کرتیں۔ یہی وجہ ہے کہ ان کا لباس ان کی خوب صورت شخصیت کی بہترین عکاسی کرتا ہے اور مختلف تقریبات و دیگر مواقع پر وہ اپنے خوش نما اور مہنگے ملبوسات کی وجہ سے سب سے منفرد نظر آتی ہیں۔ لیکن لباس کا انتخاب سونم کا ذاتی فیصلہ نہیں ہوتا بلکہ اس حوالے سے انہوں نے پوری ٹیم رکھی ہوئی ہے جو یہ فیصلہ کرتی ہے کہ سونم کو کس تقریب میں کون سا لباس پہننا ہے۔ سونم کپور کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ میری ٹیم میرے لباس کا انتخاب کرتی ہے تاکہ میں مختلف تقریبات میں اور لوگوں کے درمیان دوسروں سے منفرد اور خوب صورت نظر آؤں۔ اگر ان تمام چیزوں کے بعد بھی ہماری خوب صورتی میں کوئی کمی رہ جاتی ہے تو اسے فوٹوشاپ کے ذریعے پورا کیا جاتا ہے اور اس طرح ہم اداکارائیں کیمرے میں اتنی زیادہ خوب صورت نظر آتی ہیں۔ لیکن خوب صورت نظر آنا آسان نہیں۔ ایک اداکارہ کو ہر وقت حسین نظر آنے کے لیے بہت سارے پیسے اور ایک آرمی کے ساتھ ساتھ بھرپور وقت کی ضرورت ہوتی ہے تاکہ اپنی خوب صورتی کو لمبے عرصے تک برقرار رکھ سکے۔

خوب صورت نظر آنے کیلیے صرف سونم کپور ہی ہزار جتن نہیں کرتیں بلکہ شوبز کی ہر اداکارہ اپنے حسن کو برقرار رکھنے کے لیے سو پاپڑ بیلتی ہے۔ چاہے وہ ڈمپل گرل دپیکا پاڈوکون ہو، اپنی جان لیوا مسکراہٹ سے لوگوں کو دیوانہ بنانے والی دھک دھک گرل مادھوری ڈکشٹ ہو، جھیل سی گہری آنکھوں اور خوب صورت جسمانی خدوخال والی اداکارہ بپاشا باسو ہو، 44 برس کی عمر میں بھی 25 برس کی نظر آنے والی حسینہ شلپا شیٹھی ہو یا دنیا کی حسین ترین خاتون کا خطاب جیتنے والی پریانکا چوپڑا، ہر اداکارہ اپنی خوب صورتی کو برقرار رکھنے کے لیے مہنگے میک اپ، یوگا، ورزش اور صحت بخش و متوازن غذا کا استعمال کرتی ہے۔ یہاں تک کہ کچھ اداکارائیں تو اپنے چہرے سے بڑھتی عمر کے اثرات کو چھپانے کے لیے پلاسٹک سرجری اور انجیکشن کا سہارا بھی لیتی ہیں تاکہ لمبے عرصے تک جوان و خوب صورت نظر آئیں۔

ویسے تو کوئی بھی اداکارہ اپنی بغیر میک اپ تصاویر میڈیا پر جاری نہیں کرتی لیکن ماضی میں بولی ووڈ حسیناؤں کی چند تصاویر منظر عام پر آئی تھیں جو یقیناً ان کی اجازت کے بغیر کھینچی گئی تھیں کیوںکہ ان تصاویر میں اداکارائیں بغیر میک اپ کے نظر آرہی ہیں اور اُن سے بہت مختلف لگ رہی ہیں جنہیں ہم ٹی وی پر میک اپ کی گہری تہوں اور جھلملاتے لباس میں دیکھتے ہیں۔

اداکارہ کاجول کا شمار بولی ووڈ کی کام یاب ترین اداکاراؤں میں ہوتا ہے جنہوں نے کئی برسوں تک اپنی خوب صورتی اور اداکاری سے لوگوں کے دلوں پر راج کیا، لیکن پردے پر حسین نظر آنے والی یہ اداکارہ اصل زندگی میں اتنی خوب صورت نہیں ہے جس کا ثبوت ان کی بغیر میک اپ منظرعام پر آنے والی تصاویر ہیں۔ صرف کاجول نہیں بلکہ اداکارہ رانی مکھرجی، پریانکاچوپڑا، امیشاپٹیل، شلپا شیٹھی اور بپاشا باسو سمیت متعدد اداکارائیں اپنی خوب صورتی کو بڑھانے کے لیے میک اپ آرٹسٹ کی خدمات حاصل کرتی ہیں جو اپنی مہارت سے قبول صورت نظر آنے والی ان اداکاراؤں کو دنیا کی حسین ترین خواتین بنا دیتے ہیں۔

ایک طرف تو اداکارائیں اپنی خوب صورتی میں اضافے کے لیے امپورٹڈ اور مہنگا میک اپ استعمال کرتی ہیں دوسری طرف میک اپ ماہرین کو خود کو خوب صورت بنانے کے لیے بھی خطیر رقم ادا کرتی ہیں۔ یوں اداکاراؤں کا ہر وقت حسین نظر آنا نہ صرف ان کے لیے دردسر ہوتا ہے بلکہ انہیں بہت مہنگا بھی پڑتا ہے۔ لہٰذا سونم کپور نے اپنی جلد کے حوالے سے پریشان تمام گھریلو خواتین اور لڑکیوں کو حوصلہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اداکاراؤں کی خوب صورتی حقیقی نہیں ہوتی۔ وہ تمام خواتین اور نوجوان لڑکیاں جو ہمیں ٹی وی پر دیکھ کر ہماری طرح خوب صورت نظر آنے کی خواہش کرتی ہیں میں انہیں کہنا چاہوں گی کہ کسی اداکارہ کی طرح بننے کی خواہش نہ کریں بلکہ جیسی آپ خود ہیں اور جیسی زندگی آپ کو ملی ہے اس میں خوش رہنا سیکھیں۔

جہاں ایک طرف سونم نے دیگر خواتین کو اپنی جلد کے حوالے سے مطمئن رہنے کا مشورہ دیا وہیں انہوں نے کہا کہ اسکرین پر خوب صورت نظر آنے کے فائدے بھی ہیں۔ یہ خوب صورتی ہمیں نہ صرف مزید کام کرنے کا حوصلہ دیتی ہے بلکہ خوش بھی رکھتی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں