انگلینڈ بمقابلہ آسٹریلیا دشمنی کی پرانی چنگاری پھر بھڑکنے کو تیار

ڈیڑھ صدی پرانی ایشزسیریزکاآج میزبان ٹیم کے’قلعے‘ایجبسٹن میں آغاز،آرچر باہر


AFP August 01, 2019
بال ٹیمپرنگ میں ملوث رہنے والے کرکٹرز کو شائقین کے طعنوں کا سامنا کرنا پڑے گا فوٹو: فائل

انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان دشمنی کی پرانی چنگاری پھر بھڑکنے کو تیار ہے تاہم دونوں ٹیموں میں ڈیڑھ صدی پرانی ایشز سیریز کا جمعرات کو آغاز ہوگا۔

حال ہی میں تاریخ میں پہلی بار ورلڈ کپ جیتنے والی انگلینڈ کی ٹیم اب ایشز ٹرافی سے ہوم سیزن کو ہمیشہ کیلیے یادگار بنانے کی خواہاں ہے، میچ سے ایک روز قبل ہی پلیئنگ الیون کا بھی اعلان کردیا گیا، سائیڈ انجری کے شکار جوفراآرچر کو میدان میں نہ اتارنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ٹیم کا انحصار تجربہ کار پیس جوڑی جیمز اینڈرسن اور اسٹورٹ براڈ پر ہوگا جبکہ آل رائونڈرز کرس ووئکس اور بین اسٹوکس سیم بولنگ سپورٹ کیلیے موجود ہوں گے۔

انگلینڈ کا ٹاپ 7 پہلے ہی مستحکم ہے، ایک تبدیلی جوئے روٹ کی چوتھی سے تیسری پوزیشن پر ترقی کی صورت میں ہوگی جبکہ جوئے ڈینلی اب چوتھے نمبر پر بیٹنگ کریں گے۔

دوسری جانب آسٹریلوی ٹیم19 برس میں پہلی بار انگلش سرزمین پر ایشز سیریز جیتنے کیلیے پُراعتماد ہے، اگرچہ کپتان ٹم پین نے حتمی الیون ٹاس کے موقع پر ہی ظاہر کرنے کی بات کہی تاہم امکان ہے کہ گذشتہ برس کے بال ٹیمپرنگ اسکینڈل میں ملوث تینوں کھلاڑی اسٹیون اسمتھ، ڈیوڈ وارنر اور کیمرون بینکرافٹ میدان میں اتریں گے، انھیں تماشائیوں کی فقرے بازی کا بھی سامنا کرنا پڑے گا، اسی طرح کوچ جسٹن لینگر نے عثمان خواجہ اور جیمز پیٹنسن کو کھلانے کی تصدیق کردی ہے۔

ایجبسٹن انگلینڈ کا گذشتہ کچھ عرصے سے مضبوط قلعہ بنا ہوا ہے، یہاں پر کینگروز نے 2001 سے کسی بھی فارمیٹ میں کوئی میچ نہیں جیتا، اس میں حالیہ ورلڈ کپ سیمی فائنل بھی شامل ہے، دوسری جانب انگلینڈ نے برمنگھم کے اس وینیو پر اپنے گذشتہ تمام 11 میچز میں کامیابی حاصل کی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں